زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
زراعت کے شعبے میں کاربن ٹریڈنگ کا طریقہ کار
Posted On:
26 JUL 2024 6:32PM by PIB Delhi
حکومت نے کاربن ٹریڈنگ میکانزم کے نفاذ کے لیے دسمبر 2023 میں کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ اسکیم کو نوٹیفائی کیا۔ کاربن ٹریڈنگ کے آفسیٹ میکانزم کے تحت، منتخب شعبوں میں سے ایک زراعت کا شعبہ بھی ہے۔ اس اسکیم کے ذریعے، ادارے/کسان کاربن کریڈٹ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے جی ایچ جی میٹی گیشن پروجیکٹوں کو رجسٹر کر سکیں گے، جو منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق مطلوبہ پیرامیٹرز کو پورا کرتے ہوں۔
زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت نے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کو کاربن کریڈٹ کے فوائد حاصل کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کی خاطر زرعی شعبے کے لیے ہندوستان میں رضاکارانہ کاربن مارکیٹ (وی سی ایم) کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک فریم ورک تیار کیا ہے۔ کسانوں کو کاربن مارکیٹس کا تعارف کرانے سے جہاں ماحولیات دوست زرعی طور طریقوں کو رفتار اور قبولیت ملے گی، وہیں ان کی آمدنی بھی بڑھے گی۔ کسان پائیدار زراعت کے طور طریقوں کو اپنا سکتے ہیں اور کاربن کریڈٹس سے اضافی آمدنی کے ساتھ ساتھ بہتر قدرتی سرمائے جیسے مٹی، پانی، حیاتیاتی تنوع وغیرہ کے لحاظ سے دیگر زرعی ماحولیاتی فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
زرعی شعبے میں رضاکارانہ کاربن مارکیٹوں کے لیے فریم ورک کاشت کار برادری کے درمیان کاربن مارکیٹ کو فروغ دینے میں مدد کرے گا اور پائیدار زرعی طور طریقوں کو مالی اعانت بھی فراہم کرے گا۔ وی سی ایم فریم ورک کا بڑا مقصد اسٹیک ہولڈرز کو بیدار کرنا اور ان کی صلاحیت سازی ہے، اس کا مقصد کسانوں کو پائیدار زرعی طور طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینا بھی ہے۔ طویل مدت میں اس سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور دیہاتوں میں روزی روٹی کمانے میں مدد ملے گی، نیز زراعت کے شعبے میں لچک (ریزیلینس) کو فروغ ملے گا۔
یہ معلومات زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں دی۔
****************
ش ح۔م م۔ م ر
(U: 8822)
(Release ID: 2037667)
Visitor Counter : 53