وزارت دفاع
رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی علم کی روایت آزادی، بھائی چارہ اور عالمی امن کے اصولوں پر مبنی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 SEP 2023 5:14PM by PIB Delhi
ہندوستانی علم کی روایت دنیا کی قدیم ترین روایتوں میں سے ایک ہے اور یہ آزادی، برابری، بھائی چارہ اور عالمی امن کے اصولوں پر مبنی ہے۔ یہ بات رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ نے 5 ستمبر 2023 کو دہلی یونیورسٹی میں مہرشی دیانند سرسوتی کی 200 ویں سالگرہ کے موقع پر ’ہندوستانی علمی کی روایت اور ویدوں میں بتائے گئے زندگی کے بہترین طریقے ‘ موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہی۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس حقیقت پر زور دیا کہ ویدوں میں ماحولیاتی تبدیلی سمیت دنیا کو درپیش کئی چیلنجوں کا حل موجودہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ویدوں میں قدرت کی پوجا کرنے اور ماحولیاتی تحفظ اور جنگل لگانے کی بات کہی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ویدوں کا سب سے نمایاں پہلو اس کی قدامت ہے یعنی یہ سناتن ہے، لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ویدوں اور اس کی قدروں پر حملہ کررہے ہیں۔ اس طرح کی کوششیں کافی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔‘‘

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جمہوریت کو اکثر نظام حکومت تصور کیا جاتا ہے اور دنیا کو یہ نظریہ مغرب نے دیا ہے، رکشا منتری نے کہا کہ جمہوری اقدار کی جڑیں ویدوں کے زمانے میں تلاش کی جاسکتی ہیں جہاں ’سبھا‘ اور ’سمیتی‘ جیسے نمائندگی کے نظام موجود تھے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ویدوں کا دور خواتین کو بااختیار بنانے کا دور تھا کیونکہ اس دور میں عورتوں کو مردوں جیسے حقوق حاصل تھے۔ ویدک دور کی خواتین کی ایسی کئی مثالیں ہیں جنہوں نے ہندوستانی علم کی اس روایت میں اپنا تعاون دیا ہے۔
ہندوستانی ثقافت کی طاقت پر زور دیتے ہوئے رکشا منتری نے کہا کہ ’’پوری تاریخ میں کئی حملوں کے باوجود ہماری ثقافت ہمیشہ پھلتی پھولتی رہی۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ ثقافت ویدک اقدار اور قدیم علم کی روایت پر مبنی ہے۔‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے برطانوی نوآبادیاتی دور میں لوگوں کی سماجی بیداری میں سوامی دیانند سرسوتی کے ذریعہ ادا کئے گئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سوامی دیانند سرسوتی جی نے آریہ سماج کے ذریعہ ہندوستان میں نشاۃ الثانیہ پیدا کرنے میں بڑا رول ادا کیا اور ’ویدوں کی طرف واپسی‘ کی کال دی تھی۔
رکشا منتری نے سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو بھی ان کے یوم پیدائش پر یاد کیا، جن کی یاد میں آج یوم اساتذہ منایاجارہا ہے۔جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ سیاست کے علاوہ ڈاکٹر رادھا کرشنن نے تعلیم اور فلسفہ کے میدان میں بھی اہم تعاون پیش کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ’’آج کا دن ان کی دانشوری ، فلسفہ میں ان کے تعاون اور ملک کے لئے ان کی حصولیابیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے۔‘‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ق ت۔ن ا۔
U-9208
(ریلیز آئی ڈی: 1954912)
وزیٹر کاؤنٹر : 175