وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے گوہاٹی، آسام میں 11000 کروڑ روپئے کے بقدر کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا


ماں کاماکھیا دیویہ لوک پری یوجنا کا سنگ بنیا رکھا

3400 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے مختلف النوع سڑک تجدیدکاری پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا

کھیل کود اور طبی بنیادی ڈھانچے کو تقویت بہم پہنچانے کے لیے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد کھا

’’آسام شمال مشرق میں سیاحت کا داخلی دروازہ بنے گا کیونکہ ماں کاماکھیا کے درشن کرنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا‘‘

’’ہماری زیارت گاہیں، منادر اور مذہبی مقامات ہمارے ہزاروں برسوں کے تہذیبی سفر کی انمٹ نشانی ہیں‘‘

’’موجودہ حکومت کی ترجیح زندگی بسر کرنے کو سہل بنانا ہے‘‘

’’مرکزی حکومت تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کی ترقی کے لیے نئی اسکیمیں شروع کرے گی‘‘

’’مودی کی گارنٹی کا مطلب تکمیل کی ضمانت ہے‘‘

’’حکومت نے اس سال بنیادی ڈھانچے پر 11 لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرنے کا عہد کیا ہے‘‘

’’ مودی دن رات کام کرنے اور اپنی گارنٹیوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے ‘‘

’’مقصد بھارت اور بھارتیوں کے لئے ایک پرمسرت اور خوشحال زندگی فراہم کرنا، بھارت کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی اقتصادی قوت بنانا، اور بھارت کو 2047 تک وکست بھارت میں تبدیل کرنا ہے۔

Posted On: 04 FEB 2024 2:27PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج آسام کے گوہاٹی میں 11,000 کروڑ روپے کے بقدر کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں گوہاٹی کے اہم توجہ والے علاقوں میں کھیلوں اور طبی بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو فروغ دینے کے منصوبے شامل ہیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے 11,000 کروڑ روپے کے بقدر کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے لیے ماں کاماکھیا کے آشیرواد کے ساتھ آج آسام میں موجود ہونے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ترقیاتی منصوبے شمال مشرقی ریاستوں کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیا کے پڑوسی ممالک کے ساتھ آسام کے رابطے کو فروغ دیں گے جبکہ سیاحت کے شعبے میں روزگار کو بھی فروغ حاصل ہوگا ، ساتھ ہی ریاست میں کھیلوں کی صلاحیتوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔ انہوں نے آج کے ترقیاتی پروجیکٹوں کی وجہ سے ریاست میں طبی تعلیم اور حفظانِ صحت کے شعبے میں توسیع کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے آج کے ترقیاتی پروجیکٹ کے لیے آسام اور شمال مشرقی علاقے کے لوگوں کو مبارکباد دی اور کل شام یہاں پہنچنے پر گوہاٹی کے شہریوں کی جانب سے پرتپاک استقبال کے لیے شکریہ ادا کیا۔

متعدد مذہبی مقامات کے اپنے حالیہ دوروں کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے آج ماں کاماکھیا کے روبرو ہونے اور ما ں کاماکھیا دیویا لوک پریوجنا کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے اظہار تشکر کیا۔ پروجیکٹ کے تصور اور دائرہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ مکمل ہونے پر، اس سے عقیدت مندوں کے لیے رسائی اور راحت میں مزید اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ لوگوں کی آمدورفت کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم نے ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "ماں کاماکھیا کے درشن کے لئے عقیدت مندوں کی آمد میں اضافے کے ساتھ آسام شمال مشرق میں سیاحت کا داخلی دروازہ بن جائے گا"۔

