وزارت دفاع

دماغ کی جنگ (بیٹل آف مائنڈز) - انڈین آرمی کوئز 2023 دہلی میں ایک شاندار فائنل کے ساتھ اختتام پذیر

Posted On: 03 DEC 2023 7:08PM by PIB Delhi

کارگل جنگ میں ہندوستان کی فتح کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ہندوستانی فوج کا تاریخی ایونٹ، ”بیٹل آف مائنڈز - انڈین آرمی کوئز 2023“، 3 دسمبر 2023 کو مانیک شا سینٹر، دہلی میں اپنے فائنل راؤنڈ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے انٹر اسکول کوئز مقابلے میں زبردست ردعمل دیکھا گیا، جس میں ملک بھر کے 32,000 سے زائد اسکولوں نے حصہ لیا، جس سے یہ ملک کا ایک تاریخی اور اب تک کا سب سے بڑا کوئز مقابلہ بن گیا۔

’بیٹل آف مائنڈز‘ – انڈین آرمی کوئز 2023 کے فائنل راؤنڈ میں سینٹ جانز اسکول بی ایل ڈبلیو، وارانسی نے جیت حاصل کی۔ اس تقریب میں الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت جناب راجیو چندر شیکھر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اور آرمی وائیوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر محترمہ ارچنا پانڈے کے ساتھ جیتنے والوں کو مبارک باد دی۔ شرکا کے لیے انعامات میں نقد انعامات، سرٹیفکیٹس، ٹیبلیٹ اور جیتنے والی ٹیم کے لیے ایک منی اسکول بس شامل تھی۔

کارگل وجے دیوس کی تقریبات کے 25 ویں سال کی یاد میں ہونے والے متعدد واقعات کے ایک حصے کے طور پر، کوئز مقابلے نے کارگل جنگ میں ہندوستانی مسلح افواج کی فتح کا جشن منایا، جس نے اس فتح کو ممکن بنانے والوں کی بہادری اور حوصلے کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔

مقابلے کی اہم جھلکیاں درج ذیل ہیں:

  • ایک افتتاحی آن لائن راؤنڈ جس میں 3,600 اسکولوں نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔
  • کوارٹر فائنل ملک بھر میں 12 مقامات پر شمال میں سری نگر سے جنوب میں بنگلورو تک اور مشرق میں نارنگی، گوہاٹی سے مغرب میں کوٹا تک منعقد کیے گئے۔
  • کارگل جنگ میں ہندوستانی فوج کی فتح کے لیے خصوصی یادگاری راؤنڈ کے طور پر، 07 اکتوبر 2023 کو کارگل جنگ کی یادگار میں طبعی موڈ میں ایک خصوصی راؤنڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی راؤنڈ میں 12 مقامی اسکولوں نے حصہ لیا۔ اس راؤنڈ کے فاتح کو ناردرن کمانڈ کوارٹر فائنل کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی۔
  • کمانڈ لیول کے سیمی فائنل سری نگر، چندیمندر، کوٹا، دہرادون، چنئی اور شیلانگ میں منعقد ہوئے۔ فائنل میں شرکت کے لیے بالآخر 12 سرکردہ ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔

فائنل ایونٹ، جو آج نئی دہلی میں منعقد ہوا، نہ صرف علم کا امتحان تھا، بلکہ ایک ثقافتی نمائش بھی تھی، جس میں این سی آر کے چار آرمی پبلک اسکولوں کی پرفارمنس پیش کی گئی تھی۔ یہ تقریب، جس میں طلبا، اساتذہ، والدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں سمیت 800 کے قریب سامعین نے شرکت کی، سیکھنے اور مقابلہ کرنے کے جذبے کا ثبوت تھی۔

اپنے خطابات میں، مہمان خصوصی جناب راجیو چندر شیکھر اور جنرل منوج پانڈے، چیف آف آرمی اسٹاف نے تقریب کی کامیابی پر اپنی مسرت اور فخر کا اظہار کیا، نوجوانوں میں فکری ترقی اور قیادت کو فروغ دینے کے لیے ہندوستانی فوج کے عزم کی ستائش کی۔ یہ تقریب ہونہار نوجوان طالب علموں کو فوج کو کیریئر کے اختیار کے طور پر لینے کی ترغیب بھی دے گی۔

**************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 1720



(Release ID: 1982162) Visitor Counter : 86


Read this release in: Marathi , English , Hindi , Tamil