نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav g20-india-2023

‘وِکست بھارت’ ایک عوامی تحریک ہے جو صرف لوگوں کی شراکت سے ہی وجود میں آئی ہے: انوراگ سنگھ ٹھاکر

Posted On: 25 SEP 2024 4:15PM by PIB Delhi

پونے، 25 ستمبر 2024

ممبر پارلیمنٹ (لوک سبھا) جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے زور دے کر کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہندوستانی نوجوانوں کو نہیں روک سکتی، جو ترقی یافتہ ہندوستان یا وکست بھارت کی تعمیر کے لیے تیار ہیں۔ وہ آج پونے کے فرگوسن کالج میں ‘وکست بھارت امبیسڈر- یووا کنیکٹ’ پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے، جہاں وہ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، جناب ٹھاکر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی شرکت ملک کے مستقبل کو سنوارے گی۔

اپنے کلیدی خطاب کے دوران، جناب انوراگ ٹھاکر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فرگوسن کالج نہ صرف علم کا مرکز ہے بلکہ اس نے محب وطن، دانشور، لیڈر، سماجی مصلح اور ملک کے دو وزیر اعظم بھی پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ موجودہ طلباء اس وراثت کے وارث ہونے کے ساتھ ساتھ قوم کے موجودہ اور مستقبل کے معمار بھی ہیں۔

اپنی پریزنٹیشن میں،جناب انراگ ٹھاکر نے 2014 سے متعارف کرائی گئی مختلف سرکاری اسکیموں کے ساتھ ساتھ آنے والے سالوں کے لیے طے شدہ منصوبوں اور سرگرمیوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے طالب علموں کو لکھپتی دیدی یوجنا جیسے اقدامات ، جس کا مقصد خواتین کو معاشی آزادی اور خود اعتمادی فراہم کرنا ہے، اور قبائلیوں کو سماج کے مرکزی دھارے میں ضم کرنے کے لیے جاری دیگر کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح کسانوں کو خود انحصار بنانا اور صحت، نقل و حمل اور دیگر شعبوں میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔

جناب انوراگ ٹھاکر نے جن دھن یوجنا پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس نے تمام ہندوستانیوں کو بینک کھاتہ کھولنے اور حکومت سے براہ راست فائدہ کی منتقلی حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل مالیاتی لین دین میں اضافہ ڈیجیٹل انڈیا اسکیم کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔ جعلی راشن کارڈ کی واپسی اور رضاکارانہ طور پر ایل پی جی کی رعایتوں کو ترک کرنا حکومت کے اقدامات کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بجلی، نل کے پانی کے کنکشن، صحت کی سہولیات اور گیس کنکشن کی فراہمی اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عام شہری مرکزی حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

جناب ٹھاکر نے یہ بھی تبصرہ کیا کہ ہندوستان نے ایک ترقی یافتہ ذہنیت کے حق میں غلامانہ ذہنیت کو مسترد کر دیا ہے، جس کی مثال خلائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ‘گتی شکتی’ جیسے اقدامات سے ملتی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان نہ صرف اپنا دفاعی سازوسامان تیار کر رہا ہے بلکہ اسے برآمد کرنے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔ میک ان انڈیا کی کامیابی کے بعد، انہوں نے پیش گوئی کی کہ اگلا آئی فون ہندوستان میں ‘ڈیزائن ان انڈیا’ پہل کے تحت تیار کیا جائے گا۔

جناب انوراگ ٹھاکر نے طلباء کے ساتھ بھی بات چیت کرتے ہوئے مسابقتی امتحانات، کام کی جگہ پر تناؤ اور حادثات، نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال، دیہی ترقی کی اہمیت، دفاعی شعبے میں این جی اوز کا کردار، عالمی کامیابی کے لیے ضروری خصوصیات، کھیلوں کا شعبہ اور بے روزگاری کےچیلنجز جیسے موضوعات پر ان کے سوالات کے جوابات دیے۔

جناب انوراگ ٹھاکر نے ‘ایک پیڑ ماں کے نام’ پہل کے ایک حصے کے طور پر کالج کے احاطے میں پودا لگانے میں بھی حصہ لیا اور طلباء کے ساتھ کرکٹ کے کھیل کا لطف اٹھایا۔

صنعت کار ڈاکٹر سدھیر مہتا، جو اس موقع پر ‘یوتھ آئیکن’ کے طور پر موجود تھے، نے کہا کہ ہر شہری وکست بھارت کے وزیر اعظم کے ویژن میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے تعلیم، طب، الیکٹرک گاڑیوں اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پونے کی تیز رفتار ترقی کے بارے میں بات کی۔ دکن ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر جناب پرمود راوت بھی کالج کے عہدیداروں، اساتذہ اور طلباء کے علاوہ معززین  کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر طلباء نے  نوجوانوں کے امور اورکھیلوں کی وزارت سے‘مائی بھارت’ پورٹل کے بارے میں جامع معلومات حاصل کیں۔

‘وکست بھارت امبیسڈر - یووا کنیکٹ’ پہل کے تحت، مہاراشٹر کے مختلف کالجوں کے طلباء کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ ترقی یافتہ ہندوستان کے حصول میں نوجوانوں کی شراکت اور ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا جا رہا ہے۔

********

ش ح۔ ف ا ۔ف ر

 (U: 473)



(Release ID: 2058946) Visitor Counter : 10


Read this release in: English , Hindi , Marathi