بھارتی مذہبی مقامات اور مندروں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے زور دیا کہ یہ مقامات ہزاروں برسوں سے ہماری تہذیب کے انمٹ نشان کی علامت ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح بھارت نے ہر بحران کا مقابلہ کیا ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ جو تہذیبیں ماضی میں خوشحال سمجھی جاتی تھیں، اب کس طرح تباہی کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے آزادی کے بعد کی حکومتوں پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے سیاسی فائدے کے لیے اپنی ثقافت اور شناخت پر شرمندہ ہونے کا رجحان شروع کیا اور بھارت کے مقدس مقامات کی اہمیت کو سمجھنے میں ناکام رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں اسے 'وکاس' (ترقی) اور 'وراثت' (ورثے) دونوں پر مرتکز پالیسیوں کی مدد سے درست کیا گیا ہے۔ آسام کے لوگوں کے لیے ان پالیسیوں کے فوائد کی وضاحت کرتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے ریاست میں تاریخی اور روحانی مقامات کو جدید سہولیات سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا، اس قدم کا مقصد ان مقامات کو محفوظ رکھنا اور ترقی کو تیز کرنا ہے۔ آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم جیسے ممتاز تعلیمی اداروں کی توسیع کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے یہ صرف بڑے شہروں میں قائم ہوتے تھے۔تاہم، اب آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ایمس جیسے ادارے ملک بھر میں پھیل چکے ہیں اور آسام میں میڈیکل کالجوں کی مجموعی تعداد جو پہلے 6 تھی ، اب بڑھ کر 12 ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ یہ ریاست جلد ہی شمال مشرق میں کینسر کے علاج کا مرکز بن جائے گی۔

وزیر اعظم مودی نے غریبوں کے لیے 4 کروڑ پکے مکانات کی تعمیر، نل  کے ذریعہ پانی کے کنکشن، بجلی، اُجووَلا یوجنا کے تحت کھانا پکانے کے گیس کے کنکشن اور سوَچھ بھارت کے تحت بیت الخلاء کی تعمیر کا ذکر کیا اور بتایا کہ "زندگی میں آسانی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے"۔

وزیر اعظم مودی نے اس بات پر زور دیا کہ وراثت کے ساتھ ساتھ ترقی پر حکومت کی توجہ نے ہندوستان کے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر فائدہ پہنچایا ہے۔ ملک میں سیاحت اور دھارمِک یاترا کے لیے بڑھتے ہوئے جوش و خروش کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کاشی گلیارے کی تکمیل کے بعد وارانسی میں عقیدت مندوں کی ریکارڈ آمد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ "گزشتہ برس ، 8.50 کروڑ لوگوں نے کاشی کے درشن کیے، 5 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے اجین میں مہاکال لوک کے درشن کیے، اور 19 لاکھ سے زیادہ عقیدت مندوں نے کیداردھام کے درشن کیے"۔ وزیر اعظم مودی نے یہ بھی بتایا کہ ایودھیا میں رام مندر کی پران پرتشٹھا کے بعد گزشتہ 12 دنوں میں 24 لاکھ سے زیادہ لوگ ایودھیا کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ماں کاماکھیا دیویا لوک پریوجنا کی تکمیل کے بعد یہاں بھی ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خواہ وہ رکشہ چلانے والا ہو، ٹیکسی ڈرائیور ہو، ہوٹل کا مالک ہو یا سڑک پر کوئی دُکاندار ہو، یاتریوں اور عقیدت مندوں کی آمد سے غریب ترین افراد کی روزی روٹی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اس سال کے بجٹ میں سیاحت پر حکومت کی توجہ کے بارے میں بھی بات کی۔ وزیر اعظم مودی نے اس سلسلے میں شمال مشرقی ریاستوں کے سامنے موجود بے شمار مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "مرکزی حکومت تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کی ترقی کے لیے نئی اسکیمیں شروع کرنے والی ہے"۔ لہٰذا، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی پر خصوصی زور دے رہی ہے۔

گذشتہ 10 برسوں میں شمال مشرق میں سیاحوں کی آمد کی ریکارڈ تعداد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ اگرچہ اس خطے کی خوبصورتی اس سے پہلے بھی موجود تھی، تاہم سابقہ حکومتوں کے ذریعہ نظرانداز کیے جانے کے سبب تشدد اور وسائل کی قلت کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد انتہائی کم رہتی تھی۔ وزیر اعظم نے خطے میں ناقص ہوا، ریل اور سڑک کنکٹیویٹی کا ذکر کیا جہاں ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک کے سفر میں گھنٹوں صرف ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ریاست میں ہمہ جہت ترقی کا سہرا مرکز اور ریاستی سطح پر ڈبل انجن والی حکومت کے سرباندھا۔

وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ حکومت نے خطے کے ترقیاتی اخراجات میں 4 گنا اضافہ کیا ہے۔ 2014 سے قبل اور اس کے بعد کا موازنہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ بچھائی گئی ریلوے ٹریکس کی طوالت میں 1900 کلومیٹر سے زائد کا اضافہ کیا گیا، ریلوے بجٹ میں تقریباً 400 فیصد اضافہ کیا گیا اور 2014 تک 10,000 کلومیٹر کے مقابلے میں گزشتہ 10 برسوں میں 6 ہزار کلومیٹر طویل نئی قومی شاہراہیں تعمیر کی گئیں۔ آج کے پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے ایٹا نگر سے رابطہ مضبوط ہوگا۔

"مودی کی گارنٹی کا مطلب تکمیل کی ضمانت ہے"، وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے غریبوں، خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کو بنیادی سہولیات کی ضمانت دینے کا ذکر کیا۔ انہوں نے وکشت بھارت سنکلپ یاترا اور ’’مودی کی گارنٹی وہیکل‘‘ کا ذکر کیا جس کا کام سرکاری اسکیموں سے محروم لوگوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ملک بھر میں تقریباً 20 کروڑ لوگوں نے وکاس بھارت سنکلپ یاترا میں براہ راست حصہ لیا ہے۔ آسام کے لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی اس کے فوائد حاصل کیے ہیں‘‘۔

مرکز کی تصوریت ساجھا کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ہر شہری کی زندگی کو آسان بنانے کا اعادہ کیا، انہوں نے کہ اس سال کے بجٹ کے اعلانات میں بھی اس عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ اس سال حکومت نے بنیادی ڈھانچے پر 11 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر پر اس طرح کے اخراجات سے زیادہ روزگار پیدا ہوتا ہے اور ترقی کو رفتار ملتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2014 سے قبل گذشتہ 10 برسوں میں آسام کے لئے مجموعی طور پر بنیادی ڈھانچے کا بجٹ 12 لاکھ کروڑ روپئے کے بقدر تھا۔

وزیراعظم نے گزشتہ 10 برسوں میں ہر گھر کو بجلی کی فراہمی پر حکومت کے زور کو دہرایا۔ انہوں نے اس سال کے بجٹ میں روف ٹاپ سولر اسکیم کے آغاز کے ساتھ بجلی کے بلوں کو صفر کرنے کے سلسلے میں لیے گئے فیصلے کے بارے میں بتایا جس کے تحت حکومت ایک کروڑ کنبوں کو سولر روف ٹاپس لگانے میں مدد فراہم کرے گی۔ اس سے ان کا بجلی کا بل بھی صفر ہو جائے گا اور عام کنبے اپنے گھر پر بجلی پیدا کر کے پیسہ کما سکیں گے۔

ملک میں 2 کروڑ لکھ پتی دیدی بنانے کی گارنٹی کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ گذشتہ برس یہ تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی اور اب اس سال کے بجٹ میں 3 کروڑ لکھ پتی دیدی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام کی لاکھوں خواتین بھی اس سے مستفید ہوں گی۔ انہوں نے سیلف ہیلپ گروپوں سے وابستہ تمام خواتین کے لیے نئے مواقع اور آیوشمان اسکیم میں آنگن واڑی اور آشا ورکروں کی شمولیت پر بھی بات کی۔

