مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت نے ’’اُتکرشٹتا کی اور بڑھتے قدم‘‘ تقریب منعقد کی، پی ایم سواندھی اور ڈی اے وائی – این یو ایل ایم کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اعزاز سے نوازا


مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے سواندھی اور ڈی اے وائی – این یو ایل ایم کے تحت ’پریز ‘ اور ’اسپارک ‘ ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دی

Posted On: 18 JUL 2024 6:58PM by PIB Delhi

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے) نے 18 جولائی 2024 کو ایک تقریب منعقد کی جس کا عنوان تھا ’’اُتکرشٹتا کی اور بڑھتے قدم: حصولیابیوں کا جشن، عمدگی کے لیے ترغیب‘‘۔ اس کا مقصد پی ایم اسٹریٹ وینڈرس کی آتم نربھر ندھی (پی ایم سواندھی) یوجنا اور دین دیال انتودیہ یوجنا – قومی شہری روزی روٹی مشن (ڈی اے وائی – این یو ایل ایم) کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اعزاز سے نوازنا تھا۔

ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر جناب منوہر لال، نے ان اسکیموں کی کامیابی  کے لیے اپنی زبردست حمایت اور تعاون دینے والے تمام تر شراکت داروں کے اظہار تشکر کیا۔ ان شراکت داروں میں مرکزی وزارتیں اور ریاستی حکومتیں، شہری مقامی انجمنیں، قرض فراہم کرنے والے ادارے، اور دیگر شراکت دار شامل ہیں۔

اس تقریب میں ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر جناب منوہر لال نے مہمان ذی وقار کے طور پر شرکت کی۔ ان کے علاوہ ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر مملکت جناب توکھن ساہو، ایم او ایچ یو اے کے سکریٹری جناب انوراگ جین اور مرکزی حکومت  اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران، قرض فراہم کرنے والے اداروں، ڈیجیٹل پے منٹ ایگریگیٹرس، کلیدی شراکت داران اور بالخصوص ڈی اے وائی – این یو ایل ایم اور پی ایم سواندھی کے مستفیدین نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران دونوں اقدامات کے تحت قابل ذکر کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ڈی اے وائی – این یو ایل ایم کے مستفیدین کی ترغیب آمیز داستانیں پیش کرنے والا مجموعہ اور پی ایم سواندھی کی سالانہ رپورٹ، جس میں گذشتہ برس کے دوران اسکیم کے ذریعہ انجام دی گئیں مختلف پہل قدمیوں اور اصلاحات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں، تقریب کے دوران جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ، وزیر اعظم نے پی ایم سواندھی موبائل ایپلی کیشن یعنی آواز پر مبنی شکایات سے متعلق آلہ، چیٹ بوٹ اور ای۔پریچے کارڈ کی نئی خصوصیات کا آغاز کیا۔ موبائل ایپلی کیشن کو صارف کی آسانی کے لیے اضافی فیچرز کے ساتھ بہتر بنایا گیا ہے، اس میں آواز پر مبنی شکایت جمع کرانے کا آسان طریقہ، استفسار کا ایک موثر عمل اور ایک ایسا نظام شامل ہے جو پریچے بورڈ تک آسانی سے رسائی کو یقینی بناتا ہے، جس سے پی ایم سواندھی کے مستفیدین بااختیار بنیں گے۔

اس تقریب کا انعقاد سال 2023-24 کے شاندار کارناموں کی یاد میں اور ان اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرنے کے لیے کیا گیا تھا جن کی انتھک کوششیں ان سنگ میلوں کو حاصل کرنے میں اہم تھیں۔ ان کی مثالی شراکت کے اعتراف میں، اہم اسٹیک ہولڈرز بشمول ریاستوں، شہری مقامی اداروں اور قرض دینے والے اداروں کو بالترتیب پی ایم سواندھی اور ڈی اے وائی – این یو ایل ایم اقدامات کو نافذ کرنے میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کے لیے ’پریز‘اور ’اسپارک‘ایوارڈز سے نوازا گیا۔ دونوں اسکیموں کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی فہرست ضمیمہ میں ہے۔

