نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے ورلڈ  چیمپئن شپ میں ہندوستانی تیر اندازوں کی مثالی کارکردگی کی ستائش کی


‘‘ان کی مثالی کارکردگی کی بدولت  قوم کو ترغیب و تحریک فراہم ہوگی’’:نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ  نے انفرادی مقابلے میں طلائی تمغہ جیتنے والی اب تک کی سب سے کم عمر تیر انداز، ادیتی گوپی چند سوامی کی تعریف کی

‘‘خواتین تیر اندازوں نے عالمی تیر اندازی چیمپئن شپ میں تاریخ رقم کی ’’: نائب صدر جمہوریہ

Posted On: 07 AUG 2023 1:24PM by PIB Delhi

نائب صدرجمہوریہ  اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب جگدیپ دھنکھڑ  نے آج ایوان بالا میں جرمنی کے شہر برلن  میں منعقدہ  عالمی تیر اندازی چیمپئن شپ میں ہندوستانی تیر اندازوں کی مثالی کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان  تیر اندازوں کی مثالی کارکردگی  کی بدولت قوم کو ترغیب و تحریک حاصل   ہوگی۔

راجیہ سبھا میں ایوان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑ نے‘‘اپنی شاندار کارکردگی سے تاریخ رقم کرنے والی خاص طور پر خواتین تیر اندازوں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا’’۔

انہوں نے عالمی تیر اندازی چمپئن شپ میں ان کھلاڑیوں  کی بہترین کارکردگی کے لئے  ہندوستانی تیر اندازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ‘‘ ان کی کامیابیاں کھیلوں کے میدان میں ہماری تیزرفتار پیش رفت  کی عکاسی کرتی ہیں اور یہ ہمارے کھلاڑیوں کی مستقل مزاجی ، زبردست محنت اور دلی لگن کا ثبوت ہے۔ایسا  حکومت کے مثبت اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے بھی  ممکن ہوا ہے، ’’۔

اپنے بیان میں، راجیہ سبھا کے چیئرمین نے اس بات کو نمایاں  کیا کہ 17 سالہ ادیتی گوپی چند سوامی نے چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ  جیت کر ملک کے لئے  پہلا انفرادی عالمی اعزاز حاصل کیا۔ وہ یہ ٹائٹل جیتنے والی دنیا کی سب سے کم عمر تیر انداز بن گئی ہیں۔

انہوں نے اوجس پروین دیوتلے کی کامیابی کا بھی اعتراف کیا ، جنہوں نے مردوں کے انفرادی مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ وہ عالمی تیر اندازی چیمپئن شپ میں اس طرح کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی مرد تیر انداز بن گئے ہیں۔

ایک اور خاتون تیر انداز  جیوتی سریکھا وینم نے خواتین کے انفرادی کمپاؤنڈ مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا، جب کہ جیوتی وینم، پرنیت کور اور ادیتی گوپی چند سوامی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے کمپاؤنڈ ٹیم مقابلے  میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

چیئرمین نے تیر اندازوں کو ان کی مستقبل کی تمام تر کامیابیوں کے لئے  نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی کامیابیوں سے قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

چیئرمین کے بیان کا مکمل متن درج ذیل ہے-

‘‘معزز اراکین، یہ ہمارے لیے بہت ہی  فخر کا لمحہ ہے۔ ہمارے تیر اندازوں بالخصوص خواتین تیر اندازوں نے جرمنی کے شہر برلن میں منعقدہ ورلڈ آرچری چیمپئن شپ 2023 میں اپنی شاندار کارکردگی سے تاریخ رقم کی ہے۔

17 سالہ ادیتی گوپی چند سوامی نے چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ  جیت کر ملک کے لئے  پہلا انفرادی عالمی اعزاز حاصل کیا۔ وہ یہ ٹائٹل جیتنے والی دنیا کی سب سے کم عمر تیر انداز بن گئی ہیں۔

اوجس پروین دیووتلے نے مردوں کے انفرادی مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ وہ عالمی تیر اندازی چیمپئن شپ میں اس طرح کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی مرد تیر انداز بن گئے ہیں۔

جیوتی سریکھا وینم نے خواتین کے انفرادی کمپاؤنڈ مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا، جب کہ جیوتی وینم، پرنیت کور اور ادیتی گوپی چند سوامی کی ٹیم نے خواتین کے کمپاؤنڈ ٹیم مقابلے  میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےسونے کا تمغہ  جیتا۔

یہ عالمی تیر اندازی چیمپئن شپ میں ہندوستان کی اب تک کی بہترین کارکردگی رہی ہے۔ ان کی حصولیابیاں ،  کھیلوں کے میدان میں ہمارے تیزی سے آگے بڑھنے کی عکاسی کرتی ہیں اور یہ حصولیابیاں ہمارے کھلاڑیوں کی مستقل مزاجی، زبردست محنت اور دلی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور ایسا  حکومت کے مثبت اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے بھی  ممکن ہو پایا ہے۔

ان کی مثالی کارکردگی  کی بدولت قوم  کو ترغیب و تحریک  فراہم ہوگی۔

میں، ایوان کی طرف سے اور اپنی جانب  سے، تیر اندازوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مستقبل میں ان  کی کوششوں میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

ہمیں امید ہے کہ وہ ملک کا  نام روشن کرتے رہیں گے اور اپنی کامیابیوں اور حصولیابیوں  سے قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔

***

ش ح۔ ع م ۔ ک ا


(Release ID: 1946332) Visitor Counter : 107