جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav g20-india-2023

ہندوستان اور یوروپی یونین پائیدارآبی نظم میں تعاون کو مضبوط بنانے  پر متفق


مشرقی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی تعاون کی دریافت کرنے کی شروعات

Posted On: 18 SEP 2024 3:49PM by PIB Delhi

ہندوستان اور یورپی یونین (ای یو) نے آج نئی دہلی میں منعقدہ 8ویں انڈیا واٹر ویک کے موقع پر 6 ویں یوروپی یونین-انڈیا واٹر فورم میں پائیدارآبی نظم میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے پائیدار سرمایہ کاری کو فروغ دے کر ریور بیسن مینجمنٹ، جدت طرازی کے فروغ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں تعاون کو بہتر کرنے کا عہد کیا۔ اس فورم نے مشرقی افریقہ کے آبی ذخائر جیسے  وکٹوریہ جھیل اور تنگانیکا جھیل کے مشکلات سے نمٹنے کے لیے مشرقی افریقہ، ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان سہ فریقی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ، جس سے ہندوستان اور یورپی یونین کی مشترکہ صلاحیت کوفائدہ پہنچے گا۔

انڈیا- ای یوواٹر پارٹنرشپ (آئی ای ڈبلیو پی) 2016 میں قائم ہوئی، جس کا مقصد پانی کے نظم  میں تکنیکی، سائنسی اور پالیسی فریم ورک کو بہتر بنانا  ہے۔ آئی ای ڈبلیو پی ، جو فی الحال مرحلہ III میں ہے، ریور بیسن مینجمنٹ، موسمیاتی لچک، شہری سیلاب اور واٹر گورنینس  جیسے اہم شعبوں میں مؤثر اور پائیدار حل تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

آئی ای ڈبلیو پی کے تحت، یورپی یونین اور ہندوستان  تاپی اور رام گنگا ندی کے بیسن  پر ریورمینجمنٹ کے لیے تال میل  کر رہے ہیں۔ فیز III کے تحت، پارٹنرشپ  کوششوں کو برہمپترا جیسے دیگراہم بیسن  تک وسعت دی جائے گی۔ دونوں خطوں نے مشترکہ طور پر 37.4 ملین یورو (ای یو23.4 ملین یورو + انڈیا 14 ملین یورو) کی فنڈنگ سے پانی کے ساتھ 7 تحقیقی اور اختراعی منصوبوں میں تعاون کیا ہے۔ جس میں ای یو اور ہندوستان کے 743 شرکاء کو اکٹھا کیا گیا ہے۔ یہ پروجیکٹس پینے کے پانی کو صاف کرنے، گندے پانی کی صفائی، اور اصل وقت کی نگرانی اور کنٹرول کے نظام پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، اور آئی ای ڈبلیو پی سے ہندوستان میں پانی کی ان جدید تکنیکوں  کو بازار میں لے جانے کے لیے   مدد ملے گی۔

اس اعلیٰ تاثیر کے  فورم میں  ہندوستان اور یورپی یونین کے سرکاری مندوبوں، پالیسی سازوں، ماہرین اور کاروباری اداروں کو پانی کے اہم چیلنجوں سے نمٹنے اور جدید تکنیکی حل تیار کرنے کے لیے ایک ساتھ جمع کیا گیا۔ جل شکتی کے وزیر مملکت ڈاکٹر راج بھوشن چودھری، سکریٹری (جل شکتی)، محترمہ دیباشری مکھرجی؛ چیئرمین، سینٹرل واٹر کمیشن، جناب کشویندر ووہرا؛ اور ہندوستان میں یورپی یونین کے سفیرجناب ہیرو ڈیلفن نے مکمل اجلاس کے دوران آبی تعاون کے تئیں اپنے مشترکہ عزم کی تصدیق کی۔

ڈاکٹر راج بھوشن چودھری نے پارٹنرشپ کی حصولیابیوں  کی ستائش کی اور اس بات پر زور دیا کہ انڈیا -یورپی یونین آبی شراکت داری نے ہندوستان  میں آبی وسائل کے جامع انتظام کے لیے وزارت جل شکتی کی وضع کردہ حکمت عملیوں کی حمایت کرتے ہوئے ہندوستان کے آبی شعبے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0017DSQ.jpg

جناب ہیرو ڈیلفن نے کہا، ’’یورپی یونین اور ٹیم-یورپ کو8ویں انڈیا واٹر ویک میں شامل ہونے پر خوشی ہے اور آج 6ویں ای او-انڈیا واٹر فورم کی میزبانی کر رہے ہیں۔ آٹھ سالوں کے تعاون سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ اگر ہم مہارت کا اشتراک کریں، تو ہم پانی کے سب سے اہم چیلنجوں سے بھی نمٹ سکتے ہیں۔ ٹیم-یورپ موجودہ آبی تعاون کے فریم ورک کے تحت ہندوستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط  کرنے کا خواہاں  ہے۔ آج کا فورم ہمارے بڑھتے ہوئے روابط  کا  ثبوت ہے۔‘‘ جناب  ڈیلفن نے مزید کہا، ’’ ہم نے ہندوستان میں حل کے لیے کامیاب شراکت داری قائم  کی ہے، اب  ہم اپنی متعلقہ مہارت کوبروئے کار لانے،  پانی کے اختراعی نظم  کو فروغ دینے اور علاقائی آبی تحفظ کوبہتر بنانے کے لیے افریقہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔‘‘

چھٹاای یو-انڈیا واٹر فورم آبی شعبے کے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرنے، بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے، اور کاروبار اور تحقیق کے مواقع کو بڑھانے کے  اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ چونکہ ہندوستان اور یورپی یونین پانی کے نظم میں اپنے تعاون کوبہتر کر رہے ہیں، اس فورم سے آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار آبی وسائل کا نظم حاصل کرنے کے  اپنے عزم کی توثیق ہوتی ہے۔

آئی ای ڈبلیو پی سےتکنیکی تعاون، پالیسی کے تبادلے، اور پائیدار سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں کے ذریعے پانی کے عالمی مسائل کو حل کرنے کے لیے ای یو اور ہندوستان کے درمیان مشترکہ عزم  اجاگرہوتا ہے۔ حالیہ مرحلے (فیز III) میں حکومت اور کاروبار کی شراکت داری کو ترجیح دی گئی ہے، جو بھارت کے قومی ایجنڈا 2030 اور ای یو کی عالمی گیٹ وے حکمت عملی کے مطابق ہے، جس سے پائیدار سرمایہ کاری، کنیکٹیویٹی، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ ملتا ہے جو سبز، ڈیجیٹل اور جامع ترقی پر مرکوز ہے۔ ہندوستان-یورپی یونین آبی شراکت داری اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے ساتھ قریبی تعلق رکھتی ہے۔ ایس ڈی جی 6 اور  ایس ڈی جی 13 میں تعاون کرنے کے علاوہ، یہ شراکت داری ایس ڈی جی 15 (زمین پر زندگی) اور ایس ڈی جی 11 (پائیدار شہر اور طبقات) کو  بھی پائیدار، سبز اور موسمیاتی لحاظ سے لچکدار انفراسٹرکچر کو فروغ دے کر سپورٹ کرتی ہے۔ مشترکہ کوششوں کے ذریعے، یہ شراکت داری ماحولیاتی پائیداری اور لچک کے وسیع اہداف کو آگے بڑھاتے ہوئے پانی کے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے تئیں پابند عہد ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ ش ع۔ر ا۔

U. No. 77



(Release ID: 2056207) Visitor Counter : 20


Read this release in: English , Hindi , Tamil