ریلوے کی وزارت

مسافرین کے لیے آسان اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی ریلوے گرمی کے اس موسم میں 6369 خصوصی سفر کا انتظام کر رہی ہے


مجموعی طور پر 380 خصوصی ریل گاڑیاں 80 ہزار سے زائد ڈبوں کے ساتھ 6369 چکر لگائیں گی

بھارتی ریل گذشتہ برس موسم گرما (348 گاڑیوں کے 4599 چکر) کے مقابلے میں اس سال 1770 زائد چکر لگائے گی

Posted On: 19 MAY 2023 5:14PM by PIB Delhi

گرمیوں کے اس موسم میں ریل گاڑی کا سفر کرنے والوں کی سہولت اور مسافرین کی اضافی بھیڑ کو ان کے مقام تک پہنچانے کے لیے بھارتی ریل اس سال 380 خصوصی ریل گاڑیوں کے 6369 چکر لگائے گی۔ بھارتی ریل 2022 میں چلائی گئی گرمیوں کی مجموعی خصوصی ریل گاڑیوں (348 ریل گاڑیوں کے 4599 چکروں) کے مقابلے میں اس سال 1770 چکر زائد لگائے گی۔ گذشتہ برس گرمیوں میں جہاں فی خصوصی ریل گاڑی اوسطاً 13.2 چکر لگائے گئے، وہیں اس سال فی خصوصی ریل گاڑی 16.8 چکر لگائے جائیں گے۔ یہ خصوصی ریل گاڑیاں پٹنہ-سکندرآباد، پٹنہ- یشونت پور، برونی-مظفرپور، دہلی-پٹنہ، نئی دہلی-کٹرا، چنڈی گڑھ- گورکھپور، آنند وہار-پٹنہ، وشاکھاپتنم-پوری- ہاوڑہ، ممبئی-پٹنہ، ممبئی-گورکھپور  جیسے اہم مقامات کے درمیان چلائی جائیں گی۔

کل ملا کر، جو 380 خصوصی ریل گاڑیاں 6369 چکر لگائیں گی ان میں 25794 جنرل ڈبے اور 55243 سلیپر ڈبے ہوں گے۔ عام زمرے کے ڈبوں میں جہاں 100 مسافرین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی وہیں سلیپر ڈبوں میں آئی سی ایف میں 72 مسافر اور ایل ایچ بی میں 78 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔

گرمیوں میں مسافرین کی افزوں تعداد کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے ملک بھر میں پھیلے زونل ریلوے نے خصوصی گاڑیاں چلانے کی تیاری کی ہے۔ ان خصوصی ریل گاڑیوں کے ذریعہ مختلف ریاستوں جیسے کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹر، اُڈیشا، مغربی بنگال، بہار، اترپردیش، دہلی کے ساتھ کنکٹیویٹی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ خصوصاً کرناٹک خطے میں سہولت فراہم کار جنوب مغربی ریلوےگذشتہ برس 779 چکروں کے مقابلے میں اس مرتبہ موسم گرما میں زائد از 1790 چکر لگائے گی، وہیں خصوصی طور پر ریاست گجرات میں خدمات فراہم کار مغربی ریلوے گذشتہ برس موسم گرما کے 438 چکروں کے مقابلے میں اس سال 1470 چکر لگانے کی تیاری میں ہے۔ یہ کہنا بھی اہم ہوگا کہ اس سال جنوبی وسطی ریلوے 784 چکر لگا رہی ہے جو کہ گذشتہ برس کے مقابلے میں 80 چکر زائد ہیں۔ ملک کے شمالی حصے میں مسافرین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے شمال مغربی ریلوے خصوصی ریل گاڑیوں کے 400 چکر لگائے گی، وہیں مشرقی وسطی ریلوے 380 چکر لگائے گی۔ شمالی ریلوے کا بھی اس سال 324 چکر لگانے کا منصوبہ ہے۔

حالانکہ، پورے موسم کے دوران ان خصوصی ریل گاڑیوں کے تحت نہ تو ریل گاڑیوں کی تعداد اور نہ ہی ان کے ذریعہ لگائے جانے والے چکروں کی تعداد مستقل رہے گی۔ خصوصی ریل گاڑیوں کا منصوبہ اور انہیں چلانا ایک مسلسل عمل ہے جس کے لیے میڈیا رپورٹوں، سوشل میڈیا پلیٹ فارموں، ریلوے کے مربوط ہیلپ لائن نمبر 139 جیسے تمام مواصلاتی ذرائع  سے چوبیسوں گھنٹے ساتوں دن معلومات حاصل کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ایک خصوصی راستے پر ریل گاڑیوں کے مطالبے کا جائزہ لینے کے لیے پی آر ایس نظام میں ویٹ لسٹ مسافرین کی تفصیلات سے بھی معلومات حاصل کی جاتی ہے۔ اس ضرورت کی بنیاد پر، ریل گاڑیوں کی تعداد اور چکروں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

کسی بھی طرح کی بدعملی، جیسے – سیٹوں پر قبضہ کرنا، زیادہ کرایہ لینا اور دلالی جیسی سرگرمیوں پر تجارتی اور آر پی ایف اسٹاف کے ذریعہ نظر رکھی جا رہی ہے۔

**********

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:5307



(Release ID: 1925637) Visitor Counter : 151


Read this release in: English , Hindi , Tamil