وزارت دفاع
بھارتی فضائیہ کی ٹکڑی نے ایکسرسائز ریڈ فلیگ 2024 میں کامیاب شرکت مکمل کی
Posted On:
16 JUN 2024 11:29AM by PIB Delhi
بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف)کی ٹکڑی نے ایکسرسائز ریڈ فلیگ 2024 میں شرکت کی، جس کا انعقاد 04جون سے 14 جون 2024 تک امریکی فضائیہ کے ایلسن ایئر فورس بیس، الاسکا میں کیا گیا تھا۔ یہ ایکسرسائز ریڈ فلیگ 2024 ، جو کہ ایک جدید فضائی جنگی تربیتی مشق ہے، کا دوسرا ایڈیشن تھا، اور یہ امریکی فضائیہ کے ذریعہ ایک سال میں چار مرتبہ منعقد کرائی جاتی ہے۔ اس مشق میں بھارتی فضائیہ کے ساتھ ساتھ جمہوریہ سنگاپور کی فضائیہ (آر ایس اے ایف)، برطانیہ کی رائل ایئر فورس (آر اے ایف)، رائل نیدرلینڈس ایئر فورس (آر این ایل اے ایف)، جرمن لُفٹ وافے، اور امریکی فضائیہ (یو ایس اے ایف) بھی شامل تھیں۔
بھارتی فضائیہ کی ٹکڑی نے رافیل طیارے اور عملے کے ساتھ حصہ لیا جس میں ہوائی عملہ، تکنیکی ماہرین، انجینئرز، کنٹرولرز اور شعبے کے ماہرین شامل تھے۔ رافیل جنگی طیارے کی ٹرانس اٹلانٹک فیری کو آئی ایل - 78ایئر ٹو ایئر ریفیولرز (اے اے آر) کے ذریعے فعال کیا گیا تھا، جبکہ اہلکاروں اور سامان کی نقل و حمل سی-17 گلوب ماسٹر طیارے کے ذریعے کی گئی تھی۔ یہ دستہ 29 مئی 24 کو الاسکا میں یو ایس اے ایف کے فوجی اڈے ایلسن پر اترا۔
ریڈ فلیگ ایک فضائی جنگی مشق ہے جو مختلف صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حقیقی جنگی ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کی گئی ہے۔ مطلوبہ ماحول تیار کرنے کے لیے فوجی ٹکڑی کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، ریڈ فورس ایئر ڈیفنس عناصر کی نقل کرتی ہے، اور بلیو فورس جارحانہ مرکب عناصر کی نقل کرتی ہے۔ اس مشق کے دوران، ریڈ فورس بنیادی طور پر یو ایس اے ایف ایگریسر ایس کیو این کی طرف سے تشکیل دی گئی تھی جس نے ایف 16 اور ایف 15 طیارے اُڑائے۔
یہ پہلا موقع تھا جب بھارتی فضائیہ کے رافیل طیارے نے ایکسرسائز ریڈ فلیگ میں حصہ لیا، جس میں، انہوں نے آر ایس اے ایف اور یو ایس اے ایف کے ایف 16 اور ایف 15 طیاروں ، اور یو ایس اے ایف کے اے 10 طیارے کے ساتھ کام کیا۔ ان مشنوں میں جارحانہ کاؤنٹر ایئر اور ایئر ڈیفنس کے کرداروں میں بڑی فوجی مشقوں (ایل ایف ای) کے ایک حصے کے طور پر بصری حد سے بالاتر(بی وی آر) جنگی مشقیں شامل تھیں۔ بھارتی فضائیہ کا عملہ مشن کی منصوبہ بندی میں سرگرم عمل تھا اور اس نے مشق کے دوران نامزد مشنوں کے لیے مشن کے قائدین کا کردار بھی ادا کیا۔
مشکل موسم اور تقریباً صفر درجہ حرارت کے باوجود، بھارتی فضائیہ کے دیکھ بھال کے عملے نے مشق کی پوری مدت کے دوران تمام طیاروں کے رکھ رکھاؤ کو یقینی بنانے کے لیے تندہی سے کام کیا اور مشق کے دوران 100 سے زائد پروازوں کے ساتھ تمام تفویض کردہ مشنوں کو انجام دیا جا سکا۔
مشق کی اہم خصوصیات میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ باہمی تعاون پر بصیرت اور کثیر القومی ماحول میں روزگار کے فلسفے کی باہمی تفہیم شامل تھی۔ راستے میں فضا سے فضا میں ایندھن بھرنے کے دوران طویل فاصلہ طے کرنے کا تجربہ، خاص طور پر نوجوان عملے کے لیے ایک بھرپور اور سنسنی خیز تجربہ تھا۔
اپنی واپسی کا سفر شروع کرتے ہوئے، بھارتی فضائیہ کی ٹکڑی کا منصوبہ ہے کہ وہ اپنے باہمی معاون عناصر کے ساتھ راستے میں تقسیم ہو جائے اور 24 جون 2024کو ہندوستان واپس آنے سے پہلے یونان اور مصر کی فضائیہ کے عناصر کے ساتھ مشق میں حصہ لے۔ ریڈ فلیگ مشق کے بھرپور تجربے کے ساتھ، بھارتی فضائیہ مشق – ترنگ شکتی 2024 کے دوران مختلف ممالک سے شرکت کرنے والی فوجی ٹکڑیوں کی میزبانی کے لیے پرجوش ہے۔ ترنگ شکتی 2024 مشق اولین بھارتی کثیر القوامی فضائی مشق ہے جس کا انعقاد اس سال کے آخر میں ہونے جا رہا ہے۔
**********
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:7470
(Release ID: 2025650)
Visitor Counter : 137