قومی انسانی حقوق کمیشن
انسانی حقوق کے قومی کمیشن (این ایچ آر سی ) نے مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں سرکاری کے زیرِ انتظام ہاسٹل کے پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران کرنٹ لگنے سے دو طلباء کی مبینہ موت کا از خود نوٹس لیا
الزام ہے کہ ہاسٹل کے سپرنٹنڈنٹ نے انہیں پانی کے ٹینک کی صفائی کا حکم دیا تھا
این ایچ آر سی نے حکومت مدھیہ پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے
Posted On:
30 SEP 2024 2:49PM by PIB Delhi
بھارت کے انسانی حقوق کے قومی کمیشن (این ایچ آر سی) نے مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں 25 ستمبر ، 2024 ء کو سرکار کے زیر انتظام ہاسٹل کے سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران ، دو طلباء کی مبینہ طور پر کرنٹ لگنے سے موت کے بارے میں ایک میڈیا رپورٹ کا از خود نوٹس لیا ہے۔ 26 ستمبر ، 2024 ء کو شائع ہونے والی میڈیا کی خبروں کے مطابق، طلباء پانی کے ٹینک میں صفائی کرتے وقت پانی کے پمپ سے جڑے ہوئے ایک بجلی کے تار کی زد میں آگئے۔ گاؤں والوں نے انہیں ٹینک میں مبینہ طور پر پڑا ہوا دیکھا اور اس کی اطلاع ہاسٹل انتظامیہ کو دی۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اگر خبر درست ہے تو اس سے متاثرہ طلباء کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش پیدا ہوتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایسا لگتا ہے کہ ہاسٹل انتظامیہ نے ، ان نوجوان لڑکوں کو ایسا خطرناک کام کرنے کا حکم دے کر غیر حساسیت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔
لہٰذا، کمیشن نے مدھیہ پردیش حکومت کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ، دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ اس میں پولیس تحقیقات کی موجودہ صورتِ حال اور اگر کوئی معاوضہ دیا گیا ہے تو متاثرہ خاندانوں کو دی جانے والی معاوضے کی رقم کی تفصیلات بھی پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ ’’
******************
( ش ح ۔ م ع ۔ ع ا )
U.No. 641
(Release ID: 2060295)
Visitor Counter : 33