وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

شہید جوانوں  کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ جوانوں، سابق جوانوں اور ان کے زیر کفالت افراد کی بہبود ملک کی اجتماعی ذمہ داری ہے: وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ


’’حکومت ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کر رہی ہے۔ جو کوئی بھی ملک پر بری نظر ڈالے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا‘‘

Posted On: 30 DEC 2023 8:33PM by PIB Delhi

 یہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ شہید جوانوں کے اہل خانہ، برسرِ خدمت جوانوں اور سبک دوش جوانوں کے ساتھ ساتھ ان کے زیر کفالت افراد کی بہبود کو یقینی بنائے، جن کی بے مثال قربانی، عزم اور حب الوطنی ایک محفوظ اور خوشحال بھارت کی بنیاد ہے۔ یہ بات وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 30 دسمبر، 2023 کو سورت، گجرات میں ایک این جی او کی جانب سے شہید جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ کی مدد کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان بہادروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک ہمیشہ ان جوانوں کا مقروض رہے گا جو مادر وطن کے اتحاد ، سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں۔ انھوں نے حکومت کے ’انڈیا فرسٹ، سکیورٹی فرسٹ‘ نقطہ نظر کے ساتھ اپنے فرائض کو کامیابی سے انجام دینے کے لیے مسلح افواج کے جوانوں کی ستائش کی اور کہا کہ لوگ قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سرحدیں محفوظ ہیں۔ انھوں نے ان ہیروں کی تیاری کے لیے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی چمک پورے ملک کو روشن کرتی ہے۔

رکشا منتری نے ہیرے بنانے کے عمل کی نوجوانوں کو غیر معمولی جوانوں میں تبدیل کرنے کے عمل کے درمیان مماثلت پیش کی’’  جس طرح بہت زیادہ درجہ حرارت اور دباؤ کاربن کے ایٹموں کو ہیروں میں تبدیل کر دیتا ہے، اسی طرح چیلنج سے بھرپور وہ حالات، جن میں جوان قوم کی خدمت کرتے ہیں، عام نوجوانوں کو ہیروں میں تبدیل کرتے ہیں۔ اپنی چمک کے ساتھ، یہ ہیرے پھر ہمیں اندھیرے سے بچاتے ہیں۔‘‘

جناب راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر کاروباری رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ذاتی فائدے پر قوم کی تعمیر کو ترجیح دیں اور اس بات پر زور دیا کہ پیسے کو زندگی کے حتمی مقصد کے بجائے ایک ذریعہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ انھوں نے گجرات کی تاریخی اہمیت اور ملک کی ترقی میں اس کے کردار کے بارے میں بھی بات کی۔ گجرات شاعر نرسنگھ مہتا جیسی ممتاز شخصیات کی جائے پیدائش ہے جنہوں نے اپنی لگن اور ادب کے ذریعہ اس وقت کے سماج کو متحد کیا۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی جن کے نظریات اور اصولوں نے ہماری آزادی کو یقینی بنایا۔ بھارت کے آئرن مین سردار ولبھ بھائی پٹیل جنہوں نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو مضبوط کیا۔ اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر بھارت کا قد بلند کیا ہے اور ملک کو خوشحالی اور سلامتی کے راستے پر آگے بڑھایا ہے۔ آخری بات یہ کہ یہ ان گنت جوانوں کی جائے پیدائش بھی ہے جو اپنی جان وں کو خطرے میں ڈال کر ہماری سرحدوں کی حفاظت کو مضبوط بناتے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حکومت مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کو خطرات سے بچانے کے لیے انھیں جدید ترین ہتھیاروں اور پلیٹ فارموں سے لیس کر رہی ہے۔ انھوں نے قوم کو یقین دلایا کہ فوج ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے اور جو بھی بری نظر ڈالنے کی کوشش کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 3122



(Release ID: 1991881) Visitor Counter : 74


Read this release in: English , Marathi , Hindi , Telugu