سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
نئے مطالعہ نے شمسی کروموسفیئر میں صوتی جھٹکوں کے دوران درجہ حرارت میں زیادہ اضافہ کا انکشاف کیا
Posted On:
15 JUN 2023 5:12PM by PIB Delhi
ایک نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سورج کے کروموسفیئر میں دکھائی دینے والے روشن دانے (برائٹ گرینس) شمسی پلازما میں اوپر کی طرف پھیلنے والے جھٹکوں کی وجہ سے ہیں، اور سابقہ اندازوں کے مقابلے درجہ حرارت میں زیادہ اضافہ کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ مطالعہ روشن شمسی سطح اور انتہائی گرم کورونا کے درمیان واقع کروموسفیئر کو گرم کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
کروموسفیئر شمسی ماحول کے اندر ایک انتہائی فعال تہہ ہے اور توانائی (خاص طور پر غیر تھرمل توانائی) کی منتقلی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جو کورونا کو گرم کرتی ہے اور شمسی ہوا کو ایندھن دیتی ہے، جو شمسی ماحول کے اردگرد کے علاقوں تک باہر کی طرف پھیلتی ہے۔ اگرچہ اس توانائی کا ایک بڑا حصہ حرارت اور تابکاری میں تبدیل ہوجاتا ہے، لیکن دراصل صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہی کورونا کو گرم کرنے اور شمسی ہوا کو طاقت دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس وقت دو وسیع پیمانے پر قبول شدہ میکانزم موجود ہیں کہ کس طرح توانائی کو نچلی تہوں سے شمسی ماحول کے اونچے علاقوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ پہلا مقناطیسی فیلڈ لائنوں کی دوبارہ ترتیب ہے، جو ہائر سے لوور پوٹینشیل میں منتقل ہوتی ہے۔ دوسرا صوتی لہروں سمیت مختلف قسم کی لہروں کا پھیلاؤ ہے۔
صوتی جھٹکے کی لہریں کروموسفیئر میں گرم ہونے والے واقعات ہیں، جو امیجز میں عارضی چمک کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں اور انہیں دانے (گرین) کہا جاتا ہے۔ یہ صوتی لہریں کتنی توانائی لے کر جاتی ہیں اور یہ کس طرح کروموسفیئر کو گرم کرتی ہیں، یہ شمسی اور پلازما فلکی طبیعیات میں بنیادی دلچسپی کی چیز ہے۔
حکومت ہند کے محکمہ سائنس اور ٹیکنالوجی (ڈی اس ٹی) کے ایک خود مختار ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس (آئی آئی اے) کے ماہرین فلکیات کی قیادت میں ہندوستان، ناروے اور امریکہ کے شمسی طبیعیات دانوں کی ایک ٹیم نے ان صوتی جھٹکوں کے واقعات کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کی مقدار کا اندازہ لگایا ہے۔
اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے جس میں اب تک سب سے زیادہ معروف امیجنگ، طول موج (ویو لینتھ)، اور وقتی ریزولوشن کا مشاہدہ کیا گیا ہے، سائنسدانوں نے پایا ہے کہ اوسطاً درجہ حرارت میں اضافہ تقریباً 1100K اور زیادہ سے زیادہ 4500 K ہوسکتا ہے، جو اندازوں سے تین گنا زیادہ ہے۔ ابتدائی مطالعات میں انہوں نے یہ بھی پایا کہ ماحولیاتی پرتیں، جو درجہ حرارت میں اضافہ کو ظاہر کرتی ہیں، بنیادی طور پر اوپر کی طرف حرکت کرتی ہیں۔
فلکیات اور فلکی طبیعیات (ایسٹرونومی اینڈ ایسٹروفزکس - اے اینڈ اے) جریدے میں اشاعت کے لیے قبول کیے گئے مطالعے میں، صوتی جھٹکوں کے دوران ماحول کی خصوصیات کا اندازہ لگانے کے لیے، ٹیم نے سویڈش شمسی دوربین سے حاصل ہونے والے دانوں کے اعلیٰ معیار کے مشاہدات اور ایک جدید ترین اِنورزن کوڈ جسے ایس ٹی آئی سی کہا جاتا ہے، کا استعمال آئی آئی اے کی طرف سے فراہم کردہ ایک سپر کمپیوٹر پر کیا۔ ٹیم نے انورزنس پروسیس کو بہتر بنانے کے لیے مشین لرننگ کی تکنیکوں کا بھی استعمال کیا، اس طرح حساب کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا۔
آئی آئی اے کے پی ایچ ڈی کے طالب علم اور مقالے کے مرکزی مصنف ہرش ماتھر نے کہا کہ ’’وہ عمل جن کے ذریعے سورج کے اندرونی حصے سے توانائی کروموسفیئر تک پہنچائی جاتی ہے اور کورونا ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم صوتی جھٹکوں کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ اور پلازما کی حرکت کا تعین کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ جھٹکے، کم اونچائی سے آواز کی لہروں کی وجہ سے، کروموسفیئر کو گرم کر سکتے ہیں۔‘‘ اس تحقیق کے شریک مصنف، آئی آئی اے کے ناگاراجو نے وضاحت کی کہ ’’ان جھٹکوں کی لہریں کروموسفیئر کے پلازما کی کثافت میں اضافہ کرتی ہیں، اور اس کے نتیجے میں، مشاہدات میں انتہائی چمکدار (جسے دانے کہا جاتا ہے) دکھاتے ہیں، جو اس مطالعے میں ایسے واقعات کی شناخت کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔‘‘
آئی آئی اے کے جینت جوشی نے مطالعہ کے پرنسپل تفتیش کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس مطالعہ میں درجہ حرارت میں اضافے کا حساب پچھلے تخمینوں سے 3-5 گنا زیادہ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارے نتائج پہلے کے مطالعے کی تشریحات کی تائید کرتے ہیں کہ یہ اَپ فلوئنگ پلازما ہیں۔‘‘
بھارت کے بنگلورو کی ٹیم میں آئی آئی اے کے پی ایچ ڈی کے طالب علم جناب ہرش ماتھر، آئی آئی اے کے ڈاکٹر کے ناگا راجو اور آئی آئی اے کے ڈاکٹر جینت جوشی شامل ہیں۔ ناروے اور امریکہ کی ٹیم میں اوسلو یونیورسٹی کے پروفیسر لک روپے وان ڈیر وورٹ اور لاکہیڈ مارٹن سولر اینڈ ایسٹرو فزکس لیبارٹری کے ڈاکٹر سووک بوس شامل ہیں۔
اشاعت کا لنک: https://www.aanda.org/10.1051/0004-6361/202244332
مزید معلومات کے لیے، براہ کرم ہرش ماتھر سے harsh.mathur@iiap.res.in پر رابطہ کریں۔
کروموسفیئر میں درجہ حرارت، رفتار (ویلوسٹی)، اور ٹربولینس (قطار وار) کی تصاویر اور وہ وقت کے ساتھ کیسے بدلتے ہیں (کالمس)۔ شکلیں (کنٹورس) دانوں (صوتی جھٹکوں) کے مقام کی نشان دہی کرتی ہیں۔ ٹی = 49.6، 57.8، اور 66.1 ایس، پر صوتی جھٹکوں کے مقام پر، تقریباً 2000 کے (K)، درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے اور تقریباً 3 کلومیٹر فی سیکنڈ کا بہاؤ ہوتا ہے۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.6183
15.06.2023
(Release ID: 1932747)
Visitor Counter : 167