صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے قومی توانائی تحفظ کے دن کے موقع پر قومی توانائی تحفظ ایوارڈز پیش کیے
کسی بھی کاروبار کے نہ صرف معاشی فائدے ہوتے ہیں بلکہ اس کے ماحولیاتی اور سماجی فائدے بھی ہوتے ہیں: صدر مرمو
Posted On:
14 DEC 2023 9:40PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (14 دسمبر 2023) کو نئی دہلی میں توانائی تحفظ کے قومی دن کے موقع پر ‘نیشنل انرجی کنزرویشن ایوارڈز 2023’ اور نیشنل پینٹنگ مقابلہ برائے توانائی کے تحفظ کے انعامات پیش کئے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم سب کی صحت اور خوشی فطرت کے تحفظ اور اچھی صحت میں مضمر ہے۔ اگر ہم دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تو ہر کسی کی توانائی اور دیگر ضروریات فطرت اور مادر ارض پر غیر ضروری دباؤ کے بغیر پوری ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ استعمال کے ساتھ ساتھ تمام شراکت داروں کو توانائی کی کارکردگی اور اختراع کو فروغ دینا ہوگا۔ توانائی کی بچت کے اقدامات کو بڑے پیمانے پر استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ توانائی کی بچت توانائی کی پیداوار ہے – یہ پیغام بہت مفید ہے۔ انہوں نے سب پر زور دیا کہ وہ اس پیغام کو پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ 21ویں صدی میں عالمی برادری کو توانائی کی استعداد کار بڑھانے اور قابل تجدید توانائی کے استعمال میں اضافے کے لیے مسلسل متحرک رہنا ہو گا۔ ہمیں ہوا، شمسی اور چھوٹے اور بہت چھوٹے برق آبی منصوبوں (مائیکرو ہائیڈرو پروجیکٹس) سے توانائی کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ زیادہ قابل تجدید توانائی کے استعمال کے علاوہ ہمیں کم وسائل سے زیادہ توانائی پیدا کرنے کی کوششیں بھی کرنی ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی پائیداری کی کوششوں میں سہ سطحی بنیادی اصولوں( ٹرپل باٹم لائن) کے تصور کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ کسی بھی کاروبار کو نہ صرف معاشی فوائد حاصل ہونے چاہئیں بلکہ اس کے ماحولیاتی اور سماجی فوائد بھی ہونے چاہئیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان نے صاف توانائی کے میدان میں ہمیشہ ایک ذمہ دار ملک کے طور پر کام کیا ہے۔ لیکن ہم وقتاً فوقتاً یہ بھی واضح کرتے رہے ہیں کہ حجری ایندھن پر انحصار ضرور کم ہو رہا ہے لیکن ہمارے ملک میں فوسل فیول پر مبنی توانائی بھی ضروری ہے۔ ہندوستان کوئلے کی صاف ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہا ہے تاکہ کوئلہ نکالنے اور استعمال کرنے کے طور طریقے زیادہ موثر اور ماحول دوست بنیں۔ یہ ماحولیات کے تئیں ہماری عہدبستگی کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان دس سال کے عرصے میں کلائمیٹ چینج پرفارمنس انڈیکس کی درجہ بندی میں 30 ویں سے 7 ویں مقام پر چلا گیا ہے۔
صدر نے کہا کہ ‘گرین انرجی اوپن ایکسیس رولز، 2022’ اور قابل تجدید خریداری کی ذمہ داریاں بھی سال 2030 تک قومی سطح پر طے شدہ شراکت کے ہدف کو حاصل کرنے کے ہندوستان کے سفر میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ‘لائف’ کے مطابق یعنی طرز زندگی برائے ماحولیات، ہندوستان نے اب ‘‘گرین کریڈٹ’’ کی پہل کی ہے جو ہماری روایات سے متعلق ماحولیاتی تحفظ کے طور طریقوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کوششیں ہمارے صاف توانائی اور ماحولیات کے اہداف کو حاصل کرنے میں اہم ثابت ہوں گی۔
قومی توانائی کے تحفظ کا دن ہر سال 14 دسمبر کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد توانائی کے تحفظ کی اہمیت سے متعلق پیغام کی تشہیر کرنا اور توانائی کی استعداد کار اور تحفظ میں قوم کی کامیابیوں کو ظاہر کرنا ہے۔
صدر جمہوریہ کی تقریر کو دیکھنے کے لیےیہاں کلک کریں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ س ب۔ع ن
(U: 2432)
(Release ID: 1986550)
Visitor Counter : 90