سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے ’بھارت میں سڑک حادثات-2022‘ پر سالانہ رپورٹ جاری کی
Posted On:
31 OCT 2023 1:09PM by PIB Delhi
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے ’بھارت میں سڑک حادثات-2022‘ پر سالانہ رپورٹ جاری کی ہے۔ یہ رپورٹ کیلنڈر سال کی بنیاد پر ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پولیس محکموں سے موصول ہونے والے اعداد و شمار/معلومات پر مبنی ہے جو اعداد و شمار ایشیا پیسفک روڈ ایکسیڈنٹ ڈیٹا (اے پی آر اے ڈی) کے تحت اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا اور بحرالکاہل (یو این ای ایس سی اے پی) نے فراہم کئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق، کیلنڈر سال 2022 کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں (یو ٹیز) کے ذریعہ کُل 4,61,312 سڑک حادثات درج کئے گئے ہیں،جن میں 1,68,491 لوگوں کی جانیں گئیں اور 4,43,366 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ پچھلے سال کے مقابلے حادثات میں 11.9 فیصد، ہلاکتوں میں 9.4 فیصد اور زخمیوں میں 15.3فیصد اضافہ کی نشاندہی کرتا ہے۔
رپورٹ میں تیز رفتاری، لاپرواہی سے گاڑی چلانا، نشے میں گاڑی چلانا،اور ٹریفک کے ضابطوں کی عدم تعمیل سمیت ان حادثات میں معاون عوامل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔یہ نہایت اہم ہے کہ ہم نفاذ کے طریقہ کار کو مضبوط کریں، ڈرائیور کی تعلیم اور تربیتی پروگراموں کو بہتر بنائیں اور سڑکوں اور گاڑیوں کی حالت کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری کریں۔
متعلقہ وزارت سڑک حادثات کو روکنے کے لیے مضبوط اقدامات کو نافذ کرنے کے تئیں پرعزم ہے۔ وزارت سڑک استعمال کرنے والے کے رویے،سڑک کے بنیادی ڈھانچے،گاڑیوں کے معیارات،ٹریفک کے ضابطوں کا نفاذ، اور حادثات کی روک تھام میں ٹیکنالوجی کے کردار جیسے مختلف پہلوؤں پر بھی کام کر رہی ہے۔چونکہ سڑک حادثات کی نوعیت کثیر الجہتی ہوتی ہے،لہذا اس لیے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں دونوں کی تمام ایجنسیوں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے مسائل کو کم کرنے کے لیے کثیر الجہتی نقطہ نظر کی ضرورت درکارہے۔ وزارت نے مختلف دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر سڑک کی حفاظت کے مسئلے سے نمٹنے کی خاطر ایک کثیر الجہتی حکمت عملی وضع کی ہے جس میں تعلیم، انجینئرنگ (سڑکیں اور گاڑیاں دونوں)، نفاذ اور ہنگامی دیکھ بھال سمیت تمام 4ا ی ایس پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
مزید یہ کہ وزارت نقل و حمل کے جدید نظام کے نفاذ،روڈ سیفٹی آڈٹس اور عالمی بہترین طریقوں سے سیکھنے کے لیے بین الاقوامی تعاون جیسے اقدامات میں سرگرم عمل ہے۔سڑک حادثات سے نمٹنے کے لیے اعداد و شمار کےبروقت تجزیہ کے لیے الیکٹرانک ڈیٹیلڈ ایکسیڈنٹ رپورٹ (ای-ڈی اے آر) اور خودکار گاڑیوں کے معائنہ کے مراکز جیسے اقدامات پر بھی کارروائی جاری ہے۔
’’روڈ ایکسیڈنٹ ان انڈیا-2022‘‘کی اشاعت سڑک کی حفاظت کے دائرے میں پالیسی سازوں،محققین اور متعلقہ فریقوں کے لیے ایک قیمتی وسیلہ کے طور پر کام کرتی ہے۔یہ سڑک حادثات کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں گہرائی سے بصیرت پیش کرتا ہے،جس میں ان کی وجوہات، مقامات، اور سڑک استعمال کرنے والوں کے مختلف زمروں پر ان کے اثرات شامل ہیں۔ رپورٹ میں ابھرتے ہوئے رجحانات، چیلنجز، اور وزارت کے روڈ سیفٹی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
مکمل رپورٹ دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں: https://morth.nic.in/road-accident-in-india
***********
ش ح ۔ ش م - م ش
U. No.497
(Release ID: 1973311)
Visitor Counter : 181