نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ  نے کہا ہے کہ’’ جب تک قانون کے سامنے سبھی مساوی  نہ ہوں، کوئی بھی جمہوریت زندہ نہیں رہ سکتی، پھل پھول نہیں سکتی‘‘


نائب صدر جمہوریہ  نے تلقین کی کہ نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات اور سرکاری ملازمت کی لامتناہی جستجو سے باہر آنے کی ضرورت ہے

ملک میں ماحولیاتی نظام کو فعال کرتے ہوئے نوجوان اپنے خوابوں کو پورا کر سکتے ہیں:نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا کہ ’’ عالمی سر گرمیوں اور چیلنجوں کے باوجود، ہندوستان سرمایہ کاری کا ایک روشن مقام اور مواقع کی سرزمین ہے‘‘

ایکٹ ایسٹ پالیسی شمال مشرقی خطے کے لیے تبدیلی کا باعث ہے: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں کو مختلف انداز سے سوچنے کی تلقین ،انہیں گورننس میں سب سے اہم فریق قرار دیا

نائب صدر جمہوریہ نے  میزورم یونیورسٹی کے 18ویں جلسۂ تقسیم اسناد سےخطاب کیا

Posted On: 26 FEB 2024 2:46PM by PIB Delhi

نائب صدرجمہوریہ، جگدیپ دھنکھڑنے آج کہا کہ’’ جب تک قانون کے سامنے سبھی مساوی  نہ ہوں، کوئی بھی جمہوریت زندہ نہیں رہ سکتی، پھل پھول نہیں سکتی‘‘۔ میزورم یونیورسٹی کے 18ویںجلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے جناب دھنکھڑنے کہا کہ اب قانون کے سامنے برابری ایک زمینی حقیقت ہے اور جو لوگ خود کو قانون سے بالاتر تصورکرتےتھے وہ اب مضبوطی سے قانون کی گرفت میں ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں کو روایتی راستوں کو ترک کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ’’نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات اور سرکاری ملازمت  کی لامتناہی جستجو سے باہر آنے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے نوجوانوں سے مختلف انداز میں سوچنے، خیالات کو اپنے ذہنوں میں مرتسم کرنے اور ناکامی سے خوفزدہ نہ ہونے کی ترغیب دی کیونکہ ’’ناکامی ہی کامیابی کے لیے پہلا قدم ہے‘‘۔

ملک میں فعال ماحولیاتی نظام کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے زور دیا کہ اب ملک کے نوجوان اپنی خواہشات، اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے اور اپنی صلاحیتوں سے پوری طرح فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اقتدار کی راہداری کو اقتدار کے بچولیوں سے پاک کر دیا گیا ہے اور اب سرکاری تقرریاں شفاف طریقے سے کی جاتی ہیں۔

ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے جناب دھنکھڑ نے مزید کہا کہ ’’عالمی سر گرمیوں اور چیلنجوں کے باوجود، ہندوستان سرمایہ کاری  کے لیے ایک روشن مقام اور مواقع  سے بھرپور سرزمین ہے‘‘۔  ملک کی ترقی کے سفر کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی معیشت کو کمزور پانچ معیشتوں سے بڑی پانچ  معیشتوں میں سے ایک اور قوت خرید کے لحاظ سے تیسری بڑی معیشت میں تبدیل کردیاگیاہے۔

ایکٹ-ایسٹ پالیسی اور ریل، سڑک اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں بے مثال سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اس پالیسی کو یکسر تبدیلی لانے والا قرار دیا ، جس سے شمال مشرقی خطے  کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے فوائد حاصل ہوئے ہیں۔

مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسے شعبوں میں ملک کی طرف سے اٹھائے گئے اولین اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان اہم ٹیکنالوجیوں کے ذریعہ پیش کردہ مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اسٹارٹ اپس اور صنعت کاری کے شعبے میں قدم رکھیں۔

نوجوانوں کو گورننس میں سب سے اہم متعلقہ فریق قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں کوسال 2047 تک وکست بھارت تک  میراتھن مارچ میں مکمل طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے نوجوانوں  پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ اپنے والدین، بزرگوں کا احترام کریں اور ان سے قربت کو پروان چڑھائیں۔

اس موقع پر ،میزورم کے گورنر، ڈاکٹر ہری بابو کمبھمپتی، میزورم کے وزیراعلیٰ،  جناب  پی یو للڈوہوما، بی بی اے یو لکھنؤ کے سابق چانسلر پروفیسر پرکاش برتونیہ، میزورم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر دیباکر چندر ڈیکا، میزورم یونیورسٹی کے  رجسٹرار ، پروفیسر لالنندنگا کے علاوہ ، اساتذہ، طلبہ ودیگر معززین بھی موجود تھے۔

*****

(ش ح –م ع  - ج ا)

U.No.5372



(Release ID: 2009098) Visitor Counter : 68


Read this release in: Bengali-TR , English , Hindi , Tamil