وزارت دفاع

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کا 77ویں یوم آزادی کے موقع پر فوجیوں کو ریڈیو پیغام: حکومت مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں اور تربیت سے لیس کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے


فوجیوں کا خیال رکھنا حکومت کی بڑی ذمہ داری ہے

اگر کسی نے بھارت کی طرف بری نظر ڈالنے کی کوشش کی تو ہماری مسلح افواج منہ توڑ جواب دیں گی

Posted On: 14 AUG 2023 7:17PM by PIB Delhi

حکومت ملک کو مستقبل کے تمام چیلنجز سے بچانے کے لیے مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں اور بہترین تربیت سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ یہ بات وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 14 اگست ، 2023 ء کو 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر آل انڈیا ریڈیو کے ذریعے فوجیوں کے نام اپنے پیغام کے دوران کہی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ  "مسلح افواج اپنی بہترین کارکردگی ، اسی وقت دے سکتی ہیں ، جب انہیں بہترین آلات اور تربیت فراہم کئے جائیں ۔  ان اقدامات سے فوجیوں کاحوصلہ بلند ہوتا ہے ، چیلنجوں پر قابو پانے اور فتح یاب ہونے میں مدد  ملتی ہے ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہماری حکومت ، فوج کو عالمی معیار کا سامان اور تربیت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے تاکہ ملک مستقبل کے تمام چیلنجوں پر قابو پاسکے۔ نئی ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق نئی شاخیں اور شعبے بنائے جا رہے ہیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آج مسلح افواج کو سمیلیٹر اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے تربیت دی جا رہی ہے اور دنیا بھر کے دوست ممالک کے ساتھ کئی مشقوں کے ذریعے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مخصوص نظاموں کی تربیت، نئی ترقی پذیر ٹیکنالوجی اور جنگ کے بدلتے ہوئے تصورات پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ، جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے لیے ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک ، جہاں جہاں بہترین تربیت دی جا سکتی ہے ، وہاں بڑی تعداد میں اہلکاروں کو تربیت دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سابق فوجیوں کے لیے حالیہ برسوں میں کیے گئے مختلف فلاحی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیر دفاع نے کہا کہ فوجیوں کے لیے نہ صرف سروس کے دوران بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی باوقار زندگی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  "ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان لوگوں کا خیال رکھیں ، جو اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ہماری دیکھ بھال کرتے ہیں۔ حکومت نے پچھلے نو سال میں فوجیوں کو ، ان کے ریٹائرمنٹ کے بعد بااختیار بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے  کہا کہ  ایک عہدہ ایک پنشن اسکیم کے لیے مسلح افواج کی دیرینہ مانگ کو حکومت نے 2014 ء میں اقتدار میں آتے ہی پورا کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اس اسکیم پر اس سال نظر ثانی کی گئی ہے اور 17 لاکھ سے زیادہ پنشنروں کو 8,413 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔"

مسلح افواج میں خواتین کے بڑھتے ہوئے رول پر ، وزیر دفاع نے کہا کہ فوج کو خواتین کے لیے مساوی اور بہتر کام کی جگہ بنانے کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  "بھارتی فوج نے اس سال پہلی بار آرٹلری ریجمنٹ میں خواتین افسران کو شامل کیا ہے۔ آرٹلری ریجمنٹ میں خواتین افسران کی تقرری ہماری حکومت کی جانب سے فوج میں صنفی مساوات کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ایک بڑا ثبوت ہے۔ ہماری حکومت نے ملک کی ہونہار بیٹیوں کو ملٹری سکولوں میں داخلہ دلانے کے لیے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ آج ملک بھر کے مختلف سینک اسکولوں میں 1,600 سے زیادہ لڑکیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اس سے ملک کے دفاع میں بہادر بیٹیوں کی شرکت میں اضافہ ہوگا اور وہ آنے والے وقت میں نئی ​​بلندیاں حاصل کریں گی۔

بھارت کی خودمختاری اور آزادی کو برقرار رکھنے میں ، فوجیوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑا ہے ، جو اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ بری نظر ڈالنے والوں کو بخشے گا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ہم نہ صرف امن کے خواہاں ہیں بلکہ اپنے عمل سے امن کے لیے اپنے عزم کا اظہار بھی کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی ہم یہ بھی واضح  کرتے ہیں کہ اگر کوئی ہماری طرف بد نیتی یا دشمنی سے دیکھتا ہے تو ہماری افواج موزوں جواب دیں گی ۔ ’’

جناب راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو بھارتی فوجیوں کی بہادری پر بھروسہ ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں تعاون کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے فوجیوں سے کہا کہ  "بھارتی فوج کے جوانوں نے مشکل ترین علاقوں میں مشکل ترین حالات میں کام کیا ہے اور انسانیت کی حفاظت کے لیے جانوں کی قربانی دی ہے۔ یہ آپ کی مثالی پیشہ ورانہ مہارت، انسان دوستانہ نقطہ نظر اور جرات ہے کہ آپ اقوام متحدہ  ( یو این او )  میں کسی بھی امن مشن میں خدمات انجام دینے کے لیے بہت زیادہ مطلوب ہیں۔"

نئی دلّی میں حکومت کی طرف سے تعمیر کردہ قومی جنگی یادگار کا حوالہ دیتے ہوئے، جناب راج ناتھ سنگھ نے ،اسے ان بہادروں کے لیے قوم کا خراجِ تحسین قرار دیا  ، جنہوں نے اپنے آخری سانس تک ملک کی خدمت کی۔ انہوں نے جوانوں کے تئیں ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  ‘‘77ویں یوم آزادی کے اس موقع پر، چاہے آپ کرگل کی برفانی چوٹیوں پر کھڑے ہوں جہاں سانس لینے کے لیے آکسیجن کی کمی ہے، چاہے آپ گہرے سمندر میں آبدوز میں ہوں، چاہے آپ تھار کے جلتے  ہوئے ریگستان میں کھڑے ہوں، یا آپ بھارت کے شمال مشرق میں مینگرو کے جنگلات کے بیچ کھڑے ہوں، آپ جہاں کہیں بھی ہوں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ تمام 140 کروڑ بھارتیوں کے دلوں میں بستے ہیں۔ ’’

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ ا س  ۔  ع ا

U.No. 8473



(Release ID: 1949801) Visitor Counter : 109


Read this release in: English , Hindi , Tamil