وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا اب ہندوستان کی باتوں کو توجہ سے سنتی ہے کیونکہ پچھلے نو سالوں میں اس کا قد بڑھ گیا ہے


جناب راج ناتھ سنگھ نے سرکاری ملازمین سے مطالبہ کیا کہ وہ لوگوں توقعات پر پورا اترتے ہوئے حکومت پر ان کا اعتماد بحال کریں

وزیر دفاع نے کہا کہ جواز کا کلچر اب استحقاق کے کلچر کو پیچھے چھوڑ چکا ہے

امرت کال میں بیوروکریٹس پر ملک کی خدمت کرنے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے

Posted On: 18 JUN 2023 2:47PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ گزشتہ نو سالوں میں بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی اہمیت بڑھی ہے اور اب دنیا میں ہندوستان کی بات سنی جا رہی ہے۔ 18 جون 2023 کو لکھنؤ میں ایک تقریب میں یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) سول سروسز امتحان کے کامیاب امیدواروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا تصور اب صرف ایک خواب نہیں رہا، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی متحرک قیادت میں ایک حقیقت میں بدل رہا ہے۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ اب امریکہ جیسی سپر پاور ہندوستان کے وزیر اعظم کے استقبال کے لیے پوری تندہی سے تیاری کر رہی ہے اور غیر ملکی میڈیا ہندوستان کی کامیابی کی کہانی کے بارے میں بات کر رہا ہے۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کے بارے میں وزیر دفاع نے کہا کہ ایسی قوم کی تعمیر میں نوجوان سرکاری ملازمین کا کردار بہت اہم ہے۔

انھوں نے کہا، ’آپ کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ آپ ایسے وقت میں خدمت کرنے جا رہے ہیں جب ملک امرت کال میں داخل ہو چکا ہے۔ جب آپ 2047 میں اپنی مدت ختم کریں گے تو ملک اپنی آزادی کے 100 سال کا جشن منائے گا۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ آنے والے چیلنجوں کے لیے تیار رہیں۔ ہم مل کر چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک کی راہ پر لے جا سکتے ہیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے سرکاری ملازمین کو عوام کی توقعات اور امنگوں پر پورا اترنے اور ان کے ساتھ سرگرم عمل ہو کر حکومت میں ان کا اعتماد حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر بیوروکریٹس آسانی سے عوامی برادری سے جڑ سکتے ہیں تو جمہوریت پر عوام کا اعتماد کئی گنا بڑھ جائے گا۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ جیسے جیسے معاشرہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، جاگیردارانہ نظام اور ذہنیت زوال پذیر ہے اور ایسے حالات میں عوام کی امیدوں اور امنگوں پر پورا اترنا نوکر شاہوں اور لیڈروں کی صلاحیت کا پیمانہ ہے۔

روزمرہ کی طرز حکمرانی اور جمہوریت میں عوامی نمائندوں کے کردار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو چاہیے کہ وہ عوامی نمائندوں کی تجاویز کو غور سے سنیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے کام کریں کیونکہ جمہوریت میں عوامی نمائندے ہی عوام کے نمائندے ہوتے ہیں۔

وزیر دفاع نے مقامی انتظامیہ میں بے جا سیاسی مداخلت کے کلچر کی مذمت کی، تاہم، عوامی نمائندوں سے رہنمائی کی وکالت کی، جو ملک کے عام شہریوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے وہ اپنے حلقے کے مسائل آپ کے سامنے ضرور اٹھائیں گے۔ اس لیے آپ کو اپنے علاقے کے عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

حالیہ برسوں میں سول سروسز کے امتحان میں خواتین کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ لڑکیوں نے سب سے اوپر 3 پوزیشنیں حاصل کی ہیں اور ٹاپ 25 میں سے 14 لڑکیاں بدلتے ہوئے ہندوستان اور ایک نئے ہندوستان کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو جب بھی موقع ملا ہے انہوں نے نام روشن کیا ہے۔

ٹرسٹی شپ کے فلسفے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے نصب العین کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر دفاع نے نوجوان سرکاری ملازمین سے کہا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی بھی فیصلہ لیتے وقت سماج کے آخری سرے پر کھڑے شخص کے بارے میں سوچیں۔

************

ش ح۔ ف ش ع- ن ع

U: 6255


(Release ID: 1933301) Visitor Counter : 140