وزیر اعظم نے کہا، "مودی دن رات کام کرنے اور فراہم کردہ گارنٹیوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے"۔انہوں نے مزید کہا کہ شمال مشرق کو مودی کی گارنٹی پر بھروسہ ہے۔ انہوں نے آسام کے ان علاقوں ، جو کبھی مسائل سے دوچار اور تشدد کا شکار تھے ،میں مستقل امن کے قیام اور ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازعات کے حل کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ "یہاں 10 سے زیادہ بڑے امن معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمال مشرق میں ہزاروں نوجوانوں نے تشدد کا راستہ ترک کیا ہے اور گزشتہ چند برسوں میں ترقی کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے آسام کے 7000 سے زیادہ نوجوانوں نے بھی ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور انہوں نے ملک کی ترقی میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا عہد کیا ہے۔ بہت سے اضلاع میں افسپا کو ہٹانے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ جو علاقے تشدد سے متاثر ہوئے ہیں، وہاں آج حکومت کے تعاون سے عوام کی امنگوں کے مطابق ترقی کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے اہداف کے طے کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سابقہ حکومتوں کے پاس مقاصد کی کمی تھی اور وہ محنت کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ انہوں نے شمال مشرق کے مشرقی ایشیا کی طرح ترقی کرنےکا خیال پیش کیا، جس سے شمالی اور مشرقی ایشیاء میں توسیعی رابطے کی سہولت حاصل ہوگی۔ ریاست میں متعدد سڑکوں کو جنوبی ایشیا کے ذیلی علاقائی اقتصادی تعاون کے تحت اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے شمال مشرق کو تجارتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اس خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے، مشرقی ایشیا کی طرح اپنے خطے کی ترقی کا مشاہدہ کرنے کے لیے شمال مشرق کے نوجوانوں کی خواہشات کا اعتراف کیا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اور اس کے شہریوں کے لئے ایک پرمسرت اور خوشحال زندگی کا ہدف آج کئے گئے تمام ترقیاتی کاموں کی بنیادی وجہ ہے۔ وزیر اعظم مودی نے آسام اور شمال مشرق کے ذریعہ ادا کیے جانے والے بڑے کردار کی توثیق کرتے ہوئے اپنی تقریر کے آخر میں کہا "مقصد بھارت کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانا ہے۔ مقصد 2047 تک وکست بھارت کا قیام ہے”۔

آسام کے گورنر جناب گلاب چند کٹاریا، آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا شرما اور بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں اور آیوش کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال ، وغیرہ اس موقع پر موجود تھے۔

پس منظر

مذہبی مقامات کا دورہ کرنے والے افراد کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرانے پر وزیر اعظم کی کلیدی توجہ رہی ہے۔ اس کوشش کے سلسلے میں ایک اور قدم کے تحت، جن کلیدی پروجیکٹوں کا وزیر اعظم نے سنگ بنیاد رکھا تھا، ان میں سے ایک ماں کاماکھیا دیویا پریوجنا (ماں کاماکھیا ایکسیس کوریڈور) بھی شامل ہے، جسے شمال مشرقی علاقے کے لیے وزیر اعظم کے ترقیاتی اقدام (پی ایم - ڈیوائن)کے تحت منظور کیا گیا ہے۔ یہ کاماکھیا مندر جانے والے عقیدت مندوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے 3400 کروڑ روپے کے بقدر کے سڑکوں کی تجدید کاری کے متعدد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا، جس کے تحت 38 پلوں سمیت 43 سڑکوں کو جنوبی ایشیائی ذیلی علاقائی اقتصادی تعاون (ایس اے ایس ای سی) گلیارہ کنیکٹیویٹی کے جزو کے طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے دو 4 لین والے پروجیکٹوں - ڈولاباری سے جموگوری اور بسوناتھ چاریالی سے گوہپور -کا افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ ایٹا نگر سے رابطے کو بہتر بنانے اور خطے کی مجموعی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔

اس خطے کی کھیلوں کی زبردست صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے وزیر اعظم نے ریاست میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لیے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں چندر پور میں ایک بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس اسٹیڈیم اور نہرو اسٹیڈیم کو فیفا کے معیاری فٹ بال اسٹیڈیم کے طور پر اپ گریڈ کرنا شامل ہے۔

وزیر اعظم نے گوہاٹی میڈیکل کالج اور اسپتال کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس کے علاوہ کریم گنج میں میڈیکل کالج کی ترقی کا سنگ بنیاد بھی ان کے ذریعے رکھا گیا۔

 

**********

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:4393



(Release ID: 2002388) Visitor Counter : 68