اس تقریب کو مزید تقویت بخشتے ہوئے، ڈی اے وائی – این یو ایل ایم اور پی ایم سواندھی کی مستقبل کی سمت طے کرنے کے لیے دو ایکسپرٹ پینل تبادلہ خیال کا اہتمام کیا گیا۔ ان پینلوں کے تحت ڈی اے وائی – این یو ایل ایم کے لیے ’’ شہری ناداری کے پائیدار خاتمے کے لیے شراکت داریوں کا کردار‘‘ اور پی ایم سواندھی کے لیے ’’شہری منصوبہ بندی اور مالی شراکت داریوں کے امکانات تلاشنے میں خوانچہ فروشوں کے لیے مبنی بر شمولیت امکانات پیدا کرنا‘‘ جیسے موضوعات پر  تبادلہ خیال عمل میں آیا۔ ان مباحثوں نے پروگراموں کی ترقی میں اضافے کے لیے متنوع نقطہ نظر کو یکجا کیا۔

پی ایم سواندھی اسکیم کے بارے میں:

پی ایم اسٹریٹ ویندر کی آتم نربھر ندھی (پی ایم سواندھی) اسکیم، جو یکم جون 2020 کو شروع کی گئی، ایک مرکزی شعبے کی اسکیم ہے جس کا مقصد شہری خوانچہ فروشوں کو 80,000 روپئے تک کا بغیر ضمانت کے کام کاج کا قرض فراہم کرنا ، 7فیصد  سود کے ساتھ باقاعدہ ادائیگی کی ترغیب فراہم کرنا ، اور ڈیجیٹل لین دین پر 1,200 روپئے تک سالانہ انعامی کیش بیک فراہم کرنا ہے۔ یہ اسکیم اپنے فوائد قرب و جوار کے دیہی اور نیم شہری علاقوں  تک پہنچاتی ہے، آدھار پر مبنی ای۔کے وائی سی کو اپناتی ہے، محفوظ آئی ٹی پلیٹ فارم استعمال کرتی ہے، اور ایپلی کیشن اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے لیے ایس ایم ایس پر مبنی نوٹیفکیشنوں کا استعمال کرتی ہے۔ قرض دینے والے تمام تر اداروں، جن میں این بی ایف سی ادارے/ ایم ایف آئی اور ڈی پی اے ادارے شامل ہیں،  کی بھارت میں ناداری کے خاتمے کے مقصد سے شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ 17 جولائی 2024 تک، 86 لاکھ سے زائر قرض، جن کی قدرو قیمت 11680 کروڑ روپئے سے زائد ہے ، بھارت بھر میں تقریباً 65 لاکھ خوانچہ فروشوں کے درمیان تقسیم کیے گئے۔

ڈی اے وائی – این یو ایل ایم کے بارے میں:

دین دیال انتیودیہ یوجنا-قومی شہری روزی روٹی مشن (ڈی اے وائی – این یو ایل ایم)24 ستمبر 2013 کو حکومت ہند کی ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے ذریعہ شروع کیا گیا، اس کا مقصد شہری غریب کنبوں  کو فائدے مند ازخود روزگار اور ہنرمندی پر مبنی اجرتی روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنے کا اہل بناکر ان کی ناداری اور خستہ حالی کو کم کرنا ہے، تاکہ ناداروں کے مضبوط زمینی سطح کے ادارے قائم کرکے ان کی روزی روٹی میں پائیدار بنیاد پر قابل ستائش بہتری لائی جا سکے۔ اس مشن کا مقصد شہری بے گھر افراد کو ضروری خدمات سے آراستہ پناہ گاہیں فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ،  یہ مشن شہری خوانچہ فروشوں کو موزوں مواقع، ادارہ جاتی قرض، سماجی تحفظ ، وغیرہ تک رسائی فراہم کرکے ان کے روزی روٹی سے متعلق مسائل کو حل کرتا ہے۔ ڈی اے وائی – این یو ایل ایم نے سیلف ہیلپ گروپوں  کی تشکیل کے ذریعے 98 لاکھ شہری نادار گھرانوں کو بااختیار بنایا ہے، ہنر کی تربیت اور انٹرپرینیورشپ کے ذریعے 38 لاکھ سے زیادہ روزگار بہم پہنچائے ہیں ، اور شہری بے گھر افراد کے لیے تقریباً 2,000 مستقل پناہ گاہیں تعمیر کی ہیں۔

ضمیمہ

حقائق پر مبنی تفصیلات

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:8426



(Release ID: 2034141) Visitor Counter : 9


Read this release in: English , Hindi