پارلیمانی امور کی وزارت

پارلیمانی امور کی وزارت ’نیشنل ای-ودھان ایپلی کیشن‘ (نیوا) پر دو روزہ قومی ورکشاپ کا اہتام کرے گی


نیوا ریاستی مقننہ کے کام کاج کو  کاغذ کے استعمال سے مبرا کرکے تمام 37 قانون ساز اسمبلیوں کو ’وَن نیشن وَن ایپلی کیشن‘ سے مربوط کرے گا

Posted On: 23 MAY 2023 7:56PM by PIB Delhi

پارلیمانی امور کی وزارت 25-24 مئی 2023 کو ہوٹل اشوک، نئی دہلی کے کنونشن ہال میں نیشنل ای-ودھان ایپلی کیشن (نیوا) پر دو روزہ قومی ورکشاپ کا اہتمام کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس ورکشاپ کا مقصد سبھی ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مقننہ کو نیوا پلیٹ فارم کی جانب بڑھنے کے لیے آمادہ کرنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایوان کی کارروائی چلانے میں شفافیت، حساسیت اور جوابدہی کو شامل کرنا ہے۔

نیشنل ای-ودھان ایپلی کیشن (نیوا) حکومت ہند کے ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے تحت 44 مشن موڈ پروجیکٹوں (ایم ایم پی) میں سے ایک ہے۔ اس کا مقصد  تمام ریاستی قانون ساز اسمبلیوں کو ڈیجیٹل ہاؤس میں بدل کر کام کاج کو پیپر لیس (کاغذ کے استعمال سے پاک) بنانا ہے۔ اب تک 21 ریاستی اسمبلیوں نے نیوا کے نفاذ کے لیے مفاہمت نامہ پر دستخط کر لیے ہیں اور 17 قانون ساز اسمبلیوں کے لیے پروجیکٹ کو منظوری دے کر اس کے نفاذ کے لیے انہیں رقم جاری کر دی گئی ہے۔ ان میں سے نو قانون ساز اسمبلی پہلے سے ہی پوری طرح ڈیجیٹل ہو چکی ہیں اور نیوا پلیٹ فارم پر لائیو ہیں۔ وہ  اپنا شروع سے لے کر آخر تک ہر کام ڈیجیٹل اور پیپر لیس طریقے سے کر رہی ہیں۔

جناب پیوش گوئل، راجیہ سبھا کے لیڈر،  کامرس و صنعت اور امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم اور کپڑا کے مرکزی وزیر، اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے۔  پارلیمانی امور، کوئلہ اور کان کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی، پارلیمانی امور اور امور خارجہ کے وزیر مملکت جناب وی مرلی دھرن،  جناب وی شری نواس، آئی اے ایس، سکریٹری، انتظامی اصلاح اور  عوامی شکایات کے محکمہ، جناب گڈے شری نواس، آئی اے ایس، سکریٹری،  پارلیمانی امور کی وزارت بھی اس قومی ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس میں موجود رہیں گے۔

اس ورکشاپ میں ریاستی قانون ساز اسمبلیوں کے سکریٹریوں اور سینئر افسران، ریاستی حکومتوں کے نوڈل/ آئی ٹی سکریٹری اور نیشنل انفارمیٹکس سنٹر (این آئی سی) سمیت نیوا پروجیکٹ کے سبھی متعلقین شرکت کریں گے۔

اس دو روزہ قومی ورکشاپ میں چھ اجلاس ہوں گے۔ پہلا اجلاس ’ڈیجیٹل ہاؤس کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر نیوا‘ پر ہوگا۔ مختلف ریاستوں  کی نمائندگی کرنے والے ان نو قانون ساز اسمبلیوں کے نمائندوں کے ذریعے تجربات شیئر کرنے پر ایک اجلاس ہوگا، جو نیوا کے ذریعے لائیو ہو چکے ہیں۔ ایک اجلاس سی پی ایم یو، نیوا ٹیم کی طرف سے ’نیوا کے نفاذ کے لیے اٹھائے جانے والے ضروری قدم‘ پر منعقد کیا جائے گا۔

قومی ورکشاپ کے دوسرے دن ایک اجلاس ’نیوا: بہتر نظام حکومت کے لیے ابھرتی ٹیکنالوجی کے ساتھ تال میل بیٹھانے‘ سے متعلق ہوگا۔ گوگل انک، مائکرو سافٹ اور آئی بی ایم کے تین ٹیکنالوجی ایکسپرٹ ’اے آئی‘ جیسی ابھرتی جدید ترین ٹیکنالوجیوں پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور  رہنمائی کریں گے جو، نیوا کے سبھی متعلقین  کی عصری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے  راہ دکھانے کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے بعد، نیوا کی سی پی ایم یو ٹیم ’نیوا پلیٹ فارم‘ کا ایک خاکہ پیش کرے گی، جس میں ڈیجیٹل ہاؤس، بل ماڈیولیشن،  سوالوں کے ماڈیول، کمیٹی ماڈیول وغیرہ جیسے نیوا ماڈیول سافٹ ویئر پر پیشکش شامل ہیں۔ اس کے بعد سکریٹری، پارلیمانی امور کی وزارت، اور  ایڈیشنل سکریٹری، پارلیمانی امور کی وزارت ایک سوال و جواب کا سیشن منعقد کریں گے جس میں نیوا سے تال میل بیٹھانے سے متعلق مختلف متعلقین کے سوالات اور تشویشات پر غور کیا جائے گا۔

قومی ورکشاپ کا اختتام جناب ارجن رام میگھوال، قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، پارلیمانی امور اور ثقافت کے وزیر مملکت، کی صدارت میں ہوگا۔ جناب گڈے شری نواس، سکریٹری، پارلیمانی امور کی وزارت، جناب رجت پُنہانی، سکریٹری، راجیہ سبھا سکریٹریٹ اور سی ای او، پارلیمنٹ ٹی وی بھی اس اختتامی اجلاس میں موجود رہیں گے۔

(قومی ورکشاپ کا لائیو ویب کاسٹ لنک ہے: https://webcast.gov.in/mpa)

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 5421

 



(Release ID: 1926781) Visitor Counter : 87


Read this release in: English , Hindi , Manipuri