وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستانی مسلح افواج کا دستہ مشترکہ فوجی مشق ‘‘وِن بیکس 2023’’ کے لیے ہنوئی پہنچا

Posted On: 11 DEC 2023 12:11PM by PIB Delhi

پینتالیس اہلکاروں پر مشتمل ہندوستانی مسلح افواج کا دستہ جوائنٹ ملٹری ایکسرسائز وِن بیکس2023 کے چوتھے ایڈیشن میں حصہ لینے کے لیے ویتنام کے شہر ہنوئی پہنچ گیا ہے۔ یہ مشق  ویتنام  کے ہنوئی میں 11 سے 21 دسمبر 2023 تک منعقد کی جائے گی۔ ہندوستانی دستے میں بنگال انجینئر گروپ کے ایک انجینئر رجمنٹ کے 39 اہلکار اور آرمی میڈیکل کور کے چھ اہلکار شامل ہیں۔ ویتنام پیپلز آرمی کے دستے کی نمائندگی بھی  45 اہلکار کریں گے۔

وِن بیکس مشق 2018 میں شروع کی گئی تھی اور اس کا پہلا ایڈیشن مدھیہ پردیش  کے جبل پور میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہ ایک سالانہ تربیتی پروگرام ہے جو متبادل طور پر ہندوستان اور ویتنام میں منعقد کیا جاتا ہے۔ آخری ایڈیشن چنڈی مندر ملٹری اسٹیشن پر اگست 2022 میں منعقد کیا گیا تھا۔

اس مشق کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا اور اقوام متحدہ کے چارٹر برائے امن کیپنگ آپریشنز کے باب VII کے تحت دونوں فریقوں کے درمیان بہترین  طورطریقوں کا اشتراک کرنا ہے۔ یہ مشق ایک کمانڈ پوسٹ ایکسرسائز کم فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کے طور پر کی جائے گی جس میں انجینئر کمپنی اور میڈیکل ٹیم کی تعیناتی اور ملازمت پر توجہ دی جائے گی۔

مشترکہ مشق سے خیالات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور دونوں دستے مشترکہ طور پر حکمت عملی، تکنیک اور طریقہ کار کی مشق کریں گے۔ آپریشنل علاقوں میں سڑکوں، پلوں، ہیلی پیڈز، گولہ بارود کاذخیرہ کرنے کی جگہوں  اور آبزرویشن پوسٹس کی تعمیر کے لیے جدید  طورطریقوں پر خیالات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جنگی انجینئرنگ اور جنگی طبی کاموں سے متعلق مشقوں کے لیے ریہرسل بھی کی جائے گی۔

مشق کا اختتام توثیق کی مشق کے ساتھ ہوگا، جس میں دونوں دستوں کے حاصل کردہ معیارات کو پیش  کیا جائے گا۔ دونوں فریق اقوام متحدہ کے دستوں کی دنیا بھر میں تعیناتی جیسے منظرناموں کے مطابق تکنیکی فوجی آپریشن کریں گے۔

مشترکہ مشق دونوں دستوں کے درمیان افہام و تفہیم اور باہمی تعاون کو فروغ دینے اور دوستانہ فوجوں کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Vinbaxgpphoto5VR0.jpeg

********

ش ح۔م م ۔رم

U-2172  


(Release ID: 1984923) Visitor Counter : 149


Read this release in: English , Hindi