وزارتِ تعلیم
جناب دھرمیندر پردھان نے میکویری یونیورسٹی، سڈنی میں میکویری پارک انوویشن ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا
جناب دھرمیندر پردھان نے پورے آسٹریلیا میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبہ و طالبات سے بات چیت کی
جناب دھرمیندر پردھان نے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، سڈنی میں یو ٹی ایس مور پارک کا دورہ کیا
تحقیقی تعاون آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان تال میل کی بنیاد ہے – جناب دھرمیندر پردھان
Posted On:
25 OCT 2024 5:22PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے آسٹریلیا کے سڈنی کی میکویری یونیورسٹی میں میکویری پارک انوویشن ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور صدر پروفیسر ایس بروس ڈاؤٹن اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔
جناب دھرمیندر پردھان نے اس بات کی دریافت کی کہ یونیورسٹی کس طرح محققین اور کاروباری افراد کو اپنے خیالات وضع کرنے اور پیمائش کرنے میں مدد کرتی ہے۔ انہوں نے پڑھائی کا جامع تجربہ فراہم کرنے کے واسطے صنعت کے ماہرین اور کمیونٹیز کے ساتھ تال میل استوار کرنے کے لیے یونیورسٹی کے منفرد انداز کی ستائش کی۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی ہندوستانی تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے مضبوط انڈسٹری - اکیڈمی روابط جدت طرازی کو فروغ دینے اور طلبہ و طالبات کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے بہت اہم ہیں۔
بعد میں، جناب دھرمیندر پردھان نے گروپ آف ایٹ کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں پورے آسٹریلیا میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبہ و طالبات سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ روبوٹکس، کیمیکلز، ایسٹرو فزکس، سپر کنڈکٹیویٹی، مینوفیکچرنگ میں اے آئی کا استعمال، ہیلتھ کیئر، میڈ- ٹیک، موسمیاتی تبدیلی، پانی کے نظم اور شہری منصوبہ بندی کے موضوعات میں جدید تحقیق پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے تحقیقی تعاون کو آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان تال میل کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بصیرت انگیز بات چیت سے انہیں غور و فکر کرنے کے لئے متعدد نکات فراہم ہوئے ہیں اور وہ اس بات کے بھی قائل ہوئے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر اور گہرے تحقیقی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا اور ہندوستان کے مستقبل کی تعمیر میں حوصلہ مندی سے کردار ادا کرنے کےلئے آسٹریلیا میں موجود تمام ہندوستانی طلبہ و طالبات کی ستائش اور حوصلہ افزائی کی۔
جناب دھرمیندر پردھان نے یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز (یو این ایس ڈبلیو)کے کیمپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے 75 سال مکمل ہونے پر یو این ایس ڈبلیوکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی طلبہ و طالبات یو این ایس ڈبلیوکے قیام کے تیسرے سال سے ہی اس میں زیر تعلیم ہیں۔ جناب دھرمیندر پردھان نے یو این ایس ڈبلیو کے مختلف اسکولوں کے ذریعہ تیار کردہ اسٹارٹ اپس کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ان کی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں دریافت کیا اور جدت اور تبدیلی کے حوالے سے ان کے شوق اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کے لئے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے تیار کردہ حلول کو ہندوستانی سماج اور مارکیٹ کےموزوں بنائیں۔ انہوں نے یو این ایس ڈبلیومیں زیر تعلیم ہندوستانی طلبہ و طالبات سے بھی بات چیت کی۔
وزیرموصوف نے یو ٹی ایس مور پارک کا دورہ کیا، جو کہ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، سڈنی میں واقع کھیلوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آسٹریلیا میں اپنی نوعیت کا پہلا نمونہ ہے جہاں کھیلوں سے متعلق یونیورسٹی کے پروگراموں کو کھیلوں کی اعلیٰ ترین سہولیات کے ساتھ نافذ کیا جاتا ہے، جس سے کھیلوں کے نظم، کھیلوں کی تحقیق اور صحت سے متعلق جامع تعلیمی تجربے کے لیے زرخیز بنیاد فراہم ہوتی ہے۔ انہوں نے جدید کھیلوں کانظم اور تحقیقی پروگراموں کے التزام کے لیے یو ٹی ایس اور ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان ممکنہ شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ شراکت کو فروغ دینے کی اہم پہل کے تحت ، جناب دھرمیندر پردھان 22 سے 26 اکتوبر 2024 تک آسٹریلیا کے دورے پر ہیں۔ اس دورے سے تعلیمی میدان میں باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون، شراکت اور ہم آہنگی کو فروغ ملنے کی امید ہے۔ اس ہفتے کے اوائل میں جناب دھرمیندر پردھان نے 20-21 اکتوبر تک، سنگاپور کا دورہ کیا اور ہنر پر مبنی تعلیم اور تحقیق میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے مقصد سے وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم، وزیر تعلیم اور دیگر معززین سے ملاقاتیں کیں۔
*****
(ش ح۔م ش ع۔ش ہ ب)
U-No. 1743
(Release ID: 2068194)