کامرس اور صنعت کی وزارتہ

تجاوت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے جے پور میں منعقدہ  جی 20 تجارتی اور سرمایہ کاری وزارتی میٹنگ  کے افتتاحی اجلاس سے خطاب  کیا


ٹی آئی ایم ایم،بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں  حائل رکاوٹوں کو کم کرنے ،پیداواری صلاحت  اور پید اوار میں  اضافہ اور سب کے لے اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینےپرتوجہ مرکوز کرے گا:جناب گوئل

Posted On: 24 AUG 2023 4:38PM by PIB Delhi

تجارت و صنعت، امور صارفین، خوراک اور سرکاری نظام تقسیم اور ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے کہا کہ جی20 تجارت اور سرمایہ کاری کی وزارتی میٹنگ (ٹی آئی ایم ایم) کا فوکس، بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے، پیداواری صلاحیت اور پیداوار کو بڑھانے میں مدد کرنے اور سب کے لیے اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینےپر ہوگا۔ آج راجستھان کے جے پورمیں ٹی آئی ایم ایم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے جی20 اور دیگر مدعو ممالک کے وزراء کو ٹھوس، فیصلہ کن اور کارروائی پر مبنی نتائج حاصل کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی حوصلہ  افزائی کی۔

جناب پیوش گوئل نے کہا کہ ٹی آئی ایم ایم، کثیرالطرفہ تجارتی نظام، جامع تجارت اور تجارت اور کاروبار میں آسانی سے متعلق مسائل پر مشترکہ نتائج مرتب کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جی20 صدارت کے تحت منعقدہ چار روزہ تجارتی اور سرمایہ کاری ورکنگ گروپ (ٹی آئی ڈبلیو جی) اجلاسوں میں ان مسائل پر غور کیا گیا ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ ان میٹنگوں کا مقصد منصفانہ، جامع اور پائیدار تجارت اور تجارت سے متعلق سرمایہ کاری کی پالیسیاں بنانا ہے۔

جناب گوئل نے اس بات کا ذکر کیا کہ ٹی آئی ایم ایم میں (i) عالمی ترقی اور خوشحالی کے لیے کثیر جہتی تجارت (ii) جامع اور لچکدار تجارت اور (iii) کاغذ کے بغیر تجارت کے لیے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے پر سیشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اجلاسوں کے نتیجے میں موجودہ کثیر القومی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اہم نتائج سامنے آئیں گے۔

وزیرموصوف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پانچ ترجیحی مسائل یعنی (i) ترقی اور خوشحالی کے لیے تجارت، (ii) لچکدار تجارت اورجی وی سیز، ((iii عالمی تجارت میں ایم ایس ایم ایز کو مربوط کرنا، (iv) تجارت کے لیے لاجسٹکس اور (v) ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات بڑے پیمانے پر کی گئی ہیں۔ ٹی آئی ڈبلیو جی اجلاسوں کے دوران جی20 کے رکن/ مدعو ممالک کے درمیان متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی باہم جڑی ہوئی دنیا میں، عالمی ویلیوچین کے تصور نے ملکوں کے تجارت اور سرمایہ کاری میں مشغول ہونے کے انداز میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ جناب گوئل نے مزید کہا کہ کووڈ-19 کی وبائی بیماری اور دیگر مشکلات نے عالمی ویلیو چین کو درہم برہم کر دیا ہے اور ہمیں جامع اور پائیدار عالمی ویلیو چینز کو فروغ دینے کی اہمیت کا احساس دلایا ہے۔

جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی  جی20 صدارت کے تحت عالمی معیشت میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز) کے اہم کردار کو تسلیم کیا ہے اور انہیں مسلسل مدد فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ایز معیشتوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو جدت طرازی کوفروغ دیتے ہیں، ملازمتیں پیدا کرتے ہیں اور مجموعی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیر موصوف  نے کہا کہ ترقی کی نئی راہیں کھولنے کے لیے عالمی تجارت میں ایم ایس ایم ایز کے لیے مساوی رسائی اور شرکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس( جی ای ایم) میں ایم ایس ایم ایز کے کامیاب انضمام اور اس کے فوائد کی مثال بھی پیش کی۔

وزیر موصوف نے کہا کہ جامع ترقی کو فروغ دینے کا مشترکہ عزم ،ہمارے روایتی نظاموں کی حدود سے باہر ہے۔ بین الاقوامی تجارت کے لیے بلارکاوٹ  لاجسٹکس کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ کاغذ کے بغیر تجارت سرحد پار لین دین میں آسانی فراہم کرنے، انتظامی تاخیر کو کم کرنے اور تجارتی کارروائیوں میں رفتار بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ جناب گوئل نے پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی اور عمل آوری کے لیے جی آئی ایس ڈیٹا کی تہوں کا استعمال کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور لاجسٹکس کی کارکردگی کے لیے پی ایم گتی شکتی پہل کی مثال پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی تجارتی ادارہ (ڈبلیو ٹی او) میں اصلاحات کے ساتھ مزید متحرک اور جامع تجارتی ماحول کا ہونا ناگزیر ہے۔ جناب گوئل نے کہا کہ ان اصلاحات کو ابھرتے ہوئے عالمی اقتصادی منظرنامے کی عکاسی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان گلوبل ساؤتھ کو تجارت اور سرمایہ کاری کے دائرے میں قیادت فراہم کر سکتا ہے اور عالمی معیشت کو مربوط کرکے اسے مزید جامع بنا سکتا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کا جذبہ جی20 کی وضاحت کرتا ہے جس کے فیصلے معیشتوں، لوگوں کی روزی روٹی اور دنیا کے مستقبل کو تشکیل دیتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ع ح۔ف ر

(U: 8778)



(Release ID: 1951738) Visitor Counter : 89