کوئلے کی وزارت
کوئلہ سکریٹری جناب امرت لال مینا نے چھتیس گڑھ میں ریاستی حکومت اور ریلوے حکام کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی
ایس ای سی ایل کی چھل ریل سائڈنگ کا افتتاح کیا اور ریل منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا
تیز اور ماحول دوست کوئلے کی نقل و حمل پرزور
گیورا کوئلے کی کان کو ایشیا کی سب سے بڑی کان کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ 70 ملین ٹن پیداوار کا ہدف
Posted On:
20 MAY 2023 12:09PM by PIB Delhi
کوئلہ کی وزارت کے سکریٹری جناب امرت لال مینا نے چھتیس گڑھ کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران چھتیس گڑھ حکومت رائے پور کے اعلیٰ افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی۔ بلاس پور میں واقع ایس ای سی ایل ہیڈ کوارٹر میں ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے (ایس ای سی آر) کے عہدیداروں کے ساتھ جناب مینا نے چھتیس گڑھ ایسٹ ریلوے لمیٹڈ (سی ای آر ایل) اور چھتیس گڑھ ایسٹ ویسٹ ریلوے لمیٹڈ (سی ای ڈبلیو آر ایل) کے ریل پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ سکریٹری موصوف نے ایس ای سی ایل، رائے گڑھ علاقے میں 'چھل' ریل سائڈنگ کا افتتاح کیا اور ریاست میں خصوصی مقصد کی گاڑی (ایس پی وی) ماڈل پر تیار کیے جانے والے دو ریل راہداریوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
جناب امرت لال مینا نے رائے پور میں واقع منترالیہ مہاندی بھون میں چھتیس گڑھ حکومت کے چیف سکریٹری جناب امیتابھ جین کے ساتھ میٹنگ سے اپنے دورے کی شروعات کی۔ یہ میٹنگ ایس ای سی ایل کے جاری کانکنی منصوبوں سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنے اور کانوں کے زیادہ موثر آپریشن کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ بہتر تال میل کو یقینی بنانے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ جناب مینا کے ساتھ وزارت کوئلہ میں ایڈیشنل سکریٹری محترمہ وسمتا تیج اور ایس ای سی ایل کے سی ایم ڈی ڈاکٹر پریم ساگر مشرا بھی تھے۔
ماحولیاتی منظوری، جنگلات کی منظوری، زمین کا حصول، خاص طور پر گیورا، دیپکا اور کسمنڈہ جیسے ایس ای سی ایل کے میگا پروجیکٹوں سے متعلق بحالی اور آبادکاری کے لیے ریاستی حکومت سے تعاون ایس ای سی ایل کی کارروائیوں سے متعلق مسائل پر غور و خوض کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران کوئلہ سکریٹری نے ریاستی حکومت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ موثر ہم آہنگی کے ساتھ پروجیکٹوں کی مقررہ وقت میں تکمیل پر زور دیا۔
ایس ای سی ایل کا گیورا میگا پروجیکٹ حال ہی میں 50 ملین ٹن کوئلے کی پیداوار حاصل کرنے والی ملک کی پہلی کان بن گئی ہے۔ فی الحال 70 ملین ٹن پیداوار حاصل کرنے کے لیے اس میں توسیع کی جا رہی ہے، جو اسے ایشیا میں کوئلہ پیدا کرنے والی سب سے بڑی کان بنا دے گی۔ ڈائریکٹر ٹیکنیکل آپریشن ، جناب ایس کے پال اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل (پروجیکٹ اینڈ پلاننگ) ، جناب ایس این کاپری سمیت ریاستی حکومت کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
