مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مقامی صنعت کاروں کو عالمی بازار سے جوڑنے میں ’ڈاک گھر نریات کیندر‘ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے – پوسٹ ماسٹر جنرل جناب کرشن کمار یادو


پوسٹ ماسٹر جنرل جناب کرشن کمار یادو نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ’پوسٹل سروس میں پیش رفت اور برآمد کنندگان کو فراہم کی جانے والی خدمات‘ کے سیشن سے خطاب کیا

ڈاک گھر نریات کیندر کے ذریعے مقامی صنعت کاروں کو با اختیار بنایا جائے گا، مقامی مصنوعات کو عالمی بازار تک رسائی حاصل ہوگی – پوسٹ ماسٹر جنرل جناب کرشن کمار یادو

Posted On: 12 SEP 2024 7:03PM by PIB Delhi

محکمہ ڈاک اپنی خدمات کو مسلسل بڑھا رہا ہے، نئی ٹیکنالوجی اور اختراعات کو یکجا کر رہا ہے، معاشرے کے آخری سرے تک پہنچ رہا ہے۔ کارپوریٹ کلائنٹ، برآمد کنندگان اور مقامی کاروباری افراد کے لیے مختلف نئی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔ ڈاک گھر نریات کیندر (ڈی این کے) مقامی کاروباروں کی برآمدی صلاحیتوں کو بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اب، او ڈی او پی (ایک ضلع، ایک پروڈکٹ)، جی آئی (جغرافیائی اشارہ)، اور ایم ایس ایم ای کی مصنوعات پوسٹل نیٹ ورک کے ذریعے تیزی سے عالمی منڈیوں تک پہنچیں گی۔ شمالی گجرات علاقے کے پوسٹ ماسٹر جنرل، جناب کرشن کمار یادو نے احمد آباد میں گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے زیر اہتمام ’برآمد کنندگان کو فراہم کی جانے والی پوسٹل سروسز اور خدمات میں ترقی‘ کے موضوع پر ایک تعاملی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف برآمد کنندگان کے ساتھ جامع بات چیت کے ساتھ پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے پوسٹل سروسز میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جی سی سی آئی کے صدر جناب سندیپ انجینئر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، لاجسٹک ٹاسک فورس کے چیئرمین جناب ہیتن وسنت نے تھیم خطاب پیش کیا، اور مہاجن سنکلن کمیٹی کے چیئرمین جناب آشیش جھاویری نے تقریب کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

پوسٹ ماسٹر جنرل، جناب کرشن کمار یادو نے کہا کہ ڈاک گھر نریات کیندر (ڈی این کے) کو برآمد کنندگان کے لیے ایک ون اسٹاپ منزل کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے تاکہ پوسٹل چینل کے ذریعے تجارتی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔ برآمد کنندگان کو ڈی این کے کے ذریعے پارسل بک کرنے کے لیے پوسٹ آفس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ انہیں اپنے احاطے سے ہی بک کروا سکتے ہیں۔ آن لائن کسٹم کلیئرنس بھی دستیاب ہے۔ ڈی این کے برآمدات سے متعلق دستاویزات، بارکوڈ کے ساتھ لیبل کی پرنٹنگ، برآمد کے پوسٹل بل کی آن لائن فائلنگ، اور دستاویز کے بغیر کسٹم کلیئرنس کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ چھوٹے قصبوں اور دیہاتوں کے برآمد کنندگان، کاریگر، تاجر، اور سیلف ہیلپ گروپ اپنی مصنوعات کو عالمی سطح پر برآمد کرنے کے لیے ڈی این کے کی خدمات کا استعمال کر رہے ہیں۔

 

 

پوسٹ ماسٹر جنرل، جناب کرشن کمار یادو نے مقامی کاروباریوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے میں پوسٹل نیٹ ورک کی آسانی اور کارکردگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیڈ پوسٹ اور بزنس پارسل کی چھنٹائی اور تقسیم کے لیے خصوصی چھنٹائی کے مرکز اور نوڈل ڈیلیوری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ای کامرس مصنوعات کے لیے کیش آن ڈیلیوری سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ پوسٹ مین موبائل ایپلیکیشن (پی ایم اے) کے ذریعے پوسٹل آئٹم کی ڈیلیوری کے اسٹیٹس کو حقیقی وقت میں اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔ آن لائن ٹریک اینڈ ٹریس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ ڈاک اور پارسل کی تیزی سے ترسیل کے لیے محکمہ ڈاک نے ایک نئی ٹرانسپورٹ پالیسی بنائی ہے۔ انڈیا پوسٹ اور انڈین ریلوے نے مشترکہ پارسل پروڈکٹ کے طور پر ’ریل پوسٹ گتی شکتی ایکسپریس کارگو سروس‘ کو مشترکہ طور پر شروع کیا ہے۔

 

 

برآمد کنندگان کے ساتھ بات چیت کے دوران، جناب کرشن کمار یادو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ خطوط، پارسل، اور لاجسٹک کے ساتھ ساتھ، رقم کی ترسیل، بچت بینک، انشورنس، انڈیا پوسٹ پیمنٹ بینک، آدھار، پاسپورٹ، اور کامن سروس سینٹر جیسی سروسز میں پوسٹ آفس کے ذریعے توسیع ہو رہی ہے۔ پوسٹل سروس نے فزیکل میل سے ڈیجیٹل میل اور ’ڈاکہ ڈاک لایا سے ڈاکیہ بینک لایا‘ تک کے سفر میں متعدد اختراعات کی ہیں۔

                               **************

ش ح۔ ف ش ع- م ر

12-09-2024

U: 10849


(Release ID: 2054348) Visitor Counter : 48


Read this release in: English , Hindi , Gujarati , Tamil