صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

بنگلہ دیش کے نوجوانوں کے وفد کی صدر جمہوریہ سے ملاقات

Posted On: 27 FEB 2024 7:10PM by PIB Delhi

 بنگلہ دیش کے نوجوانوں کے ایک وفد نے آج (27 فروری، 2024) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ انھیں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور باصلاحیت دماغوں کے گروپ سے بات چیت کرنے پر خوشی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ پورے بنگلہ دیش سے مندوبین کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس میں 50 فیصد سے زائد خواتین اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کی یہاں موجودگی صرف ایک دورہ نہیں ہے۔ یہ ہماری قوموں کے درمیان تعمیر کیا جانے والا پل ہے اور تعاون اور دوستی کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے جو بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات کا عکاس ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک منفرد رشتہ ہے جس کی بنیاد ان کی تاریخ ، ثقافت اور قربانیوں پر رکھی گئی ہے۔ بھارت کو بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں ایک دوست اور شراکت دار ہونے پر فخر ہے ، اور بنگلہ دیش کے ساتھ ترقی کے سفر میں شریک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس جذبے کو برقرار رکھنا چاہیے اور اس کی پرورش کرنی چاہیے ، جو ہمارے دونوں ممالک کے مابین منفرد تعلقات کو ترغیب دیتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات دل و جان کا رشتہ ہیں۔ ہمارے درمیان ایک گہرا ثقافتی تعلق ہے، اور آرٹ، موسیقی، کرکٹ اور کھانے کے لیے ایک مشترکہ محبت ہے. ٹیگور کے لکھے ہوئے ہمارے قومی ترانے فخر کا باعث ہیں۔ ہم ’باؤل‘ موسیقی اور قاضی نذرالاسلام کے کاموں سے محبت رکھتے ہیں۔ ہمارے اتحاد اور تنوع کو ہمارے مشترکہ ورثے میں منایا جاتا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی دوستی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور ہم اس کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بھارت اور بنگلہ دیش نوجوانوں کی ایک بڑی اور متحرک آبادی کا گھر ہیں جن میں دنیا کو تشکیل دینے کی لامحدود صلاحیت موجود ہے۔ انھوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ اس صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ کل کے رہنما کی حیثیت سے یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمیں ایک سرسبز، پائیدار اور پرامن دنیا کی طرف لے جائیں۔

صدر جمہوریہ نے نوجوان وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کے مختلف پہلوؤں اور اس کے تنوع اور سائنس ، ٹکنالوجی اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تجربہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ سونار بنگلہ کی تعمیر کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان امن ، خوشحالی اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط کرنے کی بھی کوشش کرنی چاہیے۔

بنگلہ دیش یوتھ ڈیلیگیشن پروگرام 2012 میں وزارت خارجہ اور نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کی مشترکہ پہل کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ اس یوتھ پروگرام کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے ممالک کے بارے میں خیر سگالی اور تفہیم ، خیالات کے تبادلے اور نوجوانوں میں اقدار اور ثقافت کی تفہیم کو فروغ دینا ہے۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 6443



(Release ID: 2009561) Visitor Counter : 41


Read this release in: English , Hindi , Marathi