بھارتی چناؤ کمیشن
ہندوستان کے الیکشن کمشنر، جناب ارون گوئل صدارتی انتخابات 2023 کا مشاہدہ کرنے کے لیے مالدیپ کا دورہ کر رہے ہیں
Posted On:
11 SEP 2023 3:31PM by PIB Delhi
مالدیپ کے الیکشن کمیشن کی دعوت پر الیکشن کمشنر جناب ارون گوئل مالدیپ میں صدارتی انتخابات 2023 کے انعقاد کا مشاہدہ کرنے کے لیے تین رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ انتخابات کا پہلا مرحلہ 9 ستمبر 2023 کو ہوا تھا۔ آٹھ امیدوار میدان میں ہیں۔ یہ انتخابات مالدیپ کے آئین، 2008، الیکشن (جنرل) ایکٹ، 2008، صدارتی انتخابات ایکٹ، 2008 اور صدارتی انتخابات کے قواعد و ضوابط، 2008 کے مطابق منعقد ہوئے۔
مالدیپ کے انتخابی قوانین کے تحت صدر کو پانچ سال کی مدت کے لیے براہ راست عوام اور خفیہ حق رائے دہی کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے۔ صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا نظام ایک براہِ راست انتخاب ہے جس میں اکثریتی ووٹ کے ذریعے ممبران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ جیتنے والے امیدوار کو ایک یا ایک سے زیادہ راؤنڈ میں ڈلنے والے ووٹ میں سے کل ووٹوں کا کم از کم 50 فیصد حاصل کرنا ہوتا ہے۔ مالدیپ کا الیکشن کمیشن چیئرمین، وائس چیئرمین اور تین دیگر کمشنروں پر مشتمل ہے۔ صدارتی انتخاب کے لیے اہل ووٹرز کی تعداد 2,82,395 ہے (مرد: 1,44,199 اور خواتین: 1,38,196) ہے۔ یہاں 574 بیلٹ باکس (پولنگ بوتھ) ہیں اور ایک بیلٹ باکس میں زیادہ سے زیادہ 850 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ ان بکسوں میں سے 8 بیرون ملک مقیم مالدیپ کے شہریوں کے لیے بنائے گئے ہیں۔
الیکشن کمشنر جناب ارون گوئل کی قیادت میں وفد میں جناب اجے بھدو، ڈپٹی الیکشن کمشنر اور جناب پرمود کمار شرما، پرنسپل سکریٹری شامل تھے۔ وفد نے مالے اور ہلہوملے میں واقع 22 پولنگ بوتھوں کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل، نظام اور ووٹر کے رجسٹریشن اور شناخت، پولنگ کے لیے بوتھ کے انتظامات کا مشاہدہ کیا نیز مالدیپ کے الیکشن کمیشن کی طرف سے کیے گئے بہت سے اقدامات کا ذکر کیا۔ دیگر ممالک اور تنظیموں کے بین الاقوامی مبصرین نے بھی انتخابی مشاہدے کے پروگرام میں حصہ لیا۔
ووٹوں کی گنتی اسی دن یعنی 9 ستمبر 2023 کو ہوئی اور نتیجہ کے مطابق کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کر سکا۔ ان کے انتخابی قوانین کے مطابق، 30 ستمبر 2023 کو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا جس کا مقابلہ صرف ان دو امیدواروں کے درمیان ہوگا جو پہلے الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے ہوں۔
*************
ش ح ۔ع ح ۔ ج ا
U. No. 9359
(Release ID: 1956351)
Visitor Counter : 196