عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ حال ہی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے امتحان 15 ہندوستانی زبانوں میں منعقد کرایا جائے، تاکہ زبان کی رکاوٹ کی وجہ سے کوئی نوجوان ملازمت کا موقع نہ گنواں سکے
وزیراعظم مودی کی قیادت کے تحت پچھلے 9 سال سے زیادہ عرصے میں سرکاری زبان ہندی کے علاوہ ہندوستانی علاقائی زبانوں کے فروغ میں قابل قدر پیش رفت کی گئی ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
‘‘جب ہم ہندی کو فروغ دیتے ہیں، تو دیگر ہندوستانی زبانیں بھی پھلے پھولیں گی’’
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہندوستانی زبانوں کو فروغ دینے کے لئے انگریزی اور دیگر زبانوں کے لئے یکساں اصطلاحات اپنانے پر زور دیا
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت سے منسلک ہندی مشاورتی کمیٹی کی 14 ویں میٹنگ کی صدارت کی
Posted On:
16 AUG 2023 6:51PM by PIB Delhi
حال ہی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے امتحان 15 ہندوستانی زبانوں میں منعقد کرایا جائے، تاکہ زبان کی رکاوٹ کی وجہ سے کوئی نوجوان ملازمت کا موقع نہ گنواں سکے، یہ بات آج سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیراعظم کے دفتر، عملے ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دہلی میں عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت سے منسلک ہندی کی مشاورتی کمیٹی کی 14 ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت کے تحت پچھلے 9 سال سے زیادہ عرصے میں سرکاری زبان ہندی کے علاوہ ہندوستانی علاقائی زبانوں کے فروغ میں قابل قدر پیش رفت کی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ تاریخی فیصلہ مقامی نوجوانوں کی شرکت میں تیزی لائے گا اور علاقائی زبانوں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
انہو ں نے کہا کہ ہندی اور انگریزی کے علاوہ سوال نامہ 13 علاقائی زبانوں یعنی آسامی، بنگالی، گجراتی، مراٹھی، ملیالم، کنڑ، تمل، تیلگو، اڑیہ، اردو ، پنجابی۔ منی پوری، (میتی بھی) اور کونکنی میں تیار کیا جائے گا۔
اس فیصلے کے نتیجے میں لاکھوں امیدوار اپنی مادری زبان / علاقائی زبان میں امتحان دے سکیں گے اور اپنے انتخاب کے امکانات کو بہتر بناسکیں گے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت کے تحت پچھلے 9 سال سے زیادہ عرصے میں سرکاری زبان ہندی کے علاوہ ہندوستانی علاقائی زبانوں کے فروغ میں قابل قدر پیش رفت کی گئی ہے۔
ڈی او پی ٹی کے وزیر نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جا تا رہا ہے کہ ایس ایس سی کے امتحانات انگریزی اور ہندی کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی منعقد کرائے جائیں۔ حکومت نے دیگر چیزوں کے علاوہ (کمیشن کے ذریعہ منعقد کئے جانے والے امتحانات کی اسکیم اور سلیبس پر نظر ثانی ) اس پہلو کی جانچ کے لئے بھی ماہرین کی ایک کمیٹی مقرر کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس پالیسی کا آغاز سرکاری زبانوں سے متعلق ضابطے 1976 کے ساتھ کیا گیا تھا، لیکن پچھلے 5-6 برس کے دوران ہی قابل قدر پیش رفت کی گئی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اسٹاف سلیکشن کمیشن نے حال ہی میں 15 زبانوں میں امتحان کے جواب لکھنے کے لئے امیدواروں کے لئے ایک فارمیٹ جاری کیا ہے اور تمام 22 درج فہرست زبانوں میں تحریری امتحان کی اجازت دینے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ جی ای ای ، این ای ای ٹی اور یو جی سی کے امتحانات بھی ہماری 12 زبانوں میں منعقد کئے جار ہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہے یو پی ایس سی میں اعلیٰ تعلیم کے مضامین میں کتابوں کی کمی ہے لیکن ایچ آر ڈی کی وزارت کے اشتراک سے کوششیں کی جارہی ہیں کہ ہندوستانی زبانوں میں خصوصی کتابوں کو فروغ دیا جاسکے۔ہندی میں پہلا ایم بی بی ایس کورس پچھلے سال مدھیہ پردیش کے بھوپال میں اکتوبر میں شروع کیا گیا تھا اور اب اترا کھنڈ ہندی میں ایم بی بی ایس شروع کرنے والی دوسری ریاست بن گئی ہے۔
انگریزی اور دیگر زبانوں کے لئے یکساں اصطلاحات اپنانے پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مدھیہ پردیش طبی تعلیم میں ‘نیو کلیس’ اور ‘ایموبا’ جیسے الفاظ کا ہندی میں ترجمہ کرنے میں وقت اور وسائل کا ضیاع کرنے بجائے انہیں ہندی میں اپنا کر قائدانہ رول ادا کرسکتا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پرائمری، تکنیکی اور طبی تعلیم میں طلباء کی مادری زبان کو اہمیت دے کر نئی قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) میں ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے علاقائی زبانوں جیسے ہندی ، تمل، تیلگو، ملیا لم، گجراتی، بنگالی میں میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم ہندی میں شروع ہو چکی ہے اور جلد ہی انجینئرنگ کی تعلیم بھی ہندی میں شروع ہو جائے گی اور انجینئرنگ کی کتابوں کا پورے ملک کی 8 زبانوں میں ترجمہ کا کام شروع ہو گیا ہے اور جلد ہی پورے ملک میں طلباء تکنیکی اور طبی تعلیم اپنی مادری زبان میں حاصل کرسکیں گے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے مانسون اجلاس کے دوران فوجداری سے متعلق دو صدی پرانے قانون کو تبدیل کرنے کے لئے ، جو نو آبادیاتی دور سے چلے آرہے تھے، تبدیل کرنے کے لئے تین تاریخی بل پارلیمنٹ میں متعارف کرائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعزیرات ہند 1860 کی جگہ اب بھارتیہ نیائے سنہیتا بل 2023 ، فوجداری قانون 1898 کی جگہ بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا بل 2023 اور انڈین ایویڈنس ایکٹ 1872 کی جگہ بھارتیہ ساکشیہ بل 2023 جگہ لے گا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ انٹی گریٹڈ گورنمنٹ آن لائن ٹریننگ (آئی گوٹ) پورٹل کے تحت مشن کرم یوگی پرارمبھ کے 650 تربیتی ماڈیولس میں 56 ماڈیولس ہندی میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں دیگر ہندوستانی زبانوں کو شامل کر کے اس کو وسعت دی جائے گی۔
سرکاری محکموں میں ہندی کی جائزہ کمیٹیوں کی کم وقفے سے زیادہ میٹنگوں پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جب ہم ہندی کو فروغ دیتے ہیں، تو دیگر زبانیں بھی فیضیاب ہوں گی اور پھلے پھولیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی اثر اس وقت محسوس ہوگا جب ذہنیت میں تبدیلی آئے گی، تو اس کے نتیجے میں سماج میں تبدیلی ہوگی۔
اس موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایوارڈ اور توصیف نامے تقسیم کئے۔ انہوں نے ہندی کی مشاورتی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر اے سی اجے کمار اور وزارت کی سرکاری اشاعت والی مجاہد آزادی ویر ساورکر پر تنصیف شدہ ایک کتاب کا بھی اجراء کیا۔
اس تبادلہ خیال میں مشاورتی کمیٹی کے ارکان اور ممبران پارلیمنٹ – جناب ستیش کمار گوتم اور جناب شیام سنگھ یادو (دونوں لوک سبھا) اور جناب رانگورا نرزارے (راجیہ سبھا) کے علاوہ ہندی کے دانشوروں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے کے سکریٹری اور پنشن اور پنشن پانے والوں کی بہبود کے محکمے کے سکریٹری جناب وی سری نواس، ڈی او پی ٹی کی اسٹبلشمنٹ افسر اور ایڈیشنل سکریٹری محترمہ دیتی اوما شنکر ، وزارت کے سینئر عہدیدا روں نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح- وا- ق ر)
U-8468
(Release ID: 1949774)
Visitor Counter : 113