وزارات ثقافت
جی 20 ثقافتی گروپ (سی ڈبلیو جی) کا دوسرا اجلاس کل اڈیشہ کے بھونیشور میں شروع ہوگا
جناب جی کشن ریڈی اور جناب نوین پٹنائک 15 مئی کو ’سسٹین: دی کرافٹ آئیڈیم‘ کے عنوان سے نمائش کا افتتاح کریں گے
دوسری سی ڈبلیو جی میٹنگ مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں منعقدہ پہلی کلچر ورکنگ گروپ میٹنگ سے حاصل ہونے والی رفتار پر استوار ہوگی
Posted On:
13 MAY 2023 5:20PM by PIB Delhi
دوسری کلچر ورکنگ گروپ میٹنگ کا انعقاد اڈیشہ کے بھونیشور میں 14 سے 17 مئی تک کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں جی 20 ممبران، مہمان ممالک اور کئی بین الاقوامی تنظیموں کے مندوبین شرکت کریں گے۔ یہ میٹنگ ثقافتی شعبے کو درپیش اہم مسائل پر بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے تاکہ ٹھوس، عمل پر مبنی سفارشات کے لیے مزید گہرائی سے کام کیا جا سکے۔
سی ڈبلیو جی کی دوسری میٹنگ مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں منعقدہ پہلی ثقافتی ورکنگ گروپ کی میٹنگ سے حاصل ہونے والی رفتار پر استوار کرے گی، جس کے بعد گزشتہ دو مہینوں کے دوران گہرائی سے ماہرین پر مبنی گلوبل تھیمیٹک ویبینار منعقد ہوئے۔
کلچر ورکنگ گروپ کی میٹنگیں 4 اہم ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتی ہیں، جو کلچر ٹریک آف انڈیا کے جی 20 صدارت کے تحت بیان کیے گئے ہیں۔ یہ چار ترجیحی شعبے ہیں: ثقافتی املاک کا تحفظ اور بحالی؛ پائیدار مستقبل کے لیے زندہ جاوید ورثے کا استعمال؛ ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں اور تخلیقی معیشت کا فروغ؛ اور ثقافت کے تحفظ اور فروغ کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا فائدہ اٹھانا۔
14 مئی کو، پدم شری ایوارڈ یافتہ، سدرسن پٹنائک کی طرف سے اڈیشہ کے پوری بیچ پر ایک شاندار سینڈ آرٹ کی نمائش بنائی جا رہی ہے۔ نمائش کا تھیم ’کلچر یونائٹس آل‘ یعنی ’ثقافت سب کو متحد کرتا ہے‘ ہے، جس کا افتتاح وزیر ثقافت، سیاحت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر جناب جی کشن ریڈی اور ثقافت و پارلیمانی امور کے وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال کریں گے۔ ہندوستان کے جی 20 کلچر ورکنگ گروپ کا ’کلچر یونائٹس آل‘ متنوع ثقافتوں اور برادریوں کے درمیان پرامن بقائے باہم پر مبنی کثیرالجہتی پر ہندوستان کے اٹل یقین کو اجاگر کرنے کی ایک مہم ہے۔ ’ثقافت سب کو متحد کرتی ہے‘ کا تھیم اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ ثقافتی تبادلے اور افہام و تفہیم کو اپنا کر، ہم سرحدوں کو عبور کر سکتے ہیں، روابط کو فروغ دے سکتے ہیں، اور افراد، برادریوں اور قوموں کے درمیان بامعنی مکالمے کی حوصلہ افزائی کر سکتے ہیں۔
ان کے دورے کے دوران مندوبین کے لیے ثقافتی تجربات کا ایک مجموعہ تیار کیا گیا ہے۔ ان میں یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی جگہ کونارک سن ٹیمپل، اور ادے گیری غاروں جیسے ورثے کے مقامات کا دورہ شامل ہے۔ مندوبین ریاست اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے خصوصی رقص جیسے کہ قبائلی (سنگاری)، سمبل پوری، اوڈیسی اور گوٹی پوا رقص کا بھی تجربہ کریں گے۔
جی 20 کلچر ورکنگ گروپ کی دوسری میٹنگ کے ایک حصے کے طور پر، ’سسٹین: دی کرافٹ آئیڈیم‘کے عنوان سے ایک نمائش کا انعقاد اڈیشہ کے بھونیشور میں واقع کلا بھومی - اوڈیشہ کرافٹس میوزیم میں کیا جائے گا۔ نمائش کا تھیم کلچر ورکنگ گروپ کی طرف سے بیان کردہ دوسری ترجیح پر توجہ مرکوز کرتا ہے جس کا عنوان ہے – ’ پائیدار مستقبل کے لیے زندہ جاوید ورثے کو استعمال کرنا‘۔
نمائش کا افتتاح 15 مئی کو اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک، ثقافت، سیاحت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر جناب جی کشن ریڈی؛ ثقافت اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال اور امور داخلہ کے وزیر مملکت جناب نتیا نند رائے کے ذریعہ کیا جائے گا۔ یہ نمائش 16 مئی سے 22 مئی 2023 تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔
کلچر ورکنگ گروپ جی 20 ممبران، مہمان ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے مندوبین کے ساتھ گہرائی سے بات چیت کے ایک جامع عمل کے توسط سے کام کر رہا ہے۔ اس غور و خوض کا مقصد باہمی تعاون کے لیے اہم شعبوں کی نشان دہی کرنا، پائیدار ترقی کے لیے ٹھوس سفارشات اور بہترین طریقوں کو مزید فروغ دینا ہے۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 5093
(Release ID: 1923925)
Visitor Counter : 118