کوئلہ سکریٹری نے ایس ای سی ایل ہیڈ کوارٹر میں ایس ای سی ایل کے سی ایم ڈی ڈاکٹر پریم ساگر مشرا کی موجودگی میں ساؤتھ ایسٹ سینٹرل ریلوے (ایس ای سی آر) کے جنرل منیجر ، جناب آلوک کمار کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ میٹنگ کوربا اور مانڈ-رائے گڑھ کول فیلڈ سے کوئلہ نکالنے پر مرکوز تھی۔ ایس ای سی ایل کے کوئلے کی ترسیل، ریلوے ریک کی دستیابی، ایس ای سی ایل کے ریل منصوبوں وغیرہ سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت کے دوران ایس ای سی آر اور ایس ای سی ایل کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔
چھتیس گڑھ کے دورے کے دوسرے دن کوئلہ سکریٹری جناب مینا نے چھل سائڈنگ کا افتتاح کیا اور ریل ریک کوہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر ایس ای سی ایل کے سی ایم ڈی ڈاکٹر پریم ساگر مشرا اور ایس ای سی ایل کے فنکشنل ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوئلہ سکریٹری نے کہا کہ پردھان منتری گتی شکتی یوجنا کے تحت ملک میں کوئلے کی نقل و حمل کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے اور نئی ریل راہداری اس سمت میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ جناب مینا نے مقامی انتظامیہ اور باشندوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
چھل سائڈنگ چھتیس گڑھ ایسٹ ریلوے لمیٹڈ (سی ای آر ایل) مرحلہ 1 پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی گئی ہے اور یہ رائے گڑھ خطے کی چھل کان کو براہ راست ریل کے راستے سے جوڑے گی اور یہاں سے ریل کے ذریعہ کوئلے کی ترسیل براہ راست کی جائے گی۔ 3000 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنائے جا رہے چھتیس گڑھ ایسٹ ریلوے لمیٹڈ (سی ای آر ایل) مرحلہ 1 پروجیکٹ کا مقصد منڈ-رائے گڑھ کول فیلڈ کو ریل کے ذریعہ جوڑنا ہے۔ اس 124 کلومیٹر طویل پروجیکٹ کے تحت، کھرسیا سے دھرمجے گڑھ تک 74 کلومیٹر طویل میل لائن پہلے ہی شروع ہو چکی ہے۔ اس میں گھرگھوڈا سے پیلما تک علیحدہ لائنیں اور چھل، بڈور اور درگاپور سے فیڈر لائنیں بھی شامل ہیں۔
کوئلے کے ذخائر کے معاملے میں، کوربا کول فیلڈز کے بعد مانڈ-رائے گڑھ کے کوئلے کی فیلڈ ہیں اور جیسے جیسے کوئلے کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، یہ ریل پروجیکٹ آنے والے وقت میں زیادہ سے زیادہ کوئلہ بھیجنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اپنے دورے کے دوسرے دن، کوئلہ سکریٹری نے ایس ای سی ایل کے کوربا کول فیلڈ میں چھتیس گڑھ ایسٹ ویسٹ ریلوے لمیٹڈ (سی ای ڈبلیو آر ایل) پروجیکٹ کے تحت گیورا روڈ سے پیندرا روڈ تک تعمیر ہونے والی ریلوے لائن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایس ای سی ایل کے سی ایم ڈی ڈاکٹر پریم ساگر مشرا اور ایس ای سی ایل فنکشنل ڈائریکٹروں کے ساتھ ارگا کسمنڈا کنیکٹیویٹی لائن کے پل نمبر3 کا معائنہ کیا۔
یہ پروجیکٹ ایس ای سی ایل کے کوربا کول فیلڈ میں کام کرنے والے میگا پروجیکٹوں سے کوئلے کی نقل و حمل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ منصوبہ 191 کلومیٹر طویل ہے جس میں 135.3 کلومیٹر مین لائن کا کام شامل ہے۔ اس پروجیکٹ میں گیوارہ روڈ، سورکچھار، دیپکا ، کٹگھورا روڈ، بجھارا، پٹوا، متین، سیندور گڑھ، پٹی پاکھانہ، بھادی، ڈھنگواں اور پیندرا روڈ اسٹیشن شامل ہیں۔ پورے کوریڈور میں ریلوے لائن کے ساتھ ان اسٹیشنوں پر مسافروں کی سہولیات بھی تیار کی جائیں گی۔ سی ای ڈبلیو آر ایل پروجیکٹ کی کل لاگت تقریباً 4970 کروڑ روپے ہے اور اس کی مین لائن کے لیے زمین کا حصول اور جنگلات کی منظوری مکمل ہو چکی ہے۔ یہ منصوبہ اگلے سال دسمبر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
5325
(Release ID: 1925893)
Visitor Counter : 120