نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

 نائب صدر جمہوریہ کہا کہ تمام  پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو مثبت سمت دینے کے لیے مقننہ میں ہم آہنگی کے ساتھ  کام کریں


ایوان میں خلل کی مدت کم ہوتی ہے، جس سے حکومت کو جوابدہ ٹھہرانے کا موقع ضائع ہوجاتا ہے –نائب صدر

لوگ سڑکوں پر اس وجہ سے  نکل آتے ہیں کہ قانون ساز ان کے  مسائل پر بات کرنے میں ناکام رہتے ہیں - نائب صدر

سیاسی جماعتوں کو قانون سازوں کو مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی آزادی دینی چاہیے - نائب صدر

نائب صدر نے کہا  کہ مقننہ کسی  بھی ملک کی ترقی کا سرچشمہ  ہوتی ہے

میں حیران ہوں کہ ہمارے آئین کی اصل کاپی میں شامل بھگوان رام اور کرشن کی تصاویر اکثر آئین کی  ان کاپیوں سے غائب کیوں  ہیں جنہیں لوگ پڑھتے ہیں- نائب صدر

نائب صدرنے کہاکہ حزب اختلاف مقننہ کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرتی ہے

نائب صدرنے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ دستور ساز اسمبلی کے کام کاج کے طریقوں کی  تقلید کریں

نائب صدر جمہوریہ نے  راجستھان قانون ساز اسمبلی کے نو منتخبہ اراکین سے خطاب کیا

Posted On: 16 JAN 2024 4:02PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ ، جناب جگدیپ دھنکھڑ نے قانون سازاسمبلی کے تمام اراکین کی ذمہ داری پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے پارٹی لائن سے بالاتر ہوکر مل کر کام کریں۔ کسی ملک کی ترقی اورنشوونماء کے لیے مقننہ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ مقننہ ریاست کے تمام اداروں بشمول عاملہ  اور عدلیہ کے درمیان توازن کو یقینی بنانے میں کلیدی رول ادا کرتی ہے۔

آج جے پور میں راجستھان قانون ساز اسمبلی کے نومنتخبہ اراکین سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے جان بوجھ کر خلل ڈالنے اور رخنہ پیداکرنے کے حربوں سے خبردار کیا۔ انہوں نے  کہا کہ اس طرح کی حکمت عملیوں کی ‘کم شیلف لائف’ ہوتی ہے، اور اس سے ایوان میں حکومت کو جوابدہ ٹھہرانے کے مواقع ضائع ہوتے ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ اکثر لوگ بعض شکایات کے ساتھ سڑکوں پر نکل آتے ہیں کیونکہ ایوان کے فلور پر ایسے مسائل پر مناسب توجہ نہیں دی جاتی ہے۔

ایوان کی ‘ریڑھ کی ہڈی’ کے طور پر اپوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے، نائب صدر نے کہا کہ اراکین کو اختلافی معاملات نکالنے  کی بجائے عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختلف نقطہ نظر کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کو اولین اہمیت دی جانی چاہیے اور اسے سیاسی نقطہ  نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

سیاسی جماعتوں سے پریزائیڈنگ آفیسر کی غیرجانبداری کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نائب صدر نے کہاکہ   وہ عوامی نمائندوں کو آزادانہ طور پر ایوان کے سامنے اپنا نقطہ نظر پیش کرنے دیں۔ قانون سازوں کو اپنے کام کاج میں آئین ساز اسمبلی کی تقلید کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ان سے اپیل کی کہ وہ پارلیمانی جمہوریت کی بنیاد کے طور پر‘مذاکرات، بحث، مباحثہ اور غور و فکر’ کو برقرار رکھیں۔

تمام شعبوں میں ہندوستان کی طرف سے کی گئی پیش رفت کی تعریف کرتے ہوئے، نائب صدر نے زور دیا کہ یہ نہ صرف قانون سازوں کے ذریعے ادا کیے گئے مثبت رول کا نتیجہ ہے، بلکہ ہندوستانی شہریوں کے ‘خون اور پسینے’ کا بھی نتیجہ ہے۔ عوامی بہبود کے لیے قوانین کو عملی شکل دینے میں عاملہ کے ذریعہ  ادا کیے جانے والے رول  کا اعتراف کرتے ہوئے، جناب  دھنکھڑ نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین کو تعاون کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔

ہندوستان کے آئین میں دی گئی مثالوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے بنیادی حقوق کے سیکشن میں بھگوان رام، سیتا اور لکشمن کی تصاویر  کشی کاذکر کیا اور ریاستی پالیسی کے  ہدایتی اصولوں کے سیکشن میں بھگوان کرشن کے ذریعہ  ارجن کو گیتا کاگیان دیئے جانے کا ذکر کیا۔جناب  دھنکھڑ نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اس طرح کے کلیدی حصے کتابوں  میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں اور لوگوں کی توجہ میں نہیں لائے گئے۔

اس موقع پر راجستھان کے وزیر اعلی جناب  بھجن لال شرما، راجستھان قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب  واسودیو دیونانی اور ممبران پارلیمنٹ دیگرمعززین کے ساتھ  موجود تھے۔

 

یہ بھی پڑھیں ۔ نائب صدرجمہوریہ کی تقریرکے اہم اقتباسات – راجستھان کے نومنتخبہ ارکان اسمبلی کے لئے نائب صدرجمہوریہ جناب جگدیپ دھنکھڑ کے ذریعہ رخ بند ی پروگرام کا افتتاح ۔

*********

 (ش ح۔اگ ۔ع آ)

U-3665



(Release ID: 1996692) Visitor Counter : 67


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil