وزارت دفاع

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے لوگوں سے ویر ناریوں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلح افواج کے فلیگ ڈے فنڈ میں دل کھول کر  تعاون کرنے کی اپیل کی

Posted On: 07 DEC 2023 11:05AM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلح فورسز کے فلیگ ڈے (اے ایف ایف ڈی) کے موقع پر فنڈ میں دل و جان سے عطیہ کریں اور ویر ناریوں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کا حصہ بنیں۔ اے ایف ایف ڈی پر ایک پیغام میں، جو 7 دسمبر کو منایا جاتا ہے، جناب راج ناتھ سنگھ نے اسے ہر شہری کی اخلاقی ذمہ داری قرار دیا کہ وہ متعدد فلاحی اسکیموں کے ذریعے جنگی بیواؤں ، ان کے زیر کفالت افراد اور سابق فوجیوں کی دیکھ بھال، مدد، باز آباد کاری اور علاج کے لیے وزارت دفاع (ایم او ڈی) کی طرف سے کی جانے والی کوششوں میں اپنا  تعاون  فراہم کریں ۔  انہوں نے کہا کہ  ‘‘ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں ہم سب کی طرف سے مناسب توجہ حاصل ہو’’ ۔

وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی ، نظم و ضبط، لگن اور حب الوطنی کے ساتھ سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ، قدرتی  آفات اور ہنگامی حالات کے دوران راحت اور بچاؤ کے کاموں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں امن مشنوں میں بھی اپنا گراں قدر تعاون دیتے ہیں۔ انہوں نے ، ان بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا ، جنہوں نے مادر وطن کی خدمت میں عظیم قربانیاں پیش کیں ، جن میں سے بہت سے افراد ملک کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کی خاطر جسمانی طور پر معذور ہو گئے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ  اے ایف ایف ڈی  فنڈ میں اپنا تعاون فراہم کریں اور دوسروں کو بھی اس نیک مقصد میں شامل ہونے کی ترغیب دیں۔

اس موقع پر دفاع  کے وزیر مملکت جناب اجے بھٹ نے بھی مسلح افواج کے اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف ایف ڈی لوگوں کو ، ان بہادر سپاہیوں کا شکریہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے  ، جو ملک کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اے ایف ایف ڈی فنڈ میں اپنا  تعاون فراہم کریں اور فلاحی اسکیموں کی حمایت کریں۔

اپنے پیغام میں،  دفاع کے سکریٹری جناب گریدھر ارمانے نے شہید وں اور  وردی میں ملبوس  ، اُن افراد کو خراج عقیدت پیش کیا  ، جو ملک کی خودمختاری اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے بہادری سے لڑے ۔ انہوں اے ایف ایف ڈی فنڈ میں لوگوں سے دل کھول کر عطیات دینے کا مطالبہ کیا۔ سکریٹری (سابق فوجیوں کی بہبود) جناب وجے کمار سنگھ نے امید ظاہر کی کہ اے ایف ایف ڈی لوگوں میں وزارت دفاع کی طرف سے سابق فوجیوں، ویر ناریوں اور ان کے زیر کفالت افراد کے لیے کی جا رہی فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بیداری پیدا کرے گی۔

اے ایف ایف ڈی ، مادر وطن کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر  ملک کے بہادر شہید فوجیوں اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ سابق فوجیوں کی بہبود کا محکمہ ( ایم او ڈی ) ، ان کی شناخت شدہ ذاتی ضروریات کے لیے مالی امداد فراہم کر کے جنگی بیواؤں، شہید ہونے والے فوجیوں کے بچوں اور سابق فوجیوں کی بہبود نیز  باز آباد کاری  کے لیے کام کر رہا ہے، جن میں معذور افراد بھی شامل ہیں ۔  ان کی شناخت شدہ ضروریات میں مفلسی سے متعلق گرانٹ، بچوں کی تعلیم سے متعلق گرانٹ ،  آخری رسوم سے متعلق گرانٹ، طبی گرانٹ اور یتیم/معذور بچوں  سے متعلق گرانٹ شامل  ہے ۔

حال ہی میں سابق فوجیوں/ زیر کفالت افراد کے لیے طبی علاج کی گرانٹ کو 30000 روپے سے بڑھا کر 50000 روپے، بیواؤں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کی گرانٹ کو 20000 روپے سے بڑھا کر 50000 روپے اور سنگین امراض کی گرانٹ کو   1.25  لاکھ روپے سے بڑھا کر 1.50 لاکھ روپے کر دیا گیا، جو کہ  مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے ۔  یہ  مالی امداد  اے ایف ایف ڈی  فنڈ سے فراہم کی جاتی ہے۔ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے سیکشن 80 جی ( 5 ) ( vi) کے تحت فنڈ میں  دیئے جانے والے عطیات انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔

مالی سال  23-2022 ء کے دوران، تقریباً 250 کروڑ روپے کی گرانٹ 99000 سے زیادہ مستفیدین میں تقسیم کی گئی۔ اس کے علاوہ  ، باز آباد کاری کے مرکز کرکی اور موہالی، چیشائر ہوم، دہرادون، لکھنؤ اور دلّی اور ملک بھر میں جنگی یاد گاروں سے متعلق 36 ہاسٹلز کو بھی ادارہ جاتی گرانٹ  فراہم کی گئی ہے۔

مندرجہ ذیل بینک کھاتوں میں چیک/ ڈی ڈی / این ای ایف ٹی / آر ٹی جی ایس  کے ذریعے فنڈ میں چندہ دیا جا سکتا ہے:

 

نمبرشمار

بینک کا نام اور پتہ

کھاتہ نمبر

آئی ایف ایس سی کوڈ

1

پنجاب نیشنل بینک ،

سیوا بھون ، آر کے پورم

نئی دلّی – 110066

3083000100179875

PUNB0308300

2

اسٹیٹ بینک آف انڈیا

آر کے پورم

نئی دلّی – 110066

34420400623

SBIN0001076

3

آئی سی آئی سی آئی بینک

آئی ڈی اے ہاؤس ، سیکٹر – 4 ، آر کے پورم

نئی دلّی – 110022

182401001380

ICIC0001824

 

لوگ اے ایف ایف ڈی ایف  فنڈ میں اپنا عطیہ دینے کے لیے درج ذیل کیو آر  کوڈ کو بھی اسکین کر سکتے ہیں۔

image.png

 

*************

ش ح    ۔     ش م      ۔     ع ا

U. No. 1945



(Release ID: 1983433) Visitor Counter : 63


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil