صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

صدرجمہوریہ ہند نے کمبوڈیا کے شاہ کی میزبانی کی : صدرجمہوریہ ہند نے کہا کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات  میں مزید اضافہ کرنے کی غرض سے سیاحت اور عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ کرنے کی خاطر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے

Posted On: 30 MAY 2023 10:09PM by PIB Delhi

صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (30؍ مئی 2023) کو راشٹر پتی بھون میں کمبوڈیا کے شاہ، عزت مآب پریاہ بت سمدیک پریاہ بوروم نیتھ نورو ڈوم سیہامونی کااستقبال کیا۔صدرجمہوریہ نے ان کے اعزاز میں ایک ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔

شاہ سیہامونی کے بھارت کے پہلے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے، صدرجمہوریہ نے کہاکہ ان کے اس دورے سےاس اہمیت کا اظہار ہوتاہے جو کمبوڈیا بھارت کےساتھ اپنے تعلقات کو دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اورکمبوڈیا کے درمیان مالا مال اور درخشاں و تابناک تعلقات قائم ہیں ۔  ہم اپنی مشترکہ  تاریخ کی بہت قدر کرتے ہیں  اورکمبوڈیا کو تہذیبی لحاظ سے اپنا ہم پلہ ملک خیال کرتے ہیں ۔

صدرجمہوریہ نے اس بات کو نمایاں کیا کہ بھارت اور کمبوڈیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرنے کی بہت زیادہ گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، کمبوڈیا کے ساتھ اپنے دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ کرنے کا خواہش مند ہے ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزید مستحکم بنانے کی غرض سے ، سیاحت اور عوام سے عوام کے درمیان  روابط میں اضافہ کرنے کی خاطر کوششیں کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔

صدرجمہوریہ نے کہاکہ بھارت ، جی -20  کی اپنی صدارت کے تحت، گلوبل ساؤتھ کے ترقی پذیر ملکوں کے مفادات کی پیش روی کررہا ہے ۔ انہوں نے اس سال فروری میں وائس آف گلوبل ساؤتھ سربراہ  کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں کمبوڈیا کے وزیراعظم عزت مآب ہن سین کی شرکت کی ستائش کی ۔ صدرجمہوریہ نے گزشتہ برس آسیان کی صدارت کامیابی کےساتھ مکمل کرنے پر کمبوڈیا کو مبارکباد پیش کی ۔

اس کے بعد ، بڑی ضیافت کی اپنی تقریر میں صدرجمہوریہ نے کہا کہ بھارت، صلاحیت سازی، انسانی وسائل کے فروغ اور سماجی – اقتصادی پروجیکٹوں کے لئے مالی امداد فراہم کرکے، ملک کی تعمیر کے لئے اپنی کوشش کے دوران کمبوڈیا کے ساتھ ساجھیداری کرنا اپنے لئے ایک خصوصی اعزاز سمجھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ’’واسودیواکٹمباکم‘‘ کے فلسفے میں یقین رکھتا ہے  جس کا مطلب ہے کہ پوری دنیا ایک کنبہ ہے۔ ا نہوں نے مزید کہاکہ بھارت اور کمبوڈیا کے درمیان کثیررخی تعلقات اور عزت مآب شاہ  کی آج ہمارے ساتھ راشٹرپتی بھون میں موجودگی، اس دیرینہ تصور کا خوبصورت اظہارہے ۔

**********

ش ح۔ ع م ۔ ف ر

U. No.5642



(Release ID: 1928472) Visitor Counter : 98


Read this release in: English , Hindi , Bengali , Punjabi