وزارت اطلاعات ونشریات
ہندوستان میں غیر ملکی فلم پروڈکشن کے لیے مراعات میں اضافے کا اعلان
آئی ایف ایف آئی میں غیر ملکی فلموں میں نمایاں ہندوستانی مواد کے لیے اضافی 5 فیصد بونس کا بھی اعلان کیا گیا
مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر کی طرف سے آج آئی ایف ایف آئی میں ایک اہم اعلان میں، غیر ملکی فلم پروڈکشن کے لیے مراعات کو 30 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ملک میں غیر ملکی فلم پروڈکشن کے لیے مراعات آج 30 کروڑ روپے (3.5 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ) کی اضافہ شدہ حد اور اہم ہندوستانی مواد (ایس آئی سی) کے لیے اضافی 5 فیصد بونس کے ساتھ کیے جانے والے خرچ کا 40 فیصد ہے۔ یہ قدم ملک میں درمیانے اور بڑے بجٹ کے بین الاقوامی فلمی منصوبوں کو راغب کرنے کی ہندوستان کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔
غیر ملکی فلموں کی پروڈکشن کے لیے مراعات کی اسکیم کا اعلان ہندوستان نے گزشتہ سال کانز میں کیا تھا، جس میں ملک میں فلم پروڈکشن کے لیے 2.5 کروڑ روپے تک کے اخراجات کے 30 فیصد تک کی باز ادائیگی کی پیشکش کی گئی تھی۔ گوا میں اعلان کرتے ہوئے، جناب ٹھاکر نے کہا کہ ”فلم پروڈکشن کو بڑھاوا دینے میں یہ نمایاں تبدیلی فنکارانہ اظہار کے لیے ہندوستان کی وابستگی اور حمایت کے ثبوت کے طور پر کام کرتی ہے اور سنیما کی کوششوں کے لیے ایک ترجیحی منزل کے طور پر ہماری پوزیشن کو تقویت دیتی ہے“۔
بین الاقوامی پروڈکشن جنہیں 01.04.2022 کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت خارجہ نے شوٹنگ کی اجازت دی ہے (صرف دستاویزی فلموں کے لیے) اس ترغیبی اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔ مراعات دو مرحلوں میں تقسیم کی جائیں گی یعنی عبوری اور حتمی۔ ہندوستان میں پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کا حتمی دعویٰ کیا جا سکتا ہے۔ خصوصی ترغیبی تشخیصی کمیٹی کی سفارش پر مراعات فراہم کی جائیں گی۔ نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے تحت قائم فلم فیسیلیٹیشن آفس (ایف ایف او) اس ترغیبی اسکیم کو انجام دے رہا ہے۔ ایف ایف او سنگل ونڈو سہولت اور کلیئرنس میکانزم کے طور پر کام کرتا ہے جو ہندوستان میں فلم بندی کو آسان بناتا ہے، ساتھ ہی ساتھ ایک فلم دوست ماحولیاتی نظام بنانے اور ملک کو فلم بندی کی منزل کے طور پر فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔
ایف ایف او کی طرف سے فراہم کردہ سروسز کی توسیع اب ہندوستانی فلم سازوں تک بھی کر دی گئی ہے۔ اسکیم کی تفصیلی رہنما خطوط ایف ایف او کی ویب سائٹ: https://ffo.gov.in/en پر دستیاب ہیں۔
*************
ش ح۔ ف ش ع- م ف
U: 1208
(Release ID: 1978358)
Visitor Counter : 114