وزیراعظم کا دفتر

بجٹ 2024-25 پر وزیر اعظم کے کلمات


وکست بھارت کے لیے بجٹ مبنی بر شمولیت نمو کو یقینی بناتا ہے، معاشرے کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچائے گا اور ایک ترقی یافتہ بھارت کے لیے راستہ ہموار کرے گا

حکومت نے روزگا رسے وابستہ ترغیباتی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ یہ کروڑوں کی تعداد میں نئے روزگار بہم پہنچائے گی

یہ بجٹ ایک نئے انداز کی تعلیم اور ہنرمندی ترقی لےکر آئے گا

ہم ہر شہر ، ہر گاؤں، اور ہر گھر میں صنعت کار تیار کریں گے

گذشتہ دس برسوں میں حکومت نے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ نادار اور متوسط طبقہ ٹیکس راحت حاصل کرتا رہے

بجٹ اسٹارٹ اپ اور اختراعی ایکو نظام کے لیے  نئے مواقع فراہم کرتا ہے

بجٹ بڑے پیمانے پر کاشتکاروں پر توجہ مرکوز کرتا ہے

آج بجٹ نئے مواقع، نئی توانائی، نئے روزگار اور ازخود روزگار کے مواقع لے کر آیا ہے، اس نے بہتر نمو اور روشن مستقبل کا راستہ ہموار کیا ہے

آج کا بجٹ بھارت کو دنیا میں تیسری وسیع تر اقتصادی قوت بنانے میں کسوٹی جیسا کام کرے گا اور ایک ترقی یافتہ بھارت کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرے گا

Posted On: 23 JUL 2024 2:54PM by PIB Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی نے خزانہ اور کمپنی امور کی مرکزی وزیر محترمہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ آج لوک سبھا میں پیش کیے گئے مرکزی بجٹ 2024-25 کی ستائش کی۔

مرکزی بجٹ 2024-25 کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس سال کے بجٹ کے لیے تمام شہریوں کو مبارکباد پیش کی جو ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں سے ہمکنار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر خزانہ سیتا رمن اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیر اعظم مودی نے اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ یہ بجٹ سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اقتصادی نمو کو نئی قوت فراہم کرے گا، کہا کہ مرکزی بجٹ 2024-25 معاشرے کے ہر طبقے کو بااختیار بنائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ گاؤں کے غریب کسانوں کو خوشحالی کے راستے پر گامزن کرے گا۔ 25 کروڑ کے بقدر افراد کو خط افلاس سے اوپر اٹھانے کے بعد ایک نئے نو متوسط طبقے کے ابھرنے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بجٹ اختیارکاری کے سلسلے کو جاری رکھنے میں معاون ہے اور بے شمار روزگار کے مواقع بہم پہنچاتا ہے۔ یہ بجٹ تعلیم اور ہنرمندی ترقیات کے معاملے میں نیا پیمانہ لے کر آیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ اپنی نئی اسکیموں کے ساتھ یہ بجٹ متوسط طبقے کی زندگی کو مستحکم بنائے گا، قبائلی ، دلتوں اور پسماندہ طبقات کو مستحکم بنائے گا۔ انہوں نے مزید اصرار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا بجٹ خواتین کی اقتصادی شراکت داری کو یقینی بنائے گا اور چھوٹے کاروباروں اور ایم ایس ایم ای کے لیے نئے راستے کھولے گا۔ مرکزی بجٹ مینوفیکچرنگ کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کو بھی فروغ دے گا۔

روزگار اور خود روزگار کے تئیں حکومت کی عہد بندگی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پی ایل آئی اسکیم کی کامیابی کا ذکر کیا اور روزگار سے وابستہ ترغیباتی اسکیم کو نمایاں کرکے پیش کیا جو کروڑوں کی تعداد میں روزگار بہم پہنچائے گی۔ اسکیم کے تحت ایک نوجوان کے پہلے روزگار کی پہلی تنخواہ حکومت کی جانب سے ادا کی جائے گی۔ انہوں نے ذکر کیا کہ اعلیٰ تعلیم کی تجاویز اور ایک کروڑ نوجوانوں کو انٹرنشپ کی سہولت فراہم کرنے کی اسکیم بھی اس میں شامل ہے۔ اسکیم کے تحت سرکردہ کمپنیوں میں کام کرکے نوجوان انٹرن افراد امکانات کے نئے راستے پر چل سکیں گے۔

ہر شہر، ہر گاؤں اور ہر کنبے میں صنعت کار تیار کرنے پر زور دیتے  ہوئے وزیر اعظم نے مدرا لون کے تحت ضمانت سے مبرا قرضے فراہم کرنے کی حدود 10 لاکھ روپئے سے بڑھا کر 20 لاکھ کرنے کا ذکر کیا جس کے توسط سے چھوٹے کاروباریوں، خواتین، دلتوں اور پسماندہ اور محروم طبقات کو زبردست فوائد حاصل ہوں گے، بھارت کو دنیا کا مینوفیکچرنگ ہب بنانے کے سلسلے میں عہدبندگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ  ملک کے متوسط طبقے کے ساتھ ایم ایس ایم ای کا ارتباط اور نادار طبقے کے لیے روزگار کے مضمرات کی بہم رسانی باہم مربوط ہیں۔  چھوٹی صنعتوں کے لیے بڑی قوت فراہم کرنے کے معاملے میں وزیر اعظم نے بجٹ میں اعلان کردہ نئی اسکیموں کا ذکر کیا جو ایم ایس ایم ای کے لیے قرض حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنائیں گی۔ بجٹ میں کیے گئے اعلانات مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو ہر ضلع تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس، برآمداتی مراکز اور خوراک کی عمدگی کی جانچ کرنے والے مراکز ایک ضلع ایک پروڈکٹ کے پروگرام کو فعال بنائیں گے۔

وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ 2024-25 کا بجٹ بھارت  کے اسٹارٹ اپ اور اختراعی نظام کے لیے  متعدد مواقع لے کر آیا ہے۔ انہوں نے ایک ہزار کروڑ روپئے کے بقدرکے فنڈ کا ذکر کیا جس کے ذریعہ خلائی معیشت اور اینجل ٹیکس کے  خاتمے کو قوت حاصل ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ریکارڈ طور پر اعلیٰ اہم اخراجات معیشت کی روح رواں بن جائیں گے۔  بارہ نئے صنعتی نوڈس کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے نئے سیارچہ شہروں اور ٹرانزٹ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے 14 شہروں کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں نئے اقتصادی مراکز قائم ہوں گے اور متعدد روزگار بہم پہنچائے جائیں گے۔

ریکارڈ دفاعی برآمدات کو نمایاں کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال کا بجٹ ایک آتم نربھر دفاعی شعبہ قائم کرنے کے لیے متعدد تجاویز کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے تئیں پوری دنیا کی کشش لگاتار فزوں تر ہو رہی ہے جس کے ذریعہ سیاحت کی صنعت کے لیے نئے مواقع فراہم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس سال کے بجٹ میں سیاحت پر زور دیا اور کہا کہ سیاحتی صنعت ناداروں اور متوسط طبقے کے لیے متعدد مواقع فراہم کرتی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں کے دوران حکومت نے نادار اور متوسط طبقے کے لیے ٹیکس راحت کو یقینی بنایا ہے۔ جہاں ایک جانب اس سال کے بجٹ میں آمدنی ٹیکس میں تخفیف لانے کے فیصلے لیے گئے، معیاراتی تخفیف میں اضافہ کیا گیا ہے اور ٹی ڈی ایس کے قواعد کو سہل بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسی اصلاحات ہیں جس کی رو سے ٹیکس دہندگان مزید پیسے بچا سکیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے مشرقی خطے کی مجموعی ترقی پورودیہ وژن کے ساتھ نئی فعالیت حاصل کرے گی۔ اہم بنیادی ڈھانچوں مثلاً شاہراہوں، آبی پروجیکٹوں اور بجلی پروجیکٹوں پر مشرقی بھارت میں ترقی کو خصوصی توجہ کے تحت لایا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال کے بجٹ کی اہم توجہ کاشتکاروں پر مرکوز ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی اناج ذخیرہ اسکیم کے بعد اب سبزیوں کی پیداوار کے کلسٹر متعارف کرائے جا رہے ہیں جو کاشتکاروں اور متوسط طبقے دونوں کو فائدہ پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید زور دے کر کہا کہ بھارت کے لیے وقت کا تقاضہ یہ ہے کہ وہ زرعی شعبے میں خود کفیل بن جائے۔ لہٰذا ایسے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے جو دالوں اور تلہنوں کی پیداوار میں اضافہ کرکے کاشتکاروں کی مدد کریں۔

انسداد غربت اور ناداروں کو بااختیار بنانے سے متعلق اہم اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مطلع کیا کہ ناداروں کے لیے تین کروڑ کے بقدر مکانات اور جن جاتیہ اُنت گرام ابھیان کے تحت مکانات تعمیر کیے گئے ہیں جو پانچ کروڑ کے بقدر قبائلی کنبوں کو ایک جامع طریقہ کار کے تحت بنیادی سہولتوں سے مربوط کریں گے۔ مزید برآں گرام سڑک یوجنا 25 ہزار کے بقدر نئے دیہی علاقوں کو بارہ ماسی استعمال والی سڑکوں سے مربوط کرے گی جس سے تمام ریاستوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ آج کا بجٹ نئے مواقع، نئی توانائی، نئے روزگار اور خود روزگار کے مواقع لے کر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہتر نمو اور روشن مستقبل لے کر آیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے اپنی بات مکمل کی کہ بجٹ کے مضمرات بھارت کو دنیا میں تیسری وسیع تر معیشت بنانے کے معاملے میں کسوٹی کا کام کریں گے اور وکست بھارت کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔

**********

 (ش ح – م ن - ا ب ن)

U.No:8605



(Release ID: 2035858) Visitor Counter : 18