پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت
بھارت کے سماجی اداروں میں سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے: وزیر ہردیپ سنگھ پوری
حکومت کا سوشل اسٹاک ایکسچینج (ایس ایس ای) سماجی کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری راغب کرنے میں مدد کرتا ہے: جناب پوری
وزیر موصوف نے 15 ویں سوشل انٹرپرینیور آف دی ایئر ایوارڈ – انڈیا 2024 کی تقریب سے خطاب کیا
Posted On:
10 SEP 2024 8:26PM by PIB Delhi
پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ اگلے سال تک بھارت میں مارکیٹ کے مواقع اور سماجی کاروباری اداروں کے لیے امکانات کا تخمینہ 8 بلین امریکی ڈالر (7 بلین یورو ) ہے۔ آج ایک تقریب میں بھارت کے سماجی کاروباری اداروں میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 2010 اور 2016 کے درمیان سماجی اثرات کی سرمایہ کاری کے لیے اوسط سودے کا حجم 7.6 ملین امریکی ڈالر (6.7 ملین یورو) سے بڑھ کر 17.6 ملین امریکی ڈالر (15.4 ملین یورو) ہو گیا ہے۔
وزیر موصوف 15 ویں سوشل انٹرپرینیور آف دی ایئر ایوارڈ – انڈیا 2024 کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ شواب فاؤنڈیشن فار سوشل انٹرپرینیورشپ اور جوبلینٹ بھارتیا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس تقریب میں بھارتی سماج کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کو بااختیار بنا کر تبدیلی لانے والے کاروباری افراد کی ناقابل یقین کامیابیوں اور اختراعات کا جشن منایا جاتا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ’سوشل انٹرپرینیور آف دی ایئر ایوارڈ‘ نہ صرف بھارت کی سماجی انٹرپرینیورشپ تحریک کے چیمپیئنز کا اعتراف کرتا ہے بلکہ ان کمپنیوں کو اپنی رسائی کو بڑھانے اور ممکنہ تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔
تقریب میں جناب ہردیپ سنگھ پوری نے فائنلسٹوں کو ان کی غیر معمولی مہارت اور لگن کے لیے سراہا۔ انھوں نے ٹکنالوجی کے ان کے متاثر کن استعمال کا ذکر کیا ، جو فلاحی خدمات کو موثر طریقے سے فراہم کرنے کے لیے مودی حکومت کے نقطہ نظر سے مطابقت رکھتا ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ سماجی کاروباری ادارے ہمیشہ سے بھارتی زندگی کا ایک اہم حصہ رہے ہیں ، جس نے زراعت ، صحت اور تعلیم جیسے شعبوں کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔ انھوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ ادارے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں سماجی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران وزیر موصوف نے سوشل سٹاک ایکسچینج (ایس ایس ای) کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی جو حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد سماجی کاروباری اداروں کو بہتر نمائش اور سرمائے تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس ایس ای ان کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے، ان کے سماجی اثرات کی پیمائش کرنے اور معاشرتی مسائل کو حل کرنے میں ان کی تاثیر کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا، "20 سے زیادہ سوشل انٹرپرائزز پہلے ہی ایکسچینج میں درج ہو چکے ہیں۔
جناب پوری نے موجودہ حکومت کے تحت معذوری کے حقوق میں ہونے والی اہم پیش رفت کو بھی اجاگر کیا۔ انھوں نے معذور افراد کے حقوق کے تاریخی قانون کو یاد کیا جو 2016 میں نافذ کیا گیا تھا ، جس میں تسلیم شدہ معذورافراد کی تعداد 7 سے بڑھا کر 21 کردی گئی تھی۔ یہ اہم قانون معذور افراد کی متنوع ضروریات کو تسلیم کرنے اور ان سے نمٹنے میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نئی مردم شماری ملک میں معذور افراد کی تعداد کی حقیقی تصویر پیش کرے گی۔
جناب پوری نے معذور افراد کی مدد بڑھانے کے مقصد سے کئی اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔ انھوں نے 2015 میں سگمیا بھارت مہم (جسے قابل رسائی بھارت بھی کہا جاتا ہے) کے آغاز کا ذکر کیا، جس کا مقصد پورے ملک میں رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے 43 لاکھ سے زائد ای یو ڈی آئی ڈی کارڈز (یونیک ڈس ایبلٹی آئی ڈی کارڈز) کے اجراء کی تفصیل پیش کی جس سے معذور افراد کی شناخت اور مدد کو آسان بنایا گیا ہے۔ انھوں نے ہنرمندی کی ترقی کے اقدامات کے اثرات کو بھی اجاگر کیا ، جس سے تقریباً 150،000 افراد مستفید ہوئے ہیں۔ مزید برآں ، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے ساتھ اپنی مدت کار پر غور کرتے ہوئے ، انھوں نے 2019 میں یونیورسل ڈیزائن اسپیس اسٹینڈرڈز کے لیے ہم آہنگ رہنما خطوط کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ رہنما خطوط محض رکاوٹوں سے پاک ماحول سے عالمی سطح پر ڈیزائن کردہ جگہوں کے وسیع تر تصور کی طرف منتقلی کی نمائندگی کرتے ہیں ، جس سے زیادہ شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 10759
(Release ID: 2053580)
Visitor Counter : 35