صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے گونڈوانا یونیورسٹی کی دسویں کانووکیشن میں شرکت کی

Posted On: 05 JUL 2023 2:10PM by PIB Delhi

  صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج گڑھ چرولی، مہاراشٹر میں گونڈوانا یونیورسٹی کی دسویں کانووکیشن سے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گونڈوانا یونیورسٹی نے جامع، سستی اور قابل قدر تعلیم کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی علم، عقلی نقطہ نظر، پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقی اقدار کے ذریعے طلبہ کو بااختیار بنا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے ایک مساوی تعلیمی نظام کی تعمیر، کثیر الجہتی تحقیق کو فروغ دینے اور پائیدار معاش کے لیے تعلیمی پروگراموں کے انعقاد پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی اقدامات طلبہ کو خطے اور ملک کی پائیدار ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار کریں گے۔ انھوں نے قبائلی برادریوں اور پسماندہ طبقات کے نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے نئے مواقع فراہم کرنے پر گونڈوانا یونیورسٹی کی ستائش کی۔

صدر جمہوریہ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ گونڈوانا یونیورسٹی علاقے کی جنگلاتی دولت، معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ مقامی قبائلی برادریوں کے فن اور ثقافت کے تحفظ اور ترقی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ انھوں نے ٹیلی، بانس کرافٹ اور فاریسٹ مینجمنٹ جیسے کورسز کے ذریعے تجرباتی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کی تعریف کی۔ انھوں نے یونیورسٹی کے ٹرائبل ریسرچ سینٹر کے قیام کو بھی سراہا جو مقامی مسائل پر تحقیق میں مصروف ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ طلبہ اور یونیورسٹی کمیونٹی سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مطالعہ کریں گے اور عالمی مسائل کو حل کریں گے۔ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ روایتی علم، جدید ترین ٹیکنالوجی اور جدت طرازی اور تحقیق کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط جیسے معاصر مسائل پر تبادلہ خیال کریں اور ان کا حل تلاش کریں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشرے اور ملک کی جامع ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انھوں نے طالب علموں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے خوابوں کو پورا کرتے ہوئے اپنی جڑوں، اپنی یونیورسٹی سے جڑے رہیں۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں -

***

(ش ح – ع ا – ع ر)

U. No. 6781


(Release ID: 1937523) Visitor Counter : 125