مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت

ہندوستان 2047 تک اپنے ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اعلیٰ ترقی کی راہ پر گامزن ہے: مرکزی وزیر ہردیپ ایس پوری


سال2014    کی مفلوج  پالیسیوں کے دنوں کی جگہ ، ہم اب تبدیلی کی پالیسیوں کا دور دیکھ رہے ہیں جس سے شہریوں کو براہ راست فائدہ  پہنچ رہا ہے: ہردیپ ایس پوری

سال2014 سے اب تک 25 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو کثیر جہتی غربت سےباہر نکالا گیا: پوری

Posted On: 28 FEB 2024 3:57PM by PIB Delhi

پٹرولیم اور قدرتی گیس اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں، جب ترقی یافتہ معیشتیں وبائی امراض کے تباہ کن اثرات سے واپسی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں، ہندوستان زیادہ لچکدار بن کر ابھرا ہے۔ آج بنگلور میں ریوا یونیورسٹی سینٹر آف ایکسیلنس فار جیو پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے، اور جلد ہی ہم تیسری بڑی معیشت بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 7.3 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ، ہندوستان یہ ظاہر کر رہا ہے کہ وہ 2047 تک اپنے ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اعلیٰ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

عالمی سطح پر ہندوستان کے بڑھتے قد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرموصوف نے کہا کہ ہمارے بڑھتے ہوئے عالمی قد کے پیچھے گھریلو سماجی اقتصادی کامیابیاں اور فلاحی اصلاحات ہیں۔ پچھلے دس سالوں میں حکمرانی کے رویہ میں ایک مثالی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے کی مفلوج پالیسیوں کے دنوں سے، اب ہم تبدیلی کی پالیسیوں کا دور دیکھ رہے ہیں جو براہ راست شہریوں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔

گزشتہ 10 سالوں میں ملک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے،جناب پوری نے اجاگر کیا کہ 2014 سے اب تک 25 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو کثیر جہتی غربت سے باہر نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت مشن جیسی اسکیموں اور سوچھ بھارت مشن اور اے ایم آر یو ٹی (امرت) جیسی اسکیموں کی کامیابی کے ذریعےپچھلے دس سالوں میں صحت پر جیب سے خرچ ہونے والے اخراجات میں 25 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 سے اب تک 10.57 کروڑ دیہی گھرانوں کو نلکے کے پانی کے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں جبکہ 11 کروڑ سے زیادہ گھریلو بیت الخلاء سوچھ بھارت مشن کے تحت بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم آواس یوجنا کے تحت اب تک 2.51 کروڑ دیہی مکانات اور 80 لاکھ سے زیادہ شہری مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ اس اسکیم کو تازہ ترین بجٹ میں بڑھا دیا گیا ہے، اور دیہی علاقوں میں مزید 2 کروڑ مکانات کی منظوری دی جائے گی۔ وزیر موصوف نے پی ایم مدرا یوجنا، پی ایم سواندھی یوجنا اور پی ایم اجولا اسکیم کے تحت ملک کے ذریعہ حاصل کئے گئے سنگ میلوں کے بارے میں بھی گفتگو  کی۔ انہوں نے کہا کہ خالص درآمد کنندہ ہونے کی  جگہ  ہندوستان آج دنیا کا دوسرا سب سے بڑا موبائل مینوفیکچرر بن گیا ہے، جس میں مقامی سطح پر زیادہ قدر میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان آبادیاتی تبدیلی کے عروج پر ہے جبکہ زیادہ تر ترقی یافتہ ممالک کو عمر رسیدہ افرادی قوت کے خطرے کا سامنا ہے۔ تقریب میں موجود طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا آبادیاتی منافع ہمیں بے مثال دانشورانہ سرمایہ اور کاروباری صلاحیت فراہم کرتا ہے۔

جناب پوری نے کہا کہ ہندوستان کی نرم طاقت — تمام جمہوریتوں کی ماں کے طور پر، اور دنیا کی سب سے بڑی اور تکثیری — اپنی اتفاق رائے کی تعمیر اور باہمی فائدے کے اخلاق کے ساتھ زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس یقین کے ساتھ کہ عالمی اقدامات عالمی بھلائی کے لیے ہو سکتے ہیں، ہندوستان نے واسودھیوا کٹمبکم کے فلسفے کے ذریعے ایک نیا عالمی وژن لے کر آیا ہے۔

وزیرموصوف ہردیپ سنگھ پوری نے آج بنگلور میں ریوا یونیورسٹی سنٹر آف ایکسیلنس فار جیو پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کا افتتاح کیا۔، وزیرموصوف نے کہاکہ’’یہ سنٹر آف ایکسی لینس فار جیو پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز ریوایونیورسٹی کے طلباء کے لیے ایک قیمتی اضافہ ثابت ہوگا۔‘‘

وزیر موصوف نے کہا کہ 21ویں صدی کے عالمی منظر نامے میں ہندوستان کی پوزیشن کو سمجھنا اور آگے بڑھانا اس نازک موڑ پر ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا،’’مجھے امید ہے کہ یہ مرکز دانشوروں، پیشہ ور افراد، فیصلہ سازوں، اور ابھرتے ہوئے رہنماؤں کے درمیان جغرافیائی سیاست اور بین الاقوامی مطالعات پر فکری تجسس کو بھڑکانے اور فکر انگیز بات چیت کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔‘‘

*****

 

ش ح۔ج ق ۔ م ص

(U:5475)



(Release ID: 2009822) Visitor Counter : 45