امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
حکومتِ ہند کے محکمہ امورِ صارفین نے ضلع اور ریاستی صارف کمیشنوں میں خالی آسامیوں کا جائزہ لیا
صارف کمیشنوں میں خالی آسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر پُر کرنے کے لئے محکمہ کی سیکریٹری کا زور
Posted On:
15 NOV 2024 1:16PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کے صارفین کے امورکے محکمے کی طرف سے ملک بھر میں ضلع اور ریاستی صارف کمیشنوں میں خالی آسامیوں کی موجودہ ہیئت کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا گیا۔ یہ اجلاس محکمہ امورِ صارفین کی سیکریٹری محترمہ ندھی کھیرے کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے متعلقہ محکموں کے پرنسپل سیکریٹریوں، ڈائریکٹروں اور سینئر افسروں نے شرکت کی۔
سیکریٹری موصوفہ نے صارفین کے تنازعات اور معاملات کو بروقت اور مؤثر طریقے سے نمٹانے کے لئے خالی اسامیوں کو جلد ازجلد پُر کرنے کی ضرورت اجاگر کی۔ انہوں نے صارف کمیشنوں میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے اہل امیدواروں کی تقرری کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔ یہ اقدام حکومت کی اس عزم کے تحت کیا گیا ہے کہ صارفین کی شکایات کو تیزی اور مؤثر طریقے سے حل کیا جائے۔ سیکریٹری نے تمام ریاستوں اور یونین ٹریٹریز کے نمائندوں سے درخواست کی کہ وہ ان عہدوں کو پُر کرنے کو ترجیح دیں، اور کہا کہ صارف کمیشنوں کی مؤثر فعالیت، صارف کے حقوق کے تحفظ اور خدمات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
اجلاس میں ملک بھر میں خالی آسامیوں کے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اکتوبر 2024 تک، ریاستی اور ضلع صارف کمیشنوں میں صدر اور رکن کے عہدوں پر بڑی تعداد میں خالی آسامیاں موجود ہیں۔ ریاستی کمیشنوں میں صدر کے 18 اور اراکین کے 56 عہدے خالی ہیں۔ اسی طرح سے ضلع کمیشنوں میں صدر کے 162 اور اراکین کے 427 عہدے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ یہ بات واضح ہوگئی کہ صارف کمیشنوں کی خالی آسامیوں میں پچھلے برسوں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، البتہ تمام تر کوششوں کے باوجود یہ صورت حال برقرار ہے۔ سیکریٹری موصوفہ نے ان بڑھتی ہوئی خالی آسامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے درخواست کی کہ وہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے فوری اقدام کریں۔
صارفین تحفظ ایکٹ 2019 کی سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے، اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، انہوں نے ایکٹ کے سیکشن 32 کی طرف توجہ دلائی، جس کے تحت اگر ضرورت ہو تو کسی دوسرے ضلع کمیشن کو اضافی چارج دیا جا سکتا ہے تاکہ ضلع صارف کمیشن فعال رہیں۔
اجلاس کے دوران ریاستوں اور یونین ٹریٹریز کے ساتھ ایک نتیجہ خیز بات چیت ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خالی آسامیوں کو پر کرنا ضروری ہے تاکہ سماعتوں میں تاخیر سے بچا جا سکے اور مقدمات کے بیک لاگ کو کم کیا جا سکے، جو صارف کے انصاف پر اثر انداز ہوتا ہے۔ وزارت اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر صارف کمیشنوں میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے ایک مؤثر، شفاف اور غیر جانبدار عمل کو یقینی بنایا جائے۔ یہ اقدام، وزارت کے صارف کی شکایات کے حل کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں کارکردگی کو بڑھانا ہے۔
******
ش ح۔ش ا ر۔ ول
Uno- 2509
(Release ID: 2073640)
Visitor Counter : 9