امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

مرکز نے چاول سے متعلق صنعتی تنظیموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر چاول کی خردہ قیمت میں کمی کو یقینی بنائیں


منافع خوری کی کسی بھی کوشش سے سختی سے نمٹا جائے گا: محکمہ برائے خوراک اور سرکاری نظام تقسیم

Posted On: 18 DEC 2023 5:15PM by PIB Delhi

غیر باسمتی چاول کی گھریلو قیمت کے منظر نامے کا جائزہ لینے کے لیے خوراک اور سرکاری نظام تقسیم کے محکمے کے سکریٹری جناب سنجیو چوپڑا نے آج نئی دہلی میں چاول پروسیسنگ انڈسٹری کے سرکردہ نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔

میٹنگ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ اس خریف میں اچھی فصل کی پیداوار ہونے نیز ایف سی آئی کے پاس وافر ذخیرہ موجود رہنے اور چاول کی برآمدات سے متعلق متعدد ضوابط کے باوجود چاول کی مقامی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ چاول کی صنعت کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ گھریلو بازار میں قیمتوں کو بہترین سطح پر لایا جائے اور منافع خوری کی کوششوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ چاول کی سالانہ مہنگائی کی شرح پچھلے دو سال سے 12 فیصد کے لگ بھگ ہے اور ان برسوں کے دوران چاول کی قیمت مجموعی طور پر بڑھتی جارہی ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔

میٹنگ کے دوران اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر آخری صارفین تک پہنچایا جائے۔  چاول سے متعلق سرکردہ صنعتی ایسوسی ایشنز کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اس مسئلے کو اپنے ممبران کے ساتھ اٹھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ چاول کی خردہ قیمت کو فوری طور پر کم کیا جائے۔ تھوک فروشوں اور خردہ فروشوں کی طرف سے منافع کی شرح میں تیزی سے اضافے کی اطلاعات ہیں جن پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، یہ تجویز کیا گیا کہ جہاں زیادہ سے زیادہ خردہ قیمت اور حقیقی خوردہ قیمت کے درمیان ایک وسیع فرق موجود ہے، صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے اسے حقیقت پسندانہ سطح پر لانے کی ضرورت ہے۔

فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) نے رائس پروسیسنگ انڈسٹری کو مطلع کیا کہ اچھے معیار کے چاول کا کافی ذخیرہ دستیاب ہے جو او ایم ایس ایس کے تحت 29 روپے فی کلو گرام کی ریزرو قیمت پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بھی تجویز کیا گیا کہ مینوفیکچررز / تاجر، او ایم ایس ایس کے تحت ایف سی آئی سے چاول لینے پر غور کر سکتے ہیں جو کہ صارفین کو مناسب قیمت پر فروخت کیا جا سکتا ہے۔

محکمہ برائے خوراک اور سرکاری نظام تقسیم ملک میں چاول جو کہ خوراک کا ایک اہم حصہ ہے، کی قیمتوں پر گہری نظر رکھتا ہے اور اس کا جائزہ لیتا ہے اور جب بھی سستی قیمت پر چاول کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کسی مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے، وہ ضروری اقدامات کرتا ہے۔ اس طرح ہندوستانی صارفین آنے والے دنوں میں چاول کی کم قیمت ادا کرنے کی توقع کر سکتے ہیں۔

*****

 

 (ش ح ۔ م ع ۔ ت ح)

U No. 2601



(Release ID: 1987934) Visitor Counter : 74


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil