سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
بھارت کی مائیکروبیل صلاحیت سے استفادہ کرنے کی پہل’ ایک دن، ایک جینوم ‘۔
Posted On:
18 NOV 2024 2:55PM by PIB Delhi
بایو ٹیکنالوجی کا محکمہ (ڈی بی ٹی ) اور بایوٹیکنالوجی ریسرچ اینڈ انوویشن کونسل (بی آر آئی سی ) نے ’ ایک دن، ایک جینوم ‘ اقدام کا آغاز کیا ہے تاکہ بھارت کی مائیکروبیل صلاحیت کی وسعت کو اجاگر کیا جا سکے۔ بھارت کے جی- 20 شیرپا اور نیتی آیوگ کے سابق سی ای او جناب امیتابھ کانت نے 9 نومبر ، 2024 ء کو نئی دلّی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف امیونولوجی (این آئی آئی ) میں بی آر آئی سی کے پہلے یومِ تاسیس کے موقع پر ’ ایک دن، ایک جینوم ‘ پہل کے آغاز کئے جانے کااعلان کیا ۔
’ ایک دن، ایک جینوم ‘ اقدام کا مقصد ، منفرد بیکٹیریا کی بھارت میں پائی جانے والی اقسام کو نمایاں کرنا اور ماحولیات، زراعت اور انسانی صحت میں ، ان کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ مائیکرو آرگنزم ، ہمارے ماحولیاتی نظام کے لیے نہایت اہم ہیں۔ یہ تمام حیاتیاتی و جغرافیائی کیمیائی سرکل ، مٹی کی تشکیل، معدنیات کی تطہیر، نامیاتی فضلے اورمضر آلودگی کے خاتمے کے ساتھ میتھین گیس کی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مجموعی طور پر ، یہ ہماری زمین پر توازن برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ زراعت میں، یہ غذائی اجزاء کے سائیکل ، نائٹروجن کی تثبیت، مٹی کی زرخیزی کو برقرار رکھنے، کیڑوں اور گھاس پھوس کو قابو کرنے اور دباؤ کے خلاف ردعمل میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ مائیکرو آرگنزم پودوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کر کے ، غذائی اجزاء اور پانی کے حصول میں ، ان کی معاونت کرتے ہیں۔ یہ انسانی جسم کا لازمی حصہ ہیں۔ انسانی جسم میں مائیکروبیل خلیات کی تعداد انسانی خلیات سے زیادہ ہے۔ یہ ہمارے ہاضمے، مدافعتی نظام اور حتیٰ کہ دماغی صحت کے لیے ضروری ہیں۔ تمام متعدی بیماریاں بنیادی طور پر مضر مائیکرو آرگنزم کی وجہ سے ہوتی ہیں، جب کہ غیر مضر مائیکرو آرگنزم بیماریوں کے خلاف ہماری مدافعت کے لیے ناگزیر ہیں۔
جینوم سیکوینسنگ مائیکروبیل دنیا کی پوشیدہ صلاحیت کو وسیع پیمانے پر کمیونٹی کے سامنے ظاہر کرنے کی اجازت دے گی۔ سیکوینسنگ کے ڈاٹا کا تجزیہ مختلف اہم خامروں، اینٹی مائیکروبیل مزاحمت، بایو ایکٹیو مرکبات وغیرہ کی جینوم میں شامل صلاحیتوں کی شناخت کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ اس میدان میں تحقیق ، ماحول کے بہتر تحفظ اور بندوبست ، زراعت میں فروغ اور انسانی صحت کی بہتری کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
یہ اقدام بایوٹیکنالوجی کے محکمے کے ایک ادارے بایوٹیکنالوجی ریسرچ اینڈ انوویشن کونسل-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بایومیڈیکل جینومکس (بی آر آئی سی – این آئی بی ایم جی ) کے ذریعے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ، ایک مکمل تشریح شدہ بیکٹیریو لوجیکل جینوم کو عوام کے لیے آزادانہ دستیابی کے ساتھ جاری کرنا ہے، جو ملک میں الگ کیا گیا ہو۔ اس کے ساتھ ایک تفصیلی گرافیکل خلاصہ، انفوگرافکس اور جینوم اسمبلنگ/وضاحت کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ یہ دستاویزات مائیکروبس کے سائنسی اور صنعتی استعمال کے بارے میں بصیرت فراہم کریں گی۔ نتیجتاً، مائیکروبیل جینومکس کا ڈاٹا عوام، سائنسی محققین اور ماہرین کے لیے زیادہ قابل رسائی ہو جائے گا، جس سے مباحثے اور اختراع کو فروغ حاصل ہو گا۔ اس سے براہ راست کمیونٹی اور ماحولیاتی نظام کو فائدہ پہنچے گا۔
***
) ش ح – ا گ - ع ا )
U.No. 2583
(Release ID: 2074290)
Visitor Counter : 19