ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت

پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلہ 8 مئی 2023 کو 200سے زائد اضلاع میں منعقد کیا جائے گا

Posted On: 05 MAY 2023 6:57PM by PIB Delhi

اسکل انڈیا مشن کے تحت ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے کیریئر کے مواقع کو فروغ دینے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کے ایک حصے کے طور پر، ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت(ایم ایس ڈی ای) 8 مئی 2023 کو ملک بھر کے200 سے زائد  اضلاع  میں پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلہ (پی ایم این اے ایم) کا اہتمام کر رہی ہے۔

کئی مقامی کاروباری اداروں اور تنظیموں  کے ذریعہ مقامی نوجوانوں کو متعلقہ اپرنٹس شپ ٹریننگ کے مواقع فراہم  کرنتے کے لیے اس اپرنٹس شپ میلے کا حصہ بننے کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔ اس  میلے میں مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والی متعدد کمپنیاں شرکت کریں گی ۔شرکت کرنے والی تنظیمیں ایک  ہی پلیٹ فارم پر ممکنہ اپرنٹسز سےرابطہ قائم کر سکتی ہیں اور موقع پر ہی ان کی اہلیت کا انتخاب کر سکتی ہیں  نیز ان کے ذریعہ معاش کے مواقع کو مستحکم کر سکتی ہیں۔

لوگ میلے کے لیے https://www.apprenticeshipindia.gov.in/  پر جا کر رجسٹر کر سکتے ہیں اور میلے کا قریب ترین مقام تلاش کر سکتے ہیں۔ پانچویں کلاس سے بارہویں کلاس تک پاس کرنے والے ایسے امیدوار جو  ہنر مندی  کی تربیت کے سرٹیفکیٹ  رکھتے ہوں یا  آئی ٹی آئی  ڈپلومہ یافتہ ہیں یا گریجویٹ  ہیں، وہ اس اپرنٹس شپ میلے میں درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدوار  اپنے بایو ڈاٹا کی تین کاپیاں، تمام مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ کی تین کاپیاں، فوٹو آئی ڈی (آدھار کارڈ/ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ) اور پاسپورٹ سائز کے تین فوٹو گراف  متعلقہ مقامات پر ضرور  لے  کر جائیں۔ مقامات کی تفصیلات  اپرنٹس شپ میلہ پورٹل (http://dgt.gov.in/appmela2022/ )پر بھی دستیاب ہیں۔ جو لوگ پہلے ہی اندراج کروا چکے ہیں ان سے تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ میلے کے مقام پہنچنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس میلے کے ذریعے امیدوار نیشنل کونسل فار ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (این سی وی ای ٹی)سے تسلیم شدہ سرٹیفیکیشن بھی حاصل کریں گے، جس سے تربیتی سیشن کے بعد ان کی ملازمت حاصل کرنے کی صلاحیت  کی شرح میں بہتری آئے گی۔

پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کے سکریٹری جناب اتل کمار تیواری نے کہا کہ ملک کی ترقی اور نمو کو آگے بڑھانے کے لیے، اپرنٹس شپ ٹریننگ کو ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ کام پر مبنی لرننگ اور ایکسپوزر کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے اور جب وہ  ماڈل سیکھ رہے ہوں تو  اس کے تحت  انہیں وظیفہ بھی دیا جائے ۔ یہ اپرنٹس صنعت کے لیے ایک موقع کے طور پر کام کریں گے ، جہاں وہ صنعت پر مبنی تربیت کے ساتھ عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلہ ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے صنعت سے جڑنے اور متعلقہ اپرنٹس شپ تربیت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا ایک سنہری موقع ہے۔ مزید برآں، اس میلے  کو ان لوگوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو ہنر/اپ سکل کے خواہاں ہیں اور اپنے کیریئر میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ہر مہینے کے دوسرے پیر کو ملک بھر میں اپرنٹس شپ میلے منعقد ہوتے ہیں۔ ان میلوں میں منتخب افراد کو اپرنٹس شپ کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں جس کے دوران انہیں نئی مہارتیں حاصل کرنے کے لیے حکومتی معیار کے مطابق ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے۔ اپرنٹس شپ کو ہنر مندی  کے فروغ کا سب سے پائیدار ماڈل سمجھا جاتا ہے، اور اس کوا سکل انڈیا مشن کے تحت  زبردست فروغ مل رہا ہے۔

حکومت اپرنٹس شپ ٹریننگ کے ذریعہ سالانہ 15 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے کوشاں ہے اور اس مشن کو پورا کرنے کے لیے پی ایم این اے ایم ایک ایسا قدم ہے جس سے اداروں اور نوجوانوں کی شرکت میں اضافہ ہوگا۔ یہ نوجوانوں کو شرکت کرنے والی کمپنیوں میں موجود مختلف مواقع کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کر رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

4854

 



(Release ID: 1922195) Visitor Counter : 119