جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ جناب جگدیپ دھنکڑ نے جےپور، راجستھان میں باندھ کی حفاظت کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کیا


نائب صدر جمہوریہ نے قومی آبی مشن کے تحت وینائل شیٹ سے آراستہ ریل گاڑی کو جھنڈی دکھاکر رخصت کیا

نائب صدر جمہوریہ نے باندھ کے تحفظ کے لیے، مستقبل پر مبنی طرز فکر کے طور پر ڈیم سیفٹی ایکٹ 2021 کی  ستائش کی

جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے ایم این آئی ٹی جے پور میں، زلزلوں سے باندھوں کے تحفظ کے قومی مرکز کا افتتاح کیا

Posted On: 14 SEP 2023 7:39PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب جگدیپ دھنکڑ نے آج جے پور میں ’’محفوظ و سلامت باندھ قومی خوشحالی کو یقینی بناتے ہیں‘‘ کے موضوع کے تحت بین الاقوامی باندھ تحفظ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ جناب دھنکڑ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے وارانسی اسٹیشن سے وینائل شیٹ آراستہ کماکھیا ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر رخصت کیا۔ قومی آبی مشن کی ’پانی کی ریل‘ پہل قدمی کے تحت دو ریل گاڑیوں، ہم ساگر ایکسپریس اور کماکھیا ایکسپریس ، پر وزارت ریلوے کے ساتھ شراکت داری میں وینائل شیٹ لپیٹی گئی ہے، جس کا مقصد آبی تحفظ ، ندیوں کی بازبحالی، اور صاف ستھرے پانی اور صفائی ستھرائی کی اہمیت سے متعلق پیغام کو عام کرنا ہے۔ چونکہ یہ ریل گاڑیاں  ملک کے طول و عرض سے ہوکر گزریں گی، لہٰذا یہ ریل گاڑیاں آبی تحفظ اور انتظام کاری کے اہم پیغام کو فروغ دینے کے لیے ایک متحرک اشتہار کے طور پر کام کریں گی۔ نائب صدر جمہوریہ نے بڑی باندھوں کے قومی رجسٹر کی بھی رونمائی کی جو کہ ملک میں بڑی باندھوں کی ایک تالیف ہے، جسے متعلقہ ریاستی حکومت/ انتظامیہ کے ساتھ مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0011BHW.png

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے باندھوں کو ’’ہمارے کرہ ارض کے حیات بخش لہو تک ہماری رسائی کو یقینی بنانے والے خاموش پاسبان‘‘قرار دیتے ہوئے ان کی اہمیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’باندھ انسانی ذہانت، استقامت اور تعاون کے جذبے کی یادگار ہیں۔‘‘ پانی کے انتظام کے ساتھ بھارت کے اندرونی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہاکہ بھارتی  تہذیب دریاؤں کے کناروں پر ہزاروں برسوں سے پروان چڑھی ہے اور ان کے پانی سے حیات اور رزق حاصل کرتی ہے۔ جناب دھنکڑ نے یہ بھی کہا کہ ویدوں اور ارتھ شاستر سمیت قدیم صحیفوں میں پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے باندھوں اور آبی ذخائر کی تعمیر کے ذریعہ پانی کے وسائل کی منظم انتظام کاری کا ذکر ہے۔جناب دھنکڑ نے ڈیم سیفٹی ایکٹ (ڈی ایس اے) 2021 کے نفاذ کی ستائش کی، جو اپنی باندھوں کی حفاظت کے لیے بھارت کے عزم کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے باندھوں کی بحالی اور بہتری کے منصوبے (ڈی آر آئی پی) کے مرحلہ1 کی کامیاب تکمیل کی بھی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ حال ہی میں شروع ہونے والا مرحلہ 2 اور 3 بھارت کی متعدد ریاستوں میں باندھ کی حفاظت میں مزید اضافہ کرے گا۔

نائب صدر جمہوریہ کے سکریٹریٹ کی پریس ریلیز : https://pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1957410

جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس مبارک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے باندھوں کے متنوع فوائد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وہ بھارت کے پانی انتظام، بجلی کی پیداوار اور سیلاب پر قابو پانے میں کس طرح اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ باندھ کی حفاظت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب شیخاوت نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں 2021 میں ڈیم سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کے بارے میں بات کی تاکہ کلیدی ضابطہ ادارہ جاتی فریم ورک اور تمام تر باندھ مالکان کے لیے متحد پروٹوکول کے سیٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Image

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ بھارت میں تقریباً 280 باندھ ہیں جو تقریباً 100 برس پرانے ہیں اور ان میں سے 80 فیصد سے زائد  باندھ 25 برس پرانے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ کانفرنس مختلف شراکت داروں کے درمیان باندھ کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے اور علم ساجھا کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کام کرے گی۔ انہوں نے باندھ تحفظ انتظام کاری میں جل شکتی کی وزارت کو تعاون فراہم کرنے کے لیے تمام ریاستوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مرکزی وزیر نے آج پہلے ایم این آئی ٹی جے پور میں باندھوں کی زلزلے سے حفاظت سے متعلق قومی مرکز کا بھی افتتاح کیا۔ یہ مرکز بھارت میں باندھوں کی ڈھانچہ جاتی اور زلزلے سے تحفظ میں اضافے کا کام کرے گا۔

جل شکتی کی وزارت کے آبی وسائل، ندیوں کی ترقی اور گنگا کی باز بحالی کے محکمے کے سکریٹری جناب پنکج کمار نے باندھ سلامتی کے پہلوؤں میں شامل قومی باندھ سلامتی اتھارٹی، قومی باندھ کمیٹی (این سی ڈی ایس)، ریاستی باندھ سلامتی کمیٹی (ایس سی ڈی ایس) اور ریاستی باندھ سلامتی تنظیم (ایس ڈی ایس او ) جیسی مختلف تنظیموں کے کردار اور کاموں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے باندھ بازبحالی اور بہتری کے پروجیکٹ (ڈی آر آئی پی- مرحلہ1) کی حصولیابیاں بھی ساجھا کیں اور ڈی آر آئی پی کے موجودہ مرحلے2 اور 3 کی خصوصیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے آئی آئی ٹی رُڑکی اور آئی آئی ایس سی بنگلورو میں عمدگی کے مرکز کے قیام اور باندھ سلامتی سے متعلق شراکت داروں کی صلاحیت سازی کےلیے ایم ٹیک کورسوں کی تعلیم شروع کرنے کے بارے میں بات کی۔

Image

پروگرام کا آغاز روایتی ’جل کلش‘ تقریب سے ہوا۔ لیبیا میں رونما ہوئے سانحے اور تباہی پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔کانفرنس کے شانہ بہ شانہ ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں نے باندھ سلامتی کے مختلف شعبوں میں ہو رہی نئی تبدیلیوں، تکنیکی اقدامات، اختراعات اور حل پیش کرنے والے پروڈکٹ، چارٹ، بینر اور تصاویر پیش کیں۔ آج نمائش کا افتتاح بھی کیا گیا۔

اس سیشن میں شامل ہونے والے دیگر معززین میں تری پورہ کے وزیر اعلیٰ جناب مانک ساہا؛ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ جناب ڈی کے شیو کمار؛ راجستھان کے آبی وسائل کے وزیر جناب مہندرجیت سنگھ مالویہ؛ راجستھان کی چیف سکریٹری محترمہ اُوشا شرما؛ اور جل شکتی کی وزارت کے تحت آبی وسائل، ندیوں کی ترقی اور گنگاکی بازبحالی کے محکمے کے سکریٹری جنا ب پنکج کمار بھی شامل تھے۔ غیر ملکی اور ملکی وفود اور مختلف متعلقہ محکموں کے متعدد سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کانفرنس میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کے 800 سے زائد وفود، ماہرین تعلیم، عالمی بینک کے افسران، دیگر ممالک، سرکاری و نجی شعبوں کے نمائندے اور باندھ مالکان حصہ لے رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں 15 ممالک کے تقریباً 40 بین الاقوامی وفود بھی حصہ لے رہے ہیں۔

**********

 (ش ح ۔ا ب ن ۔م ف )

U.No:9519


(Release ID: 1957536) Visitor Counter : 133
Read this release in: English , Hindi , Telugu