وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم نے کیرالہ  کے شہرکوچی میں 4000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو قوم کے نام وقف کیا


’’آج، جب ہندوستان عالمی تجارت کا ایک بڑا مرکز بن رہا ہے، ہم ملک کی سمندری طاقت کو بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں‘‘

’’گزشتہ 10 سالوں میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور اندرون ملک آبی گزرگاہوں کے شعبوں میں ’کاروبار کرنے میں آسانی‘ کو بڑھانے کے لیے بہت سی اصلاحات کی گئی ہیں‘‘

’’دنیا، عالمی تجارت میں ہندوستان کی صلاحیت اور پوزیشن کو تسلیم کر رہی ہے‘‘

’’میری ٹائم امرت کال ویژن، وکست بھارت کے لیے، ہندوستان کی سمندری صلاحیت کو تقویت دینے کے لیے ایک روڈ میپ پیش کرتا ہے‘‘

’’کوچی میں نئی خشک گودی ہندوستان کا قومی فخر ہے‘‘

’’کوچی شپ یارڈ، ملک کے شہروں میں جدید اور سبز پانی کے رابطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے‘‘

Posted On: 17 JAN 2024 2:02PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج کیرالہ کے شہر کوچی میں 4000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے تین بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ آج افتتاح کیے جانے والے پروجیکٹوں میں کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل) میں نیو ڈرائی ڈاک (این ڈی ڈی)، سی ایس ایل کی بین الاقوامی جہاز کی مرمت کی سہولت (آئی ایس آر ایف) اور کوچی کے پوتھووپیین میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کا ایل پی جی درآمدی ٹرمینل شامل ہیں۔ یہ بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ،ہندوستان کی بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے شعبے کو تبدیل کرنے اور اس میں صلاحیت اور خود کفالت پیدا کرنے کے وزیر اعظم کے وژن کے  عین مطابق ہیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے آج صبح مندر میں بھگوان گروویارپّن کے اپنے درشن کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے ایودھیا دھام میں مہارشی والمیکی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حالیہ افتتاح کے موقع پر اپنی تقریر میں کیرالہ کے مقدس مندروں کا ذکر بھی  کیا، جو رامائن سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایودھیا دھام میں پران پرتشٹھا سے چند دن قبل راما سوامی مندر میں درشن کرنے کا سوبھاگیہ حاصل ہونے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح کیرالہ کے فنکاروں کی خوبصورت پیشکش نے کیرالہ میں اودھ پوری کا احساس دلایا۔

امرت کال کے دوران، ہندوستان کو ’وکست بھارت‘ بنانے کے سفر میں ہر ریاست کے کردار پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نریندر  مودی نے زمانہ قدیم  میں ہندوستان کی خوشحالی  کے دورمیں بندرگاہوں کے کردار کو یاد کیا اور بندرگاہوں کے لئے اسی طرح کے کردار کا تصور کیا، جب ہندوستان نئی پیش قدمی کر رہا ہے اور عالمی تجارت کا ایک بڑا مرکز بن رہا ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کوچی جیسے بندرگاہی شہروں کی طاقت کو بہتر بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے بندرگاہ کی صلاحیت میں اضافہ، بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور ساگرمالا پروجیکٹ کے تحت بندرگاہوں کے بہتر رابطے کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ملک کی سب سے بڑی خشک گودی کا ذکر کیا، جو آج کوچی کو ملی ہے۔ جہاز سازی، جہاز کی مرمت اور ایل پی جی امپورٹ ٹرمینل جیسے دیگر پروجیکٹس بھی کیرالہ اور ملک کے جنوبی علاقے میں ترقی کو رفتار دیں گے۔ انہوں نے کوچی شپ یارڈ کے ساتھ ’میڈ ان انڈیا‘ طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کی تعمیر کے اعزاز کا بھی ذکر کیا۔ نئی سہولیات، شپ یارڈ کی صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ کریں گی۔

وزیر اعظم نے گزشتہ 10 سالوں میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے شعبے میں کی گئی اصلاحات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سے ہندوستان کی بندرگاہوں میں نئی سرمایہ کاری آئی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی بحری جہازوں سے متعلق قوانین میں اصلاحات کی وجہ سے، ملک میں بحری جہازوں کی تعداد میں 140 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے اندر، اندرون ملک آبی گزرگاہوں کے استعمال سے مسافروں اور مال برداری اور اس کی نقل وحرکت کو بڑا فروغ ملا ہے۔

