نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

دھرم بھارتی ثقافت کا سب سے بنیادی تصور ہے: نائب صدر جمہوریہ


نائب صدر نے کہا کہ جب ہمدردی، بھائی چارے، رواداری، عدم تشدد، شائستگی، نیکی جیسے تمام لفظ یکجا ہو جاتے ہیں تو سناتن  تشکیل پاتا ہے: وی پی

ویدک  جاپ ہمارے آباؤ اجداد کی گہری روحانی دانش مندی کی زندہ کڑی ہے

بھارتی ثقافت کی منفرد خصوصیت تنوع میں اتحاد ہے: نائب صدر

نائب صدر نے بنگلورو میں ’نمہ شوایا‘ پریانات میں مجمع سے خطاب کیا

Posted On: 26 OCT 2024 2:58PM by PIB Delhi

 نائب صدر جمہوریہ ہند جناب جگدیپ دھنکھڑ نے آج کہا کہ دھرم بھارتی ثقافت کا سب سے بنیادی تصور ہے جو زندگی کے تمام پہلوؤں کی رہ نمائی کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دھرم راستے اور منزل اور مقصد کی نمائندگی کرتا ہے، جس کا اطلاق خدا ئی ہستیوں سمیت وجود کے تمام شعبوں پر ہوتا ہے اور راستباز زندگی گزارنے کے لیے یوٹوپیائی آئیڈیل کے بجائے عملی طور پر کام کرتا ہے۔ سناتن کا مطلب ہمدردی، بھائی چارے رواداری، عدم تشدد، بہادری، محدودیت، نیکی ہے اور جب یہ تمام خصوصیات ایک لفظ میں یکجا ہوتی ہیں تب سناتن وجود میں آتا ہے۔

بنگلورو، کرناٹک میں سورنا بھارتی مہوتسو کے حصے کے طور پر سرینگری شری شاردا پیٹھم کے ذریعے منعقدہ ’نمہ شوایا‘ پریان میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ جناب جگدیپ دھنکھڑ نے ’’منتر کاسموپولس‘‘ کو ایک نایاب اور شاندار واقعہ قرار دیا جو ذہن، دل اور روح کو گہرائی سے جوڑتا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ویدک جاپ، انسانیت کی سب سے قدیم اور مسلسل زبانی روایات میں سے ایک ہے، یہ ہمارے آباؤ اجداد کی گہری روحانی حکمت کے لیے ایک زندہ کڑی کے طور پر کام کرتا ہے۔ ان مقدس منتروں کی عین مطابق تال، ردھم اور ارتعاش ایک طاقتور گونج پیدا کرتے ہیں جو ذہنی سکون اور ماحولیاتی ہم آہنگی لاتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ویدک منتروں کی منظم ساخت اور جاپ کے پیچیدہ قواعد قدیم علما کی سائنسی نفاست کے غماز ہیں۔ تحریری ریکارڈ کے بغیر محفوظ کی گئی یہ روایت بھارتی ثقافت کی قابل ذکر صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ نسلوں میں زبانی طور پر علم منتقل کرتی ہے، جس میں ہر حرف ریاضیاتی ہم آہنگی میں احتیاط سے بیان کیا جاتا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی ثقافت کی نمایاں خصوصیت تنوع میں اتحاد ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مختلف روایات کے امتزاج کے ذریعے پیدا ہوا ہے۔ اس سفر نے عاجزی اور عدم تشدد کی اقدار کو فروغ دیا ہے۔ بھارت اپنی شمولیت میں بے مثال ہے اور اتحاد کے احساس کے ساتھ پوری انسانیت کی نمائندگی کرتا ہے۔ بھارتی ثقافت کا الہی جوہر اس کی عالمگیر ہمدردی میں مضمر ہے، جسے ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ کے فلسفے میں بیان کیا گیا ہے۔ انھوں نے بھارت کو ہندو مت، سکھ مت، جین مت اور بدھ مت جیسے بڑے مذاہب کی جائے پیدائش کے طور پر تسلیم کیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے ماضی میں متعصب ذہنوں کی طرف سے ہماری ثقافت کو تباہ کرنے، ہماری ثقافت کو داغدار اور خراب کرنے اور ہمارے ثقافتی تانے بانے کو تباہ کرنے کی کوششوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قوم زندہ رہی ہے کیوں کہ ہماری ثقافت ناقابل تسخیر ہے۔ آدی شنکراچاریہ کی آسانی سے قابل فہم تعلیمات کے ذریعے بھارتی ثقافت کو متحد کرنے اور مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے جناب دھنکھڑ نے کہا کہ ہم بھارتی روحانیت اور فلسفے کی لازوال روایات کے احیا کے لیے آدی شنکراچاریہ جی کے بہت بڑے قرض دار ہیں۔

بنگلورو کے پیلس گراؤنڈ میں پرایان یعنی ’نمہ شوایا‘کا ذکر کرتے ہوئے جناب دھنکھڑ نے کہا کہ یہاں موجود ہر شخص ہماری ثقافت کا محافظ، سفیر اور پیدل سپاہی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ پریان اس اعتماد کا اظہار ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو فخر کے ساتھ جاپ کرنے کی اپنی دیرینہ روایت سے روشناس کرائیں گے اور یہ تقریب بھارت کی ثقافتی اور روحانی دولت کی عکاسی کرتی ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دولت کے حصول کو لاپروائی  یا خود غرض نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اگر دولت کی تخلیق کو انسانی بہبود کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے تو یہ ضمیر کو پاک کرتی ہے اور خوشی دیتی ہے۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کاروباری اخلاقیات کو روحانی اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا جانا چاہیے، اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ دھرم سب کے ساتھ انصاف، سب کے لیے منصفانہ سلوک، سب کے لیے مساوات پر مبنی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دھرم کے تحت چلنے والے سماج میں عدم مساوات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

اس موقع پر صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم اور نئی اور قابل تجدید توانائی کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی، جل شکتی اور ریلوے کے وزیر مملکت جناب وی سومنا، جگدگرو شنکراچاریہ شری شری ودھوشیکھر بھارتی مہاسوامی جی، شری شری شنکر بھارتی مہاسوامی جی، شری شری برہمانند بھارتی مہاسوامی جی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

نائب صدر کے خطاب کا مکمل متن یہاں پڑھیں : https: //pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2068418

***

(ش ح – ع ا)

U. No. 1782


(Release ID: 2068491) Visitor Counter : 52