امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

معیارات معیار کے لیے مثال قائم کرتے ہیں اور تمام صارفین کے لیے اعلیٰ معیار کی مصنوعات کو یقینی بناتے ہیں: ڈی جی، بیورو آف انڈین اسٹینڈرز


جوتے چپل اور ان سے متعلق 24 سامان كے لیے یكم جولائی 2023 سے  بیورو آف انڈین اسٹینڈرز لائسنس (بی آءی ایس) لازمی

تصدیق شدہ اسٹارٹ اپس اور مائیکرو انڈسٹریل یونٹوں کے لیے كوالیٹی كنٹرول كے احكامات کے تحت جوتے کی مصنوعات کے ٹیسٹنگ چارجز میں 80 فیصد کی تخفیف

بیورو آف انڈین اسٹینڈرز نے معیار بندی کے عمل کو مزید جامع بنانے کے لیے 'پبلك کال فیسیلیٹی (سہولت)' کا آغاز کیا

غیر روایتی بات چیت كا پلیٹ فارم 'پبلك کال فیسیلیٹی'  کام کے تمام  دنوں میں صبح 10:00 سے 11:00 بجے تک کھلا رہے گا

بیورو آف انڈین اسٹینڈرز نے آن لائن ایکسچینج فورم - مانک رتھ کا بھی آغاز کیا جو طلبا اور اساتذہ کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے

Posted On: 19 JUN 2023 8:49PM by PIB Delhi

ڈائریکٹر جنرل، بیورو آف انڈین اسٹینڈرز جناب پرمود کمار تیواری نے کہا کہ معیارات معیار کے لیے مثال قائم کرتے ہیں اور اس طرح تمام صارفین کے لیے اعلیٰ معیار کی مصنوعات کو یقینی بناتے ہیں۔ آج نئی دہلی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےجناب تیواری نے جوتے، چپل اور دیگر مصنوعات کے لیے حکومت ہند کی طرف سے حال ہی میں جاری کیے گئے کوالٹی کنٹرول آرڈرز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ڈی جی، بی آئی ایس نے کہا کہ چمڑے اور دیگر مواد سے بنے جوتے اور مكمل طور پر پولیمیرک اور ربڑ سے بنے جوتے چپل کے تحت 24  مصنوعات کے لیے کوالٹی کنٹرول آرڈر یکم جولائی 2023 سے نافذ کیا جائے گا۔ اس کے بعد ان کوالٹی کنٹرول آرڈرز کے تحت مصنوعات کی تیاری، درآمد یا فروخت کے لیے بی آئی ایس لائسنس لازمی ہوگا۔ تاہم 5 معیارات کے لیے، جن پر حال ہی میں نظر ثانی کی گئی ہے، مینوفیکچررز کو نظر ثانی شدہ تصریحات کے مطابق تعمیل کرنے کے لیے یكم جنوری 2024 تک مزید چھ ماہ کا وقت دیا جائے گا۔

جناب تیواری نے کہا کہ جوتے چپل کی مصنوعات کے معیارات كو تجارتی اور صنعتی اداروں، صارفین کی تنظیموں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈر گروپس کے نمائندوں کی مشاورت سے تیار کیا جاتا ہے تاکہ معیار اور صداقت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے اور بڑے پیمانے کی صنعتوں کے لیے تعمیل کو آسان بنانے کی خاطر نفاذ کی تاریخ اول الذكر کے لیے یکم جنوری 2024 اور بعد والوں کے لیے یکم جولائی 2024 ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دو بی آئی ایس لیبز، دو فٹ ویئر ڈیزائن اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (ایف ڈی ڈی آئی) لیبز اور سنٹرل لیدر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایل آر آئی) میں ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں، جبکہ 11 نجی لیبز کو جوتے کی جانچ کے لیے تسلیم کیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکومت نے حال ہی میں تصدیق شدہ اسٹارٹ اپس اور مائیکرو انڈسٹریل یونٹس کے لیے كالیٹی كنٹرول كے احكامات کے تحت جوتے چپل کی مصنوعات کے ٹیسٹنگ چارجز میں 80 فیصد کی تخفیف کا اعلان کیا ہے۔

ڈی جی، بی آئی ایس نے یہ بھی بتایا کہ ٹیکسٹائل کی وزارت نے 10 اپریل 2023 کو جیو ٹیکسٹائل (کوالٹی کنٹرول) آرڈر، 2023، اور حفاظتی ٹیکسٹائل (کوالٹی کنٹرول) آرڈر، 2023 جاری کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 19 جیو ٹیکسٹائل مصنوعات اور 12 حفاظتی ٹیکسٹائل مصنوعات کو 10 اکتوبر 2023 سے لازمی بی آئی ایس سرٹیفیکیشن کے تحت لایا جا رہا ہے۔

جناب تیواری نے زور دے كر كہا کہ بی آئی ایس كی طرف سے پبلك کال کی تازہ ترین سہولت بی آئی ایس ایک فعال اقدام ہے جس كا مقصد معیاربندی کے عمل کو مزید جامع بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز كو نقطہ نظر، آراء، تجاویز وغیرہ کے لیے مدعو کرنے کی خاطر جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک ورچوئل انٹریکشن پلیٹ فارم بنایا گیا ہے جو تمام کام کے دنوں میں صبح 10:00 سے 11:00 بجے تک کھلا رہے گا۔ کوئی بھی شخص وی سی لنک - - https://tinyurl.com/PublicCF.

کے ذریعے 'پبلك کال کی سہولت' میں شامل ہوسکتا ہے۔

بی آئی ایس کے اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے، جناب تیواری نے مزید بتایا کہ بی آئی ایس نے حال ہی میں مانک رتھ کا آغاز کیا ہے، جو اسٹینڈرڈز کلب کے اساتذہ اور طلباء کے لیے ایک آن لائن تبادلہ فورم ہے۔ اس اقدام کا مقصد طلباء کو معیار کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر پروان چڑھانا ہے۔ اسٹینڈرڈز کلب کے طلباء کے لیے سائنس اور معیاری مضامین پر کوئز، معیاری تحریر، اور دیگر مقابلوں کے انعقاد کے لیے مانک رتھ کا استعمال کیا جائے گا۔

مزید یہ كہ مانک رتھ ایک آن لائن کلاس روم کے لیے ایک خصوصیت فراہم کرے گا جو اسٹینڈرڈز پہل، معلوماتی ویڈیوز، اور ماہرین کے ذریعے فراہم کردہ لائیو کلاس رومز کے ذریعے لرننگ سائنس کے تحت سبق کے منصوبوں تک رسائی فراہم کرے گا۔

جناب تیواری نے کہا کہ طلباء اور اساتذہ کے لیے مانک رتھ میں دلچسپ اور معلوماتی مضامین کے لیے ایک سیکشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، طلبا اور اساتذہ بھی مانک رتھ کے ذریعے اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ اس تک www.exchangeforum.bis.gov.inکے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانک رتھ میں مختلف سرگرمیوں کی ایک شاندار تصویر اور ویڈیو گیلری بھی موجود ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران حال ہی میں ریلیز ہونے والا بی آئی ایس کا تھیم سانگ 'مانک گیت' بھی پلے كیا گیا۔

************

 

 

ش ح ۔ ر ف  ۔  س ا  

 (U:6284)



(Release ID: 1933535) Visitor Counter : 127


Read this release in: English , Marathi , Hindi