وزارتِ تعلیم

صدر جمہوریہ ہند 5 ستمبر 2024 کو ، 82 منتخبہ اساتذہ کو قومی اساتذہ ایوارڈ 2024 تفویض کریں گی

Posted On: 04 SEP 2024 7:33PM by PIB Delhi

عزت مآب صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نئی دہلی میں واقع وگیان بھون میں 5 ستمبر 2024 کو، 82 منتخبہ ایوارڈ یافتگان کو قومی اساتذہ ایوارڈ 2024 تفویض کریں گی۔ بھارت ہر سال، ڈاکٹر  سروپلی رادھا کرشنن کی پیدائش کی سالگرہ  یعنی 5 ستمبر کو قومی یوم اساتذہ کے طور پر مناتا ہے۔ قومی اساتذہ ایوارڈ کا مقصد ملک میں اساتذہ کے ذریعہ پیش کیے گئے منفرد تعاون اور ان اساتذہ  کی خدمات کو یاد کرنا ہے جنہوں نے اپنے عزم اور لگن سے نہ صرف تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا بلکہ اپنے طلبا کی زندگیوں کو بھی علم کی روشنی سے مالامال کیا۔ ہر ایک ایوارڈ میرٹ کی سند، 50000روپئے کے بقدر نقدی ایوارڈ اور ایک نقرئی تمغے پر مشتمل ہے۔ ایوارڈ یافتگان کو عزت مآب وزیر اعظم سے بات چیت کا موقع بھی حاصل ہوگا۔

محکمہ اسکولی تعلیم وخواندگی ، وزارت تعلیم نے اس سال کے قومی اساتذہ ایوارڈس کے لیے 50 اساتذہ کو منتخب کیا ہے۔ انہیں محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی کے ذریعہ ایک سخت شفاف اور تین آن لائن مراحل یعنی ضلع، ریاست اور قومی سطح کے ضابطے کے توسط سے منتخب کیا گیا ہے۔ان 50 منتخبہ اساتذہ کا تعلق 28 ریاستوں ، 3 مرکز کے زیر انتظام علاقوں،  اور 6 تنظیموں سے ہے۔ منتخبہ 50 اساتذہ میں سے 34 مرد اور 16 خواتین ہیں، 2 افراد مختلف طور پر اہل ہیں اور سی ڈبلیو ایس این کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ علاوہ ازیں، محکمہ اعلیٰ تعلیم سے 16 اساتذہ اور ہنرمندی ترقیات اور صنعت کاری کی وزارت سے 16 اساتذہ کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

قومی تعلیمی پالیسی 2020 اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ حوصلہ افزاء، توانائی سے معمور اور قابل فیکلٹی طلباء، ادارے اور پیشے کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ یہ تعلیمی ماحولیاتی نظام میں بہترین ثقافت کو فروغ دینے کے لیے انعامات اور پہچان جیسی ترغیبات کا بھی تصور پیش کرتی ہے۔ اس طرح، سال 2023 میں، این اے ٹی کے تحت ایچ ای آئی اور پولی ٹیکنیکس کے لیے ایوارڈس کی دو قسمیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جو اب تک صرف اسکول کے اساتذہ تک محدود تھا۔ 16 منتخب اساتذہ کا تعلق پولی ٹیکنک، ریاستی یونیورسٹیوں اور مرکزی اعلیٰ تعلیمی اداروں سے ہے۔

محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی کی جانب سے جاری کردہ ایوارڈ یافتگان کی تفصیلات

 

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:10560



(Release ID: 2051941) Visitor Counter : 25