’’سب کا پرایاس بہتر نتائج دیتا ہے‘‘؛ وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بندرگاہوں نے پچھلے 10 سالوں میں دو ہندسوں کی  شرح سے سالانہ ترقی حاصل کی ہے۔ وزیر اعظم نے یاد دہانی کرائی کہ 10 سال پہلے تک، بندرگاہوں پر جہازوں کو کافی لمبا انتظار کرنا پڑتا تھا اور ان لوڈنگ میں بہت وقت لگتا تھا۔ ’’آج، صورت حال بدل گئی ہے‘‘، جناب مودی نے یہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ وقت کی بات آتی ہے ،تو ہندوستان نے کئی ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے مشرق وسطیٰ-یورپ اقتصادی راہداری کے حوالے سے ہندوستان کی جی20 صدارت کے دوران کئے گئے معاہدوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ’’دنیا عالمی تجارت میں ہندوستان کی صلاحیت اور پوزیشن کو تسلیم کر رہی ہے‘‘ ۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ-یورپ اقتصادی راہداری، ہندوستان کی ساحلی معیشت کو فروغ دے کر وکست بھارت کے قیام کو مزید مضبوط کرے گی۔ وزیر اعظم نے حال ہی میں شروع کیے گئے میری ٹائم امرت کال ویژن پر بھی روشنی ڈالی جو وکست بھارت کے لیے، ہندوستان کی سمندری صلاحیت کو تقویت دینے کے لیے ایک روڈ میپ پیش کرتا ہے۔ انہوں نے ملک میں میگا پورٹس، جہاز سازی اور جہازوں کی مرمت کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے حکومت کی کوششوں کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نریندر  مودی نے کہا کہ نئی خشک گودی ہندوستان کا قومی فخر ہے۔ اس سے نہ صرف بڑے جہازوں کو گودی میں لے جایا جا سکے گا، بلکہ یہاں جہاز سازی اور جہازوں کی مرمت کا کام بھی ممکن ہو سکے گا؛ بیرونی ممالک پر انحصار کم ہو گا اور زرمبادلہ کی بھی بچت ہو گی۔

 

بین الاقوامی جہاز کی مرمت کی سہولت کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کوچی کو ہندوستان اور ایشیا کے سب سے بڑے جہاز کی مرمت کے مرکز میں تبدیل کر دے گا۔ آئی این ایس وکرانت کی تیاری میں متعدد ایم ایس ایم ایز کے  یکجا  ہونے کی تشبیہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے اتنی بڑی جہاز سازی اور مرمت کی سہولیات کے افتتاح کے ساتھ ایم ایس ایم ایز کے ایک نئے ماحولیاتی نظام کی تشکیل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا ایل پی جی امپورٹ ٹرمینل کوچی، کوئمبٹور، ایروڈ، سیلم، کالی کٹ، مدورائی اور تریچی کی ایل پی جی ضروریات کو پورا کرے گا، جبکہ ان علاقوں میں صنعتوں، دیگر اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں اور نئی ملازمتوں کی تخلیق میں بھی مدد کرے گا۔

وزیر اعظم نے کوچی شپ یارڈ کی گرین ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کی اولین پوزیشن اور ’میک ان انڈیا‘ جہاز بنانے میں اس کی اولین حیثیت کو واضح کیا۔ وزیر اعظم نے کوچی واٹر میٹرو کے لیے بنائے گئے برقی جہازوں کی بھی تعریف کی۔ ایودھیا، وارانسی، متھرا اور گوہاٹی کے لیے الیکٹرک ہائبرڈ مسافر فیری یہاں بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’کوچی شپ یارڈ ملک کے شہروں میں جدید اور سبز پانی کے رابطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے‘‘ ۔ انہوں نے ناروے کے لیے زیرو ایمیشن الیکٹرک کارگو فیریز کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ دنیا کے پہلے ہائیڈروجن ایندھن والے فیڈر کنٹینر برتن پر کام جاری ہے۔ وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ ’’کوچی شپ یارڈ ہندوستان کو ہائیڈروجن ایندھن پر مبنی ٹرانسپورٹ کی طرف لے جانے کے ہمارے مشن کو مزید تقویت دے رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد ملک کو دیسی ہائیڈروجن فیول سیل فیری بھی ملے گی‘‘۔

وزیر اعظم نے  نیلگوں معیشت  اور بندرگاہوں سے ہونے والی ترقی میں ماہی گیر برادری کے کردار کو اجاگر کیا۔ جناب مودی نے گزشتہ 10 سالوں میں مچھلی کی پیداوار اور برآمدات میں کئی گنا اضافے کا سہرا ،پی ایم متسیہ سمپدا یوجنا کے تحت، نئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی ترقی، گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لیے جدید کشتیوں کے لیے ،کسانوں کی خطوط پر ،مرکزی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سبسڈی اور ماہی گیروں کے لیے کسان کریڈٹ کارڈ کو دیا۔  انہوں نے کہا کہ حکومت سمندری خوراک کی پروسیسنگ کے شعبے میں ہندوستان کے تعاون کو بڑھانے کے لئے تحریک دے رہی ہے، جس سے ماہی گیروں کی آمدنی میں زبردست اضافہ ہوگا اور ان کی زندگی آسان ہوگی۔ وزیر اعظم نے کیرالہ کی تیز رفتار ترقی کی خواہش کرتے ہوئے اختتام  کلمات کہے  اور نئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے شہریوں کو مبارکباد دی۔

کیرالہ کے گورنر جناب عارف محمد خان، کیرالہ کے وزیر اعلیٰ جناب پنارائی وجین، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال اس موقع پر موجود تھے۔

پس منظر

نئی ڈرائی ڈاک، کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل)، کوچی کے موجودہ احاطے میں تقریباً 1800 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ایک اہم پروجیکٹ ہے ،جو نئے ہندوستان کی انجینئرنگ کی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ایک قسم کی 310 میٹر طویل سلسلہ جاتی خشک گودی  ہے، جس کی چوڑائی 75/60 میٹر، گہرائی 13 میٹر اور جہازوں کو کھینچنے کی صلاحیت  9.5 میٹر تک ہے۔ یہ خطے کے سب سے بڑے سمندری  بنیادی ڈھانچے  میں سے ایک ہے۔ نیو ڈرائی ڈاک پروجیکٹ میں بھاری گراؤنڈ لوڈنگ کی خصوصیت ہے، جو ہندوستان کو 70000 ٹن تک کے مستقبل کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی نقل مکانی کے ساتھ ساتھ ،بڑے تجارتی جہازوں کو سنبھالنے کے لیے جدید صلاحیتوں کے ساتھ پوزیشن دے گا، اس طرح ہنگامی قومی ضروریات کے لیے ہندوستان کا بیرونی ممالک پر انحصار ختم ہو جائے گا۔

تقریباً 970 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے انٹرنیشنل شپ ریپیئر فیسیلٹی (آئی ایس آر ایف) پروجیکٹ میں 6000 ٹن کی گنجائش کے ساتھ جہاز کا لفٹ سسٹم، ایک ٹرانسفر سسٹم، چھ ورک سٹیشن اور تقریباً 1400 میٹر کی برتھ ہے، جس میں بیک وقت  130 میٹر کی لمبائی  کے 7 جہاز سما سکتے ہیں۔  آئی ایس آر ایف سی ایس ایل کی موجودہ جہاز کی مرمت کی صلاحیتوں کو جدید بنائے گا انھیں اور وسعت دے گا نیز یہ کوچی کو ایک عالمی جہاز کی مرمت کے مرکز میں تبدیل کرنے کی طرف ایک قدم ہوگا۔

کوچی میں پوتھویپین کے مقام پر  انڈین آئل کا ایل پی جی امپورٹ ٹرمینل  تقریباً 1236 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، جو جدید ترین سہولیات کا حامل ہے۔ 15400 ایم ٹی اسٹوریج کی گنجائش کے ساتھ، ٹرمینل خطے میں لاکھوں گھرانوں اور کاروباروں کے لیے ایل پی جی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ یہ پروجیکٹ سبھی کے لیے قابل رسائی اور سستی توانائی کو یقینی بنانے کے لیے ہندوستان کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔

ان 3 منصوبوں کے شروع ہونے سے، ذیلی صنعتوں سمیت ملک کی جہاز سازی اور مرمت سازی کی صلاحیتوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ یہ منصوبے ایگزم تجارت کو بھی فروغ دیں گے، لاجسٹکس کے اخراجات کو کم کریں گے، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائیں گے، خود انحصاری پیدا کریں گے اور متعدد ملکی اور بین الاقوامی کاروباری مواقع پیدا کریں گے۔

********

(ش ح ۔ا ع۔ ر ا)     

U.No.3702



(Release ID: 1996914) Visitor Counter : 104