صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدر جمہوریہ ہند نے ویر سُریندر سائی یونیورسٹی آف ٹکنالوجی کے 15ویں سالانہ کانووکیشن میں شركت كی

Posted On: 21 NOV 2023 5:52PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج بتاریخ(21 نومبر 2023) کو اڈیشہ میں سمبل پور كے برلا میں ویر سُریندر سائی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے 15ویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی کا انحصار نوجوانوں کے تعاون پر ہے۔ اس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء جدید ترین ٹیکنالوجیوں کا استعمال کرتے ہوئے سڑکوں، عمارتوں، ڈیموں اور کارخانوں کی تعمیر کے ذمہ دار ہوں گے۔ انجینئر کی حیثیت سے وہ ترقی کے معمار ہوں گے اور جدت پسندوں کے طور پر وہ تخیل اور حقیقت کے درمیان پل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا میں طلباء نے اس ادارے میں جو مہارت اور علم حاصل کیا ہے وہ اُس کی بنیاد بنے گا جس پر اُن کا اور قوم کا مستقبل تعمیر ہوگا۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ویر سریندر سائی یونیورسٹی آف ٹکنالوجی کے طلباء کے ذریعہ تیار کردہ ایک خصوصی سیٹلائٹ لانچ وہیکل تجرباتی بنیادوں پر کامیاب رہی۔ اس کو اسرو نےے سراہا ہے اور مزید تحقیق کے لیے یونیورسٹی اور اسرو کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی كہا کہ اس یونیورسٹی کے کیمپس میں ایک انوویشن اینڈ انکیوبیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کی ان کے تخلیقی کام پر ستائش كی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم نے نشانہ مقرر كیا ہے كہ 2047 سے پہلے ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی ترقی کی رفتار کو تیز کر سکتی ہے اس لیے ٹیکنوکریٹس اور انجینئرز ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

صدر نے طلباء کو مشورہ دیا كہ وہ اس حقیقت کو ذہن میں ركھیں کہ ان کی کامیابی کی پیمائش صرف ان کی ذاتی کامیابیوں سے نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جائے گا کہ وہ دوسروں کی زندگیوں پر کیا مثبت اثرات مرتب کریں گے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ بہترین کارکردگی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں لیكن صرف ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ قوم کی ترقی کے لیے بھی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ مثبت تبدیلی کے نمائندے، تنوع کی وكالت كرنے والے اور سالمیت کے چیمپئن بننے کی کوشش کریں۔

صدر نے کہا کہ ہمیں تکنیکی ترقی کو اپناتے ہوئے اپنی روایتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔ قومی تعلیمی پالیسی مجریہ 2020 مادری زبان، روایت اور ثقافت پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی کو جامع اور پوری انسانیت کے لیے وقف ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کو انسانیت دوست بنانے کے لیے ہمیں اپنی ثقافت میں موجود اقدار کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔

******

 ش ح۔رف۔س ا

U.No:1239



(Release ID: 1978620) Visitor Counter : 66