ریلوے کی وزارت
ریلوے اور جل شکتی کے مرکزی وزیر مملکت جناب وی سومنا نے ریل وہیل فیکٹری کا معائنہ کیا اور بنگلورو مضافاتی ریلوے پروجیکٹ کا جائزہ لیا
Posted On:
09 SEP 2024 8:58PM by PIB Delhi
ریلوے اور جل شکتی کے مرکزی وزیر مملکت جناب وی سومنا نے آج یلہنکا میں ریل وہیل فیکٹری (آر ڈبلیو ایف ) کا معائنہ کیا اور بنگلورو مضافاتی ریلوے پروجیکٹ پر ایک جائزہ میٹنگ کی۔ یہ جائزہ میٹنگ حکومت کرناٹک کے کامرس ، صنعت اور بنیادی ڈھانچہ کے وزیر جناب ایم بی پاٹل کی موجودگی میں بنگلورو میں منعقد ہوئی۔ معائنہ اور جائزہ کے دوران آر ڈبلیو ایف کے جنرل منیجر جناب راج گوپال اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
آر ڈبلیو ایف کے اپنے دورے کے دوران، جناب سومنا کو پلانٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات سے واقف کرایا گیا۔ وزیرموصوف نے کلیدی اکائیوں کا معائنہ کیا، جن میں فورجنگ کمپلیکس، ایکسل مشیننگ یونٹ، اور وہیل کاسٹنگ یونٹ شامل ہیں۔ انہوں نے عملے کے ساتھ بات چیت کی، ان کی تجاویز اور شکایات کا ازالہ کیا اور ریل وہیل فیکٹری کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سالانہ چالیس ہزار ایکسل اکائیوں کی پیداواری صلاحیت کے امکان والی تیسری ایکسل مشیننگ لائن کے کام کی شروعات کا ذکر کرتے ہوئےپیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کی جارہی کوششوں کو اجاگر کیا۔
ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے جناب سومنا نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’آتم نر بھر بھارت‘ وژن میں آر ڈبلیو ایف کے اہم تعاون پر زور دیا۔آر ڈبلیو ایف نے ’میک اِن انڈیا – میک فار دی ورلڈ‘ پہل کے تحت موزمبیق، سوڈان اور ملیشیا جیسے ممالک میں وھیل اور ایکسل کامیابی کے ساتھ برآمد کیے ہیں۔ وزیرموصوف نے آر ڈبلیو ایف کے 'زیرو ڈیفیکٹ' مینوفیکچرنگ عمل کی تعریف کی، جوبڑے پیمانہ پر جدیدصنعتی خودکار طریقہ سے تحریک پاکرتیارکیا گیا ہے۔ انہوں نے سال 2023-24 کے لیے ریلوے بورڈ کی طرف سے مقرر کردہ پیداواری اہداف حاصل کرنے پر آر ڈبلیو ایف کی تعریف بھی کی۔
جناب سومنا نے بنگلورو مضافاتی ریلوے پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا جو بنگلورو کے اطراف و اکناف کوڈبل لائن سے جوڑنے کےمقصد سے تیار کیے جارہے سرکلر ریلوے پروجیکٹ پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعہ ڈوڈابلا پور، دیونہلی، مالور، انیکل، ہیجلا، سولور، اور نداوندا جیسے علاقوں کے آپس میں جڑنے کی امید ہے۔ وزیرموصوف نے ہدایت دی کہ عام لوگوں کے لئے کفایتی اور قابل دسترس ریلوے کنکٹیویٹی کو یقینی بنانے کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) میں گنجان آبادی والے علاقوں کو جوڑنے کو ترجیح دی جائے۔
ودھان سودھ میں منعقدہ ایک دیگر جائزہ میٹنگ میں، جناب سومنا نے جناب ایم بی پاٹل کے ساتھ اعلان کیا کہ بنگلورو مضافاتی ریلوے پروجیکٹ کے چکبانوارا-بیاپناہلی (کوری ڈور-2، 25 کلومیٹر) اور ہیلالیگے-راجنوکونٹے (کوریڈور-4، 46.88 کلومیٹر) حصوں کو دسمبر 2026 تک مکمل کرلیا جائے گا اور قوم کو وقف کر دیا جائے گا۔ دونوں وزراء نے تحویل اراضی کی رفتار میں تیزی لانے پر زور دیا اور حکام سے ان راہداریوں پر جاری کام میں تیزی لاتے ہوئے اسے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو کہا۔ انہوں نے مضافاتی ریلوے میں توسیع کرتے ہوئے بنگلورو شہر کو ٹمکور، میسور، ماگاڈی، گوری بیڈنور اور کولار جیسے شہروں کو جوڑنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جناب سومنا نے بنگلورو میٹرو، مضافاتی ریل پروجیکٹ اور دیگر متعلقہ اتھاریٹیز کے درمیان تال میل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مربوط کرنے کے عمل کو آسان بنانے اور تاخیر سے بچنے کے لیے باقاعدگی سے کوآرڈینیشن میٹنگز کی سفارش کی۔ میٹنگ میں مضافاتی ریلوے کو بنگلورو کے اطراف مجوزہ سرکلر ریلوے سے مربوط کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اسے ریلوے بورڈ کی جانب سے 21,000 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت کے ساتھ منظور کیا گیا ہے۔
اس جائزہ میٹنگ میں،جنوب مغربی ریلوےکے جنرل منیجر، جناب اروند سریواستو، بنگلورو کےڈویژنل ریلوے مینیجر جناب یوگیش موہن،بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب مہیشورراؤ، کے-رائیڈ کی منیجنگ ڈائریکٹرمحترمہ منجولا، بی بی ایم پی کے چیف کمشنر جناب تشار گری ناتھ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
********
ش ح۔ ض ر ۔م ص
(U: 10728)
(Release ID: 2053443)
Visitor Counter : 46