وزارت دفاع

کینبرا میں 8ویں ہند-آسٹریلیا دفاعی پالیسی مذاکرات کا اہتمام

Posted On: 26 JUL 2023 3:49PM by PIB Delhi

آسٹریلیا کے کیبرا میں 25-24 جولائی 2023 کو 8ویں ہند-آسٹریلیا دفاعی پالیسی مذاکرات (ڈی پی ٹی) کا اہتمام کیا گیا ۔ دفاعی پالیسی مذاکرات   کی مشترکہ صدارت  وزارت دفاع کی اسپیشل سکریٹری محترمہ نویدیتا شکلا ورما اور آسٹریلیا کے محکمہ دفاع میں کارگزار ڈپٹی سکریٹری جناب اسٹیون مور نے کی۔

دفاعی پالیسی مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے دوران دو طرفہ  دفاعی تعاون کا جائزہ لیا اور دو طرفہ دفاعی بات چیت کو مزید مضبوط اورگہرا کرنے کے نئے طور طریقوں پر غور کیا۔ مذاکرات کے دوران دفاعی سازوسامان کو  مشترکہ طور پر بنانے سے متعلق  شراکت داری کو مضبوط کرنے کے راستوں  کی  نشاندہی کرنے پر بھی توجہ مرکوز  کی گئی۔دونوں فریقین نے باہمی اعتماد اور مفاہمت ، جمہوریت اور قانون کی بالا دستی کے مشترکہ مفادات اور اقدار پر مبنی جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو پوری طرح نافذ کرنے کے  اپنے عہد کو بھی دہرایا۔ ہندستانی فریق نے  ہندستانی دفاعی صنعت  کی صلاحیتوں استعداد کے امکانات کو نمایاں کیا اور آسٹریلیائی مسلح افواج  کی جہاز  بنانے  اور ان کی دیکھ ریکھ میں مدد کرنے سے متعلق امکانات کا اظہار کیا۔

ہندستان اور آسٹریلیا کے  درمیان جون 2020 سے جامع اسٹریٹیجک پارٹنرشپ  ہے اور دفاع اس پارٹنرشپ کا ایک کلیدی ستون ہے۔ ہندستان اور آسٹریلیا کی پارٹنرشپ ایک آزاد ،کھلے،جامع  اور ترقی پذیر ہند بحرالکاہل خطہ کے مشترکہ  وژن پر مبنی ہے۔  دونوں جمہوریتوں کا اس پورے خطے  میں  امن اور خوشحالی سے متعلق  ایک مشترکہ مفاد ہے۔

دونوں ممالک کا وزارتی سطح پر 2+2 طریقہ کار ہے۔ 8ویں ڈی پی ٹی میں ستمبر 2021 میں ہونے والے 2+2 کےنتائج کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے  ہائیڈروگرافی معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے جغرافیائی و سیاسی حالات ،  مشترکہ مفاد کے علاقائی اور عالمی  امور پر بھی  تبادلہ خیال کیا۔

****

ش  ح۔ق ت ۔ ج

UNO-7555



(Release ID: 1942911) Visitor Counter : 97


Read this release in: English , Hindi , Tamil , Telugu