وزارتِ تعلیم

چندریان -3 ماڈیول سے متعلق  میڈیا رپورٹوں کے بارے میں وزارت تعلیم کی وضاحت


این سی ای آر ٹی نے چندریان-3 پر پوری باریکی سے دس اسپیشل ماڈیول تیار کیے ہیں، جن میں  سائنسی، تکنیکی، ثقافتی اور سماجی پہلوؤں کو شامل کرتے ہوئے اس مشن کے مختلف پہلوؤں کا  وسیع تجزیہ پیش کیا گیا ہے

ان ماڈیول کے مواد کو کافی سوچ سمجھ کر انٹریکٹو اور دلچسپ بنایا گیا ہے

اس پہل کے ذریعے این سی ای آر ٹی کا مقصد نہ صرف سائنسی فکر کو فروغ دینا ہے، بلکہ اس کے ساتھ ہی تعلیمی برادری اور عام لوگوں کے درمیان  ہمارے ملک کی حصولیابیوں کے بارے میں افتخار، جذبہ اور گہری سمجھ تیار کرنا ہے

Posted On: 25 OCT 2023 6:03PM by PIB Delhi

چندریان-3 اسپیشل ماڈیول سے متعلق ’سائنس کو اساطیری کہانیوں کے ساتھ جوڑنے‘ کے بارے میں کچھ میڈیا رپورٹوں پر وزارت تعلیم نے وضاحت پیش کی ہے کہ قومی سطح پر تیز رفتار پیش رفت اور قابل ذکر حصولیابیوں کے مدنظر ہمارے اساتذہ اور طلباء کو روایتی نصابی کتابوں سے الگ ضروری معلومات بھی فراہم کرنا لازمی ہو گیا ہے۔ اس انوکھی کوشش کا حقیقی مقصد یہ ہے کہ ہمارے ملک کے ساتھ ساتھ اس کی قابل ذکر حصولیابیوں پر بھی ملک کے تمام شہری فخر کریں۔ اسے یقینی بنانے کے لیے ہمارے تدریسی مواد کو نصابی کتابوں سے الگ جا کر وسعت بخشتے ہوئے ملک کی حصولیابیوں کو اس طرح سے پیش کرنا انتہائی ضروری ہے جو ہماری تعلیمی برادری کے لیے آسان اور دلچسپ دونوں ہو۔

ایسی ہی ایک  انتہائی اہم حصولیابی 23 اگست 2023 کو چاند پر ہندوستان کے چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ ہے۔ ہندوستان کی اس نایاب خلائی پہل سے ہماری اسکولی تعلیمی نظام کے 26 کروڑ طلباء کو واقف کرانے کی خصوصی اہمیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے این سی ای آر ٹی نے اس سمت میں انتہائی سرگرمی کے ساتھ ٹھوس قدم اٹھایا ہے۔

نصاب میں اہم حصولیابیوں کو مربوط کرنے کی آرزو کے ساتھ این سی ای آر ٹی نے تعلیمی طور پر شاندار تدریسی وسائل تیار کیے ہیں جس میں بے شمار موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان موضوعات میں ’ناری شکتی وندن‘ (خواتین کو با اختیار بنانا)، کووڈ سے نمٹنا، استحکام، ہندوستان – جمہوریت کی ماں، قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020، چندریان-3 کی کامیابی وغیرہ شامل ہیں۔

ان مخصوص ماڈیول کو بنانے کے لیے  منتخب کیا گیا ابتدائی موضوع چندریان-3 ہے۔ این سی ای آر ٹی نے چندریان-3 پر بڑی باریکی سے 10 اسپیشل ماڈیول تیار کیے ہیں۔ یہ ماڈیول سائنسی، تکنیکی، ثقافتی اور سماجی پہلوؤں کو شامل کرتے ہوئے اس مشن کے مختلف پہلوؤں کی وسیع معلومات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ اس مشن میں شامل سائنس دانوں کے جذباتی سفر اور  ٹیم کے جذبے پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔

اس ماڈیول کے مواد کو بہت سوچ سمجھ کر اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ انٹریکٹو اور دلچسپ ہوں۔ اس میں گرافکس، تصاویر، خاکے، سرگرمیاں، مشکل سوال اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔ یہ ماڈیول اسکولی تعلیم کے مختلف مراحل میں پہلی جماعت سے 12ویں جماعت تک کے طلباء کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہیں اس باشعور نظریہ سے بنایا گیا ہے کہ مختلف مراحل پر ان موضوعات کی افادیت برقرار رہے۔ ان ماڈیول میں کہانیاں، مثالیں، کوئز کے سوال اور کئی سرگرمیاں شامل ہیں، جنہیں اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ طلباء کو اپنی رفتار سے سیکھنے کو آمادہ کریں اور اساتذہ کو  اس بات کے لیے تیار کرے کہ وہ اپنے تجربے سے سیکھی باتوں کی بنیاد پر تعلیم دے کر طلباء کی رہنمائی کریں۔

اس کوشش میں این سی ای آر ٹی نے اسرو (ہندوستانی خلائی تحقیق کے ادارہ) کے سائنس دانوں کے ذریعے نبھائے گئے اہم کردار کو بتانے کے لیے خاص قدم اٹھائے ہیں۔ چندریان-3 کے ان ماڈیولز میں ان سائنس دانوں کو باقاعدہ کریڈٹ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر وکرم سارا بھائی، ڈاکٹر اے جی عبدالکلام، ڈاکٹر ایس سومناتھ، ڈاکٹر کے سیون، محترمہ نندنی ہری ناتھ اور کئ دیگر مشہور سائنس دانوں کے تعاون کو مختلف مراحل میں الگ الگ ماڈیول میں بتایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، خلائی حصولیابیوں کے تئیں عزت مآب وزیر اعظم کے عزم پر خاص زور دینا ضروری ہے۔ ہمارے سائنس دانوں کو وزیر اعظم کی جو اٹوٹ حمایت اور مدد حاصل رہی، اسے بتا کر طلباء کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے اور وہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی لینے کے لیے آگے آ سکتے ہیں۔

ان اہم حصولیابیوں کو مربوط کرنا اور عزت مآب وزیر اعظم سمیت سائنس دانوں، انجینئروں اور سیاسی رہنماؤں کے تعاون بھری کوششوں کو تسلیم کرنا، آتم نربھر بھارت کی طاقت اور پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔ خلائی پالیسی میں ترمیم کے ساتھ اس وژن نے ملک کو خلائی اختراعات کے شعبے میں  خود انحصاری کی طرف لے جانے کا کام کیا ہے۔

اساطیری کہانیوں اور فلسفوں نے خیالات و نظریات کو آگے بڑھایا اور نظریات نے اختراعات اور تحقیق کو جنم دیا۔ کئی تحقیقی مطالعہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اساطیری کہانیاں ہندوستان سمیت کسی بھی ملک کے ثقافتی تانے بانے میں ایک ناگزیز رول ادا  کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ، تعلیم میں ثقافت کی آمیزش نہ صرف ملک کی تاریخی وراثت کی گہری سمجھ   پیدا کرتی ہے، بلکہ طلباء میں تخلیقی صلاحیت اور مسائل کے حل کے ہنر کو بھی تقویت بخشتی ہے۔ یہ آسمان اور خلاء کے ساتھ ہندوستان کے رابطہ کا مکمل اشارہ ہے۔

این سی ای آر ٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب یہ ماڈیول  عزت مآب وزیر تعلیم کے ذریعے اسرو کے چیئرمین کی موجودگی میں لانچ کیے گئے ہیں۔ اس تاریخی واقعہ کی  سراہنا اور سمجھ کو فروغ دینے کے مقصد سے انہیں طلباء، اساتذہ اور سرپرستوں کے لیے مہیا کرایا گیا ہے۔ اس پہل کے ذریعے، این سی ای آر ٹی نہ صرف سائنسی سوچ کو فروغ دینا چاہتا ہے، بلکہ تعلیمی برادری اور بڑے پیمانے پر عوام کے درمیان ہمارے ملک کی حصولیابیوں کے بارے میں فخر، امتیاز اور سمجھ کا جذبہ بھی پیدا کرنا چاہتا ہے۔

*********

ش ح –  ق ت  – ع ا

U No.: 278



(Release ID: 1971266) Visitor Counter : 93


Read this release in: Hindi , English , Marathi