کامرس اور صنعت کی وزارتہ

جناب  پیوش گوئل نے انڈس فوڈ  2024  نمائش  کا افتتاح کیا ؛ جس میں ہندوستان کے متحرک اور متنوع فوڈ ایکو سسٹم کو دکھایا جارہا ہے


جناب گوئل نے عالمی منڈیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے ہندوستان کی متنوع فوڈ انڈسٹری کی تعریف کی

جناب گوئل نے گزشتہ 9  برسوں میں پروسیسڈ فوڈ کی برآمدات میں 150 فیصد اضافے اور 53 بلین امریکی ڈالر کی زرعی برآمدات  کا ذکر کیا

جناب گوئل نے کسانوں کو بہتر قیمت فراہم کرنے  ،  روزگار پیدا کرنے اور ملک کی آمدنی کو بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر فوڈ پروسیسنگ  ،  مصنوعات کی برانڈنگ  ،  اور ایکسپورٹ فوکس کی ضرورت پر زور دیا

جناب گوئل نے خوراک کے شعبے میں خواتین کے اہم  رول پر زور دیا اور صنعتوں  کے  درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا 

Posted On: 08 JAN 2024 3:39PM by PIB Delhi

کامرس و صنعت  ،  امور صارفین  ،  خوراک اور عوامی  نظام تقسیم اور ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے انڈیا ایکسپوزیشن مارٹ  ،  گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے والی ہندوستان کے متحرک اور متنوع فوڈ ایکو سسٹم کی نمائش کے لیے ‘انڈس فوڈ 2024’ نمائش کا افتتاح کیا ۔   نمائش کے افتتاح کے موقع پر ایک متاثر کن خطاب کرتے ہوئے ،  وزیر  موصوف نے عالمی منڈیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے ،  ہندوستان کی متنوع فوڈ انڈسٹری کی تعریف کی ۔

ہندوستان کے فوڈ پروسیسنگ سیکٹر پر بات کرتے ہوئے ،  جناب  گوئل نے گزشتہ نو  برسوں کے دوران پروسیسڈ فوڈ کی برآمدات میں 150 فیصد اضافے کو ظاہر  کیا ۔   وزیر موصوف نے بتایا کہ  مجموعی طور پر ہندوستان کی زرعی برآمدات تقریباً 53 بلین امریکی ڈالر کی  رہی ہیں  ۔  جناب پیوش گوئل نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ذائقے کے امتزاج کا وقت آگیا ہے ۔  انہوں نے کسانوں کو بہتر قیمت فراہم کرنے ،  روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی کمائی کو بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر فوڈ پروسیسنگ ،  مصنوعات کی برانڈنگ اور برآمدات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیر  موصوف نے عالمی سطح پر ہندوستانی کھانوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو تسلیم کیا ۔  انہوں نے ملک کے متنوع ایگرو کلائمیٹ زونز ،  158 فوڈ اینڈ ایگری جیوگرافیکل انڈیکیشنز (جی آئیز) اور ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ (او ڈی او پی) اقدام کے تحت اضلاع میں 708 منفرد کھانے کی اشیاء کی شناخت پر زور دیا ۔  

انہوں نے حکومت کے غذائی تحفظ کے اقدامات جیسے کہ ‘پردھان منتری غریب کلیان ان یوجنا’ ،  81 کروڑ لوگوں کو مفت اناج فراہم کرنے اور ملک میں بھوک سے ہونے والی اموات کو  پوری طرح ختم  کیے جانے کو یقینی بنانے کی تعریف کی ۔  مزید برآں ،  انہوں نے ‘بھارت آٹا’ اور ‘بھارت دال’ جیسے اسٹریٹجک اقدامات کے ذریعے غذائی افراط زر کو کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی ۔

وزیر  موصوف نے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر ہندوستان کی اقتصادی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور  اس کامیابی کا سہرا ٹھوس میکرو اکنامک بنیادوں اور نوجوانوں کی آبادیاتی بہتر صورتحال کو قرار دیا ۔  انہوں نے ہندوستانی کھانوں کی لذتوں کو فروغ دینے کا سہرا سوشل میڈیا اور عالمی انفلوئینسروں  کو دیا ،  جس کے نتیجے میں متنوع علاقائی کھانوں کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ۔  جناب  پیوش گوئل نے ہندوستان کے مخصوص ذائقوں ،  مسالوں اور خوشبوؤں کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی کھانوں کے بھرپورہونے کو اجاگر کیا ۔  

جناب گوئل نے خوراک کے شعبے میں خواتین کے اہم رول پر زور دیا اور مسابقتی جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے صنعتوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔  انہوں نے صنعت سے اپیل کی کہ وہ  منجمد ،  پیک شدہ اور کھانے کے لیے تیار کھانے ،  مہارت کی ترقی کی حوصلہ افزائی ،  یونیورسٹی کے تبادلے کے پروگراموں اور سیکٹر میں اسٹارٹ اپ پر توجہ دیں ۔  وزیر  موصو ف نے صنعت  سے اپیل کی کہ وہ کوالٹی ،  غذائیت ،  نامیاتی اجزاء اور ماحول دوست پیکیجنگ کو ترجیح دیں ،  اور  انہوں نے خوراک کی غذائیت اور پائیداری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ۔

جناب  پیوش گوئل نے انڈس فوڈ کے ساتویں ایڈیشن کی نمایاں کامیابیوں اور شاندار حصولیابیوں کی تعریف کی اور اسے جنوبی ایشیا میں کھانے اور مشروبات کی عمدہ کارکردگی کا مرکز قرار دیا ۔  انہوں نے اس تقریب کی بین الاقوامی اہمیت پر روشنی ڈالی ،  جس میں انڈیا گلوبل کلنری ایکسچینج کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا  ،  جس میں 20 سرکردہ بین الاقوامی شیفوں کا خیرمقدم کیا گیا تاکہ وہ ملک کے پکوان کی بہترین کارکردگی کا تجربہ کریں ۔

دنیا کے سب سے بڑے میلوں کی میزبانی کے لیے ہندوستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ،  وزیر  موصوف نے مختلف نمائشوں کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر دہلی کی صلاحیت پر زور دیا ۔  انہوں نے بھارت منڈپم میں جاری آتم نربھر بھارت اتسو پر روشنی ڈالی اور اگلے مہینے میں آنے والے بھارت موبیلٹی کا اعلان کیا ،  اس کے بعد فروری 2024 کے آخر میں بھارت ٹیکس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ آنے والے برسوں میں اس سے بھی بڑی نمائشوں کے لیے ماحول تیار کرنے کے بارے میں انہوں نے اپنے ویژن کے بارے میں بتایا ۔ سال 2025 کو ملٹی وینیو ،  بڑے پیمانے پر شوز کے سال کے طور پر تصور کرتے ہوئے ،  انہوں نے  ہندوستان کے لیے دنیا کے سب سے بڑے فوڈ میلے کی میزبانی کرنے کی خواہش ظاہر کی ،  جس سے عالمی معیارات مرتب ہوئے ۔

*************

ش ح   ۔  ا گ  ۔   ت ح

U. No.  3377



(Release ID: 1994251) Visitor Counter : 72


Read this release in: English , Hindi